آدھی رات، چائے کا کپ اور کھلی کتاب، تحریر: سمیرا اکرام
نقطہ نظرآدھی رات ہے، مگر یہ رات سوئی ہوئی نہیں، جاگ رہی ہے۔ وہ دیواروں سے کان لگا کر سن رہی ہے کہ اس کمرے میں کون جاگ رہا ہے۔ گھڑی کی ٹک ٹک بھی اب آواز نہیں لگتی، لگتا ہے جیسے وقت نے بھی اپنی چپل اتار دی ہو تاکہ اس لمحے کو جگا نہ دے۔ وقت آج جلدی میں نہیں، وہ بھی میز کے کنارے بیٹھ کر اس خاموشی کو دیکھ رہا ہے۔
کمرہ آدھا اندھیرے میں ہے اور آدھا روشنی میں۔ اندھیرا کونوں میں سمٹ کر بیٹھا ہے، جیسے وہ بھی اس لمحے کو چھیڑنا نہیں چاہتا۔ روشنی صرف میز کے گرد ہے، جیسے اس نے ایک چھوٹا سا جزیرہ بنا لیا ہو۔ اس جزیرے پر ایک کتاب ہے، ایک چائے کا کپ ہے، اور ایک جاگتی ہوئی خاموشی ہے۔ میز پر کتاب کھلی ہے، مگر آج اسے کوئی پڑھ نہیں رہا۔ آج کتاب خود پڑھ رہی ہے۔ وہ ان انگلیوں کو پڑھ رہی ہے جو اس کے صفحوں پر ٹھہری ہوئی ہیں، ان آنکھوں کو پڑھ رہی ہے جو نیند سے بھاری ہیں مگر پھر بھی جاگنے کی ضد کر رہی ہیں۔ کتاب کے صفحے ہوا سے ہلکے سے کانپ رہے ہیں، جیسے وہ سانس لے رہے ہوں۔ صفحوں پر سیاہ حروف قطار میں بیٹھے ہیں، مگر آج وہ بھی خاموش ہیں۔ کتاب کی جلد پرانی ہے، اس کے کناروں پر وقت کی ہلکی سی تھکن ہے۔ اس کے اوراق سے ایک مخصوص خوشبو آ رہی ہے، کاغذ کی، روشنائی کی، اور ان راتوں کی جو اس کے ساتھ گزری ہیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے کتاب نے اپنے اندر کئی راتیں سنبھال رکھی ہوں، اور آج کی رات بھی اس میں شامل ہو رہی ہو۔
ساتھ میں چائے کا کپ رکھا ہے، مگر چائے اب چائے نہیں رہی۔ وہ ایک چھوٹا سا سمندر بن گئی ہے، جس میں بھاپ کی کشتیاں تیر رہی ہیں۔ کپ کی بھاپ اوپر اٹھ کر ہوا میں ایک ایسا جملہ لکھ رہی ہے جسے نہ کتاب پڑھ سکتی ہے، نہ رات سمجھ سکتی ہے۔ بھاپ کبھی سیدھی اوپر جاتی ہے، کبھی ہوا کے ہلکے سے جھونکے سے مڑ جاتی ہے، جیسے وہ راستہ بھول گئی ہو۔ پھر وہ دھیرے دھیرے غائب ہو جاتی ہے، جیسے کوئی خواب آنکھ کھلنے سے پہلے بکھر جائے۔ چائے ٹھنڈی ہو رہی ہے، مگر اسے دکھ نہیں، کیونکہ اس کی گرمی کسی کی ہتھیلی میں چھپ گئی ہے۔ کپ کی دیوار پر ہلکی سی نمی ہے، جیسے اس نے بھی اس ٹھنڈی رات میں پسینہ نکال لیا ہو۔ چائے کا رنگ گہرا ہے، اتنا گہرا کہ اس میں لیمپ کا عکس بھی ڈوب سا گیا ہے۔
لیمپ کی روشنی بھی تھک گئی ہے۔ وہ ساری رات جاگ کر اب ذرا سی جھک گئی ہے، جیسے وہ بھی سر رکھ کر سونا چاہتی ہو۔ اس کی روشنی کتاب کے صفحوں پر گری ہے، جیسے ماں بچے پر چادر ڈال دیتی ہے۔ روشنی کا دائرہ چھوٹا ہے، مگر اسی دائرے میں ساری دنیا سمائی ہوئی لگتی ہے۔ کھڑکی کا ایک پٹ کھلا ہے۔ باہر کی ٹھنڈی ہوا آہستہ آہستہ اندر آ رہی ہے، اور پردے کو ہلکے سے چھو کر گزر جاتی ہے۔ پردہ کبھی پھولتا ہے، کبھی سکڑ جاتا ہے، جیسے وہ بھی سانس لے رہا ہو۔ کھڑکی کے باہر چاند آدھا ہے، مگر وہ پورا لگ رہا ہے، کیونکہ آدھا چاند کھڑکی میں ہے اور آدھا چائے کے کپ میں جھلک رہا ہے۔ چاند کی روشنی فرش پر بکھری ہوئی ہے، جیسے کسی نے چاندنی کا تھال الٹ دیا ہو۔
باہر گلی سنسان ہے۔ کبھی کبھار کوئی پتہ گرنے کی آواز آتی ہے، اور پھر سب کچھ ویسا ہی خاموش ہو جاتا ہے۔ یہ خاموشی ڈراونی نہیں، یہ خاموشی نرم ہے، جیسے کوئی ماں بچے کو لوری دے رہی ہو۔ یہ لمحہ کسی کہانی کا حصہ نہیں۔ یہ وہ لمحہ ہے جب چائے، کتاب اور رات تینوں خاموش بیٹھے ہیں، جیسے تین پرانے دوست، جنہیں بولنے کی ضرورت ہی نہیں رہی۔ تینوں ایک دوسرے کو جانتے ہیں، ایک دوسرے کی تھکن کو سمجھتے ہیں۔
اس لمحے میں کوئی جلدی نہیں، کوئی شور نہیں، کوئی سوال نہیں۔ بس ایک چائے کا کپ ہے جو آہستہ آہستہ ٹھنڈا ہو رہا ہے، ایک کتاب ہے جو آہستہ آہستہ سانس لے رہی ہے، اور ایک رات ہے جو آہستہ آہستہ اپنے دامن میں سکون سمیٹ رہی ہے۔
مزید پڑھیں




