منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ہم نے تعلیم کو ڈگری بنا دیا ہے،تحریر: ارم نواز

نقطہ نظر

ہمارے معاشرے میں "تعلیم" کا بنیادی مقصد اور مفہوم یکسر بدل کر رکھ دیا گیا ہے۔ کبھی علم انسان کو شعور بخشتا تھا اور اسے ایک مکمل انسان بناتا تھا، مگر آج تعلیم کا واحد مقصد صرف ایک نوکری حاصل کرنا یا ڈگری کا ٹکڑا تھامنا رہ گیا ہے۔ کل تک جہاں بچہ کائنات اور زندگی کے بارے میں نئے سوالات پوچھتا تھا، آج وہ کلاس روم میں قدم رکھتے ہی صرف یہ پوچھتا ہے کہ: "سر! اس میں سے کتنے نمبر کا پیپر آئے گا؟" کبھی استاد کی شخصیت اور اس کے علم کا احترام ہوا کرتا تھا، مگر آج ہر طرف صرف نمبروں کا خوف اور طوائف الملوکی ہے۔ ہم نے علم کی اس لازوال روشنی کو اٹھا کر کاغذ کے چند بے جان ٹکڑوں تک محدود کر دیا ہے، اور یہی فکری بحران ہماری سب سے بڑی تباہی کا نقطہ ہے۔

آج گھروں کا ماحول اٹھا کر دیکھ لیجیے۔ بچے سے اسکول سے واپسی پر یہ نہیں پوچھا جاتا کہ آج اس نے کیا نیا سیکھا یا کیا سمجھا، بلکہ پہلا سوال یہ ہوتا ہے کہ: "آج ٹیسٹ میں کتنے نمبر آئے؟ پوزیشن کون سی رہی؟" ماں باپ کی پوری کائنات اسی ایک ہدف کے گرد گھومتی ہے کہ بچہ کلاس میں اول آئے، بورڈ میں ٹاپ کرے، اور بڑی ہو کر لازمی طور پر ڈاکٹر یا انجینئر بن جائے۔ اس دوڑ میں معصوم بچے کی ذاتی پسند، اس کا فطری رجحان، اور اس کے اپنے خواب کہیں روند دیے جاتے ہیں۔ سب کو ایک ہی روایتی چکی میں پیس دیا جاتا ہے، اور جو بدقسمت بچہ اس اندھی دوڑ میں پیچھے رہ جائے، اسے معاشرے کی نظر میں "ناکام" قرار دے دیا جاتا ہے۔ حالانکہ سچ تو یہ ہے کہ وہ ناکام نہیں ہوتا، بلکہ وہ اس مصنوعی دوڑ کے لیے بنا ہی نہیں تھا!

پھر یہی بچے رٹے رٹائے طوطوں کی طرح بڑی بڑی ڈگریاں ہاتھ میں لیے عملی میدان میں اترتے ہیں تو انہیں دنیا کا کوئی شعور نہیں ہوتا۔ کاغذ پر تو کتابی رٹا موجود ہوتا ہے، مگر زندگی کا عملی علم صفر ہوتا ہے۔ انہیں یہ تک معلوم نہیں ہوتا کہ بزرگوں سے بات کیسے کی جاتی ہے، کسی دکھی اور حاجت مند پڑوسی کا ہاتھ کیسے تھاما جاتا ہے، یا کسی غریب کا دکھ دیکھ کر دل میں کسک کیوں پیدا ہوتی ہے۔ وہ فر فر انگریزی میں تقریریں تو جھاڑ لیتے ہیں، مگر اپنی مادری زبان اردو میں کسی عام انسان کو اپنا مدعا نہیں سمجھا پاتے۔ وہ پل بھر میں کمپیوٹر کی سکرین پر انگلیاں دوڑا لیتے ہیں، مگر انسانیت اور دلوں کو جوڑنا نہیں جانتے۔ ہم نے اپنے بچوں کو چلتی پھرتی مشینیں تو بنا دیا ہے، مگر ان کے اندر موجود انسان کو مار ڈالا ہے۔

ہمارے اسکولوں اور کالجوں کا حال بھی اس سے مختلف نہیں۔ استاد اب پڑھاتا نہیں ہے، بلکہ بچوں کے ذہنوں میں معلومات ٹھونستا ہے۔ طالب علم سمجھنے کی زحمت نہیں کرتا، بس رٹا لگاتا ہے، امتحان کے پیپر میں الٹی کرتا ہے، اور نتیجہ آنے کے دوسرے دن سب کچھ بھول بھال کر فارغ ہو جاتا ہے۔ ہم نے تعلیم کو ایک خوفناک امتحان بنا ڈالا ہے، علم کو صرف نمبروں کی کھیتی کر دیا ہے، اور بچوں کی تربیت کو سرے سے بھلا دیا ہے۔ نتیجہ ہمارے سامنے ہے؛ آج ہمارے معاشرے میں ڈگری ہولڈروں کی تو کوئی کمی نہیں، مگر "کردار ہولڈر" ناپید ہو چکے ہیں۔ ہمارے پاس پڑھے لکھے جاہلوں کا ایک انبار تو ہے، مگر ایک سوجھ بوجھ والا، درد مند انسان ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتا۔

اس نظام کا سب سے بھیانک اور ظلم والا پہلو یہ ہے کہ ہم نے غریب کے بچے کو تعلیم کے زیور سے محروم کر دیا ہے۔ آج تعلیم کوئی بنیادی انسانی حق نہیں رہی، بلکہ ایک پرتعیش تجارت بن چکی ہے۔ جس کے پاس دولت کے انبار ہیں، وہ مہنگے ترین اسکولوں کی فیسیں بھرتا ہے، پرائیویٹ کوچنگ سنٹروں کی خاک چھانتا ہے اور ٹاپ کر جاتا ہے۔ مگر وہ غریب بچہ، جس کے باپ کے پاس دو وقت کی روٹی کے پیسے نہیں، وہ سرکاری اسکول کی ٹوٹی ہوئی کرسی پر بیٹھنے پر مجبور ہے جہاں نہ کتابیں پوری ہیں اور نہ استاد موجود ہے۔ وہیں وہ گھٹ گھٹ کر ہار مان لیتا ہے اور سسٹم اسے کچل دیتا ہے۔ جس معاشرے میں تعلیم خرید و فروخت کی منڈی بن جائے، وہاں انسانیت زیادہ دن زندہ نہیں رہ سکتی۔

اب بھی وقت ہے کہ ہم ہوش کے ناخن لیں۔ تعلیم کو کاغذ کی اس ڈگری سے نکال کر دوبارہ اصل "علم" کی سطح پر لائیں۔ ہمارے بچوں کو نمبروں کے اس وحشیانہ طوفان سے نکال کر سوچنے اور جینے کی آزادی دیجیے۔ انہیں صرف کتابی کیڑا نہ بنائیے، بلکہ زندگی کے آداب بھی پڑھائیے۔ انہیں بتائیے کہ ڈاکٹر بننا بہت اچھی بات ہے، مگر اس سے بھی ہزار درجہ بہتر یہ ہے کہ ایک اچھا اور درد مند انسان بنا جائے۔ انجینئر بننا شاندار ہے، مگر کسی غریب کے ٹوٹے ہوئے دل کو جوڑنا اس سے بھی بڑا کمال ہے۔ بچوں کو استاد کا احترام، والدین کی خدمت، اور انسانیت سے محبت کا درس دیجیے۔

یاد رکھیے! ڈگری صرف ایک نوکری کا پروانہ دے سکتی ہے، مگر "علم" ہی اصل میں زندگی جینے کا سلیقہ سکھاتا ہے۔ جس قوم کے پاس ڈگریوں کے انبار تو ہوں مگر سینے میں علم کا نور نہ ہو، وہ کبھی حقیقی ترقی نہیں کر سکتی۔ وہ صرف بے حس ملازم تو پیدا کر سکتی ہے، مگر ایک باشعور، زندہ انسان کبھی پیدا نہیں کر سکتی