ایک روح پرور سفر،تحریر: ماہ جبین اظہر
نقطہ نظر
کچھ سفر انسان کی زندگی میں محض فاصلے طے کرنے کے لیے نہیں ہوتے، بلکہ یہ سفر انسان کے اندر کی دنیا بدل دیتے ہیں۔ کچھ راستے ایسے ہوتے ہیں جن پر قدم رکھتے ہی انسان اپنی ذات سے نکل کر ایک نئی کیفیت میں داخل ہو جاتا ہے۔ اللہ کے گھر کی حاضری بھی ایسا ہی ایک سفر ہے، جس کی خواہش ہر مسلمان اپنے دل میں لیے پھرتا ہے۔ کہتے ہیں کہ جب اللہ کے گھر سے بلاوا آتا ہے تو انسان کے لیے اسباب خود بخود پیدا ہونے لگتے ہیں۔ پھر نہ فاصلے رکاوٹ بنتے ہیں، نہ حالات اور نہ ہی وسائل کی کمی۔ بس ایک طلب ہوتی ہے جو انسان کو اپنے رب کے گھر تک کھینچ لے جاتی ہے۔
آج میں آپ کو بھی اپنے اسی سفر کی داستان سنانے جا رہی ہوں، جس نے مجھے صرف مقدس مقامات کی زیارت ہی نہیں کروائی بلکہ میرے اندر ایک نئی روحانی کیفیت، تزکیۂ نفس اور ایمان کی ایک نئی دولت بھی پیدا کی۔
سال 2024 میری زندگی کا ایک ایسا سال تھا جسے میں ملی جلی کیفیات کا سال کہتی ہوں۔ اسی سال میرے بابا جان اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ ان کی جدائی نے میرے اندر ایک ایسا خلا پیدا کر دیا تھا جسے لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ دل ہر وقت بے قراری کی کیفیت میں رہتا۔ ان کی یاد، ان کی باتیں اور ان کے ساتھ گزرے ہوئے لمحے اکثر آنکھوں کو نم کر دیتے۔
انہی دنوں ایک روز سوشل میڈیا پر ایک نعت سننے کو ملی جس کے بول تھے: ’’مدینے سے بلاوا آ رہا ہے۔‘‘ یہ نعت میرے دل کو کچھ اس طرح چھو گئی کہ میں جب بھی گھر کے کاموں سے فارغ ہوتی، درود شریف پڑھنے کے ساتھ اسے سننے لگ جاتی۔ آہستہ آہستہ یہ نعت میری روزمرہ زندگی کا حصہ بن گئی۔ شاید دل کی گہرائیوں میں کہیں ایک خواہش جنم لے چکی تھی کہ مجھے بھی مدینے کی گلیوں میں حاضری نصیب ہو۔
ایک دن اچانک بیٹھے بیٹھے میں نے اپنے بھائی سے کہا کہ عمرے کے ٹکٹ کا معلوم کرو، کتنے کا ملتا ہے؟ بھائی نے معلومات حاصل کرکے بتایا تو میں نے اسی وقت ان کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کر دی اور کہا کہ میری ٹکٹ کروا دو۔
یوں آٹھ نومبر کی ٹکٹ کنفرم ہو گئی۔
اس کے بعد ایک ایک دن گن کر گزرنے لگا۔ ایک مہینہ ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ ہر گزرتا منٹ ایک گھنٹے کے برابر لگتا۔ دل میں ایک ہی خیال گردش کرتا کہ کب وہ وقت آئے گا جب میں اپنے رب کے گھر کے سامنے کھڑی ہوں گی اور مدینے کے آقا ﷺ کے شہر میں حاضری دوں گی۔
سات نومبر کی پوری رات اسی خوشی اور بے قراری میں گزری۔ صبح جلدی اٹھ کر نمازیں ادا کیں اور سفر کی تیاری شروع کر دی۔ ہماری شام چار بجے کی فلائٹ تھی، اس لیے مقررہ وقت سے تین گھنٹے پہلے فیصل آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے۔
یہ فیصل آباد سے براستہ دبئی مدینہ جانے والی پرواز تھی۔ میں کسی گروپ کے ساتھ نہیں جا رہی تھی، بلکہ مدینہ منورہ میں میری پھو پھو رہائش پذیر تھیں، اس لیے میرا قیام ان کے گھر طے تھا۔
ایئرپورٹ پہنچ کر معلوم ہوا کہ موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔ انتظار شروع ہوا تو یوں محسوس ہوتا تھا جیسے وقت رک گیا ہو۔ میں نے زندگی میں بہت سے انتظار کیے تھے، مگر یہ انتظار سب سے مختلف تھا۔ ہر پانچ منٹ بعد فلائٹ کا شیڈول دیکھتی کہ شاید اب روانگی کا اعلان ہو جائے۔
بالآخر رات آٹھ بجے بورڈنگ کا اعلان ہوا۔ تقریباً تین گھنٹے کی پرواز کے بعد دبئی پہنچے اور وہاں سے مدینہ منورہ کی پرواز لی۔ رات تقریباً بارہ بجے سعودی وقت کے مطابق ہم سرزمینِ مدینہ پر پہنچ چکے تھے۔
لیکن ابھی ایک آزمائش باقی تھی۔
جب سامان لینے کے لیے بیلٹ کے پاس پہنچے تو میرا ایک بیگ نہیں آیا۔ کافی دیر انتظار کیا۔ مسافر اپنا سامان لے کر جا چکے تھے، اگلی پروازوں کے اعلانات بھی ہونے لگے، مگر میرا بیگ کہیں دکھائی نہ دیا۔ آخرکار ایئرپورٹ پر صرف وہی مسافر رہ گئے جن کا سامان نہیں پہنچا تھا۔
ہم نے انفارمیشن اینڈ کمپلین آفس میں شکایت درج کروائی اور ایک بیگ کے ساتھ ایئرپورٹ سے باہر آ گئے۔ میرے شوہر اور کزن استقبال کے لیے موجود تھے۔ انہیں سامان نہ ملنے کی پریشانی بتائی۔ چونکہ میرے کزن سعودی عرب میں مقیم تھے اور وہیں پیدا ہوئے تھے، اس لیے انہوں نے فوراً متعلقہ ایئرلائن کے دفتر سے رابطہ کیا اور شکایت درج کروائی۔ میرے لیے یہ پریشانی اس وجہ سے بھی زیادہ تھی کہ عمرے سے متعلق میرا تقریباً سارا ضروری سامان اسی بیگ میں تھا، حتیٰ کہ حرم میں پہننے کے لیے لائے گئے قیمتی کپڑے بھی اسی میں تھے۔
خیر، پریشان حال گھر پہنچے، کھانا کھایا اور آرام کرنے کے لیے لیٹ گئے۔
صبح نمازِ فجر کے لیے ہم پیدل مسجدِ قبا کی طرف روانہ ہوئے۔ مدینے کی گلیوں میں پیدل چلنا اور اس پاک سرزمین کی فضا میں سانس لینا میرے لیے ایک ناقابلِ بیان تجربہ تھا۔ دل بار بار یہی سوچتا تھا کہ یہ وہی شہر ہے جہاں ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے ہجرت کے بعد اپنی زندگی کے مبارک ایام گزارے۔
مسجدِ قبا اسلام کی پہلی مسجد ہے، جس کی بنیاد رسول اللہ ﷺ نے ہجرتِ مدینہ کے بعد رکھی۔ حدیثِ مبارکہ کے مطابق جو شخص اپنے گھر سے وضو کرکے مسجدِ قبا آئے اور وہاں دو رکعت نماز ادا کرے، اسے ایک عمرے کے برابر ثواب ملتا ہے۔
ہم نے بھی اس سعادت کو حاصل کیا۔ وہاں اپنے تمام عزیزوں کے نام سے نوافل ادا کیے، اللہ تعالیٰ کے حضور اپنی گزارشات پیش کیں اور دل کی بہت سی باتیں خاموشی سے اپنے رب کے سامنے رکھ دیں۔
مسجدِ قبا سے ہم پیدل ہی مسجدِ نبوی ﷺ کی طرف روانہ ہو گئے۔
وہ لمحہ میری زندگی کے یادگار ترین لمحوں میں سے ایک تھا جب ہم مسجدِ نبوی ﷺ کے گیٹ نمبر 364 اور 365 کے قریب پہنچے۔ دل کی کیفیت عجیب تھی۔ نظریں عقیدت اور حیا کے احساس سے جھکی جا رہی تھیں۔ دل میں بار بار یہی خیال آتا کہ کہاں ہماری اوقات اور کہاں روضۂ رسول ﷺ کی یہ عظیم حاضری!
جب روضۂ رسول ﷺ کے سامنے پہنچے تو دل کی دھڑکن جیسے تیز ہو گئی۔ سامنے رحمتِ عالم ﷺ کا روضۂ مبارک تھا۔ وہ ہستی جن کی محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، جن کے ذکر سے دلوں کو سکون ملتا ہے اور جن کی نسبت سے مدینہ منورہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے محبت اور عقیدت کا مرکز ہے۔
میں اس لمحے اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر تھی۔ بس نظریں جھکی ہوئی تھیں، دل میں درود و سلام جاری تھا اور آنکھوں میں عقیدت کے آنسو تھے۔
ہم نے نوافل ادا کیے اور پھر جنت البقیع کی زیارت کے لیے گئے۔ وہاں اپنے پیاروں کے لیے دعائیں کیں۔ مدینہ منورہ میں نمازوں کی ادائیگی، مسجدِ نبوی ﷺ کی حاضری اور اس شہر کی گلیوں میں گھومنا میرے دل کو ایک عجیب سکون عطا کر رہا تھا۔
ہر گلی، ہر راستہ دیکھ کر یہی خیال آتا کہ کبھی ان راستوں پر ہمارے نبی کریم ﷺ کے مبارک قدم پڑے ہوں گے۔ اس شہر کی مٹی تک سے ایک نسبت محسوس ہوتی تھی۔ یوں لگتا تھا جیسے انسان کا دل اپنی تمام پریشانیوں سے آزاد ہو کر کسی اور ہی دنیا میں پہنچ گیا ہو۔
مدینہ منورہ میں تین چار دن گزر گئے، مگر میرے سامان کا کوئی سراغ نہ ملا۔ بار بار رابطے کیے، کوششیں کیں، سفارشیں بھی کروائیں، لیکن ہر بار مایوسی ہی ہاتھ آئی۔
آخر ایک دن میں نے اپنے شوہر سے کہا کہ شاید اللہ تعالیٰ کی یہی رضا ہے۔ شاید وہ چاہتے ہیں کہ میں یہاں سے اپنی ضرورت کا سامان خرید لوں اور اس کے بعد اپنے ارادے کے مطابق عبادت کروں۔ ہم نے مسجدِ نبوی ﷺ کے قریب بازار سے عمرے کے لیے ضروری سامان خریدا اور گھر واپس آ گئے۔
اس رات عشاء کی نماز ادا کرنے کے بعد میں سونے کے لیے لیٹ گئی۔ رات کا آخری پہر تھا کہ مجھے ایک خواب آیا۔ خواب میں ہر طرف عجیب روشنی تھی، نور ہی نور تھا، روشنیاں پھیلی ہوئی تھیں اور اچانک خانہ کعبہ میری آنکھوں کے سامنے آ گیا۔
میں ایک عجیب کیفیت میں بیدار ہوئی۔ دل کی دھڑکن تیز تھی اور آنکھوں کے سامنے وہی منظر گردش کر رہا تھا۔ خانہ کعبہ کو خواب میں دیکھنے کے بعد اس کی زیارت کی تڑپ پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی۔
ہم نے اسی صبح مکہ مکرمہ روانہ ہونے کا ارادہ کر لیا۔
وہ سفر جس کی خواہش ہر مسلمان اپنے دل میں لیے پھرتا ہے، اب حقیقت بننے جا رہا تھا۔ راستے بھر زبان پر اللہ تعالیٰ کا ذکر جاری تھا اور دل خوشی سے لبریز تھا۔
راستے میں میقات پر رکے، نوافل ادا کیے، احرام پہنا اور عمرے کی نیت کی۔ اب ہم اس مقدس شہر کی طرف بڑھ رہے تھے جہاں بیت اللہ واقع ہے۔
جیسے ہی مکہ مکرمہ کی حدود میں داخل ہوئے، دل کی کیفیت بدلنے لگی۔ خوشی بھی تھی، بے قراری بھی اور ایک عجیب سا خوف بھی۔ بار بار دل میں یہی خیال آتا کہ کیا واقعی اللہ تعالیٰ نے مجھ گنہگار کو اپنے گھر کی حاضری کے لیے منتخب کر لیا ہے؟ کیا واقعی وہ گھڑی آنے والی ہے جب میں اپنی آنکھوں سے خانہ کعبہ کو دیکھوں گی؟
بالآخر ہم حرم پہنچ گئے۔
وہ لمحہ شاید میری زندگی کا سب سے خوبصورت اور ناقابلِ فراموش لمحہ تھا۔
حرم میں داخل ہوتے ہوئے دل کی دھڑکن تیز تھی۔ نظریں بے اختیار اس سمت اٹھنے کو بے تاب تھیں جہاں بیت اللہ موجود تھا۔ جیسے ہی میری نظر خانہ کعبہ پر پڑی اور اس کے سیاہ غلاف کا ایک کنارہ دکھائی دیا، میں بے اختیار اپنے شوہر کے کندھے کے پیچھے چھپ گئی۔
چند لمحے اسی کیفیت میں گزرتے رہے۔ پھر آہستہ سے نظریں اٹھائیں اور دوبارہ خانہ کعبہ کو دیکھا۔
وہ منظر میری آنکھوں میں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گیا۔
سامنے اللہ کا گھر تھا۔ وہ گھر جس کی طرف رخ کرکے دنیا بھر کے مسلمان نماز ادا کرتے ہیں، جس کی زیارت کے لیے لاکھوں دل تڑپتے ہیں اور جس کے گرد طواف کرنا ہر مسلمان کی دیرینہ آرزو ہوتی ہے۔
میری زبان خاموش تھی، ذہن جیسے خالی ہو چکا تھا۔ جو دعائیں راستے بھر سوچ کر آئی تھی، وہ سب کہیں کھو گئی تھیں۔ بس دل میں ایک ہی احساس تھا کہ میں اپنے رب کے گھر کے سامنے کھڑی ہوں۔ اس رب کے سامنے جس نے میری کوتاہیوں کے باوجود مجھے اپنے در پر حاضری کا موقع عطا کیا۔
خوشی کے ساتھ ایک عجیب سی ہیبت بھی تھی۔ آنکھوں سے آنسو رواں تھے اور زبان پر اللہ تعالیٰ کا ذکر جاری تھا۔ اس لمحے انسان کو اپنی حیثیت، اپنی کمزوریوں اور اپنے گناہوں کا شدت سے احساس ہوتا ہے۔ دل چاہتا ہے کہ وقت تھم جائے اور یہ منظر کبھی آنکھوں سے اوجھل نہ ہو۔
اسی دوران حرم میں نماز کی اذان شروع ہو گئی۔ انتظامیہ خواتین کو نماز کے لیے مخصوص حصوں کی طرف جانے کی ہدایت دے رہی تھی۔ عموماً خواتین پیچھے کے برآمدوں میں نماز ادا کرتی ہیں، لیکن میں خانہ کعبہ سے چند فٹ کے فاصلے پر موجود تھی۔ میرے لیے یہ بھی ایک حیرت انگیز بات تھی کہ وہاں کسی نے مجھے اس جگہ سے ہٹنے یا پیچھے جانے کے لیے نہیں کہا۔
یوں مجھے اپنی پہلی نمازِ ظہر خانہ کعبہ کے بالکل سامنے ادا کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔
آج بھی جب اس لمحے کو یاد کرتی ہوں تو دل میں شکر کا احساس تازہ ہو جاتا ہے۔ وہ منظر میری یادداشت کا ایسا حصہ بن چکا ہے جسے وقت کبھی دھندلا نہیں کر سکتا۔
نماز کے بعد ہم نے عمرے کے مناسک ادا کیے۔ خانہ کعبہ کے گرد سات چکر لگائے، حجرِ اسود کی سمت سے طواف کیا، صفا و مروہ کی سعی کی، مقامِ ابراہیم کے قریب نماز ادا کی اور آبِ زمزم نوش کیا۔
یہ سب کچھ کسی خواب کی مانند محسوس ہو رہا تھا۔ دل کو بار بار خیال آتا کہ کہیں یہ حسین لمحے آنکھ کھلنے کے ساتھ ختم نہ ہو جائیں، مگر یہ خواب نہیں تھا، حقیقت تھی۔ اللہ تعالیٰ نے واقعی ہمیں اپنے گھر کی حاضری نصیب فرمائی تھی۔
عمرہ مکمل کرنے کے بعد ہم ہوٹل واپس آئے۔ نمازیں ادا کیں اور اگلے دن میں نے اپنے ابو جی کی طرف سے عمرہ ادا کیا۔ میرے دل میں ان کے لیے بہت سی دعائیں تھیں۔ کاش وہ بھی میرے ساتھ ہوتے، کاش وہ بھی اس مقدس سفر کی خوشی دیکھ سکتے۔ ان کی جدائی کا احساس اس مبارک سفر میں بھی میرے ساتھ رہا۔ میں نے اللہ تعالیٰ سے ان کے لیے مغفرت، رحمت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔
عمرہ ادا کرنے کے بعد ہم زیارت کے لیے نکل گئے۔ جب واپس ہوٹل پہنچے تو فون آیا کہ ایئرلائن کی طرف سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ایک تصویر بھیجی اور پوچھا کہ کیا یہ آپ کا بیگ ہے؟
تصویر دیکھتے ہی میں نے فوراً پہچان لیا کہ یہ میرا ہی سامان تھا۔
دل میں ایک عجیب سی کیفیت پیدا ہوئی۔ کئی دن سے جس سامان کے لیے پریشان تھے، جس کے لیے بار بار رابطے کیے تھے اور جس کے ملنے کی امید تقریباً ختم ہو چکی تھی، وہ اب ملنے کی خبر آ گئی تھی۔
میرے دل میں فوراً خیال آیا کہ شاید اللہ تعالیٰ کی یہی حکمت تھی کہ میں پہلے اپنے رب کے گھر کی حاضری دوں، عمرہ ادا کروں اور پھر سامان ملنے کی خوش خبری سنوں۔ یوں محسوس ہوا جیسے اللہ تعالیٰ نے میری پریشانی کو بھی اپنے وقت پر آسانی میں بدل دیا ہو۔
اس واقعے نے میرے دل میں شکر کا احساس مزید بڑھا دیا۔ انسان اپنی محدود سوچ کے مطابق معاملات کو دیکھتا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کی تدبیر اور اس کی حکمت ہماری سمجھ سے کہیں بلند ہے۔
آٹھ دن مکہ مکرمہ میں قیام کے بعد ہم دوبارہ مدینہ منورہ روانہ ہو گئے۔ دل میں ایک طرف مکہ مکرمہ سے جدائی کا احساس تھا تو دوسری طرف مدینے کی حاضری اور مسجدِ نبوی ﷺ میں دوبارہ جانے کی خوشی بھی تھی۔
مدینہ پہنچ کر ہم نے ریاض الجنہ میں حاضری کے لیے وقت حاصل کیا۔
ریاض الجنہ، جسے جنت کا ایک باغ کہا گیا ہے، مسجدِ نبوی ﷺ کا وہ مبارک حصہ ہے جہاں نماز ادا کرنے کی سعادت ہر مسلمان کے لیے ایک عظیم نعمت ہے۔
جب وہاں جانے کا وقت آیا تو دل کی کیفیت بیان کرنا مشکل ہے۔ ایک طرف خوشی تھی کہ اللہ تعالیٰ نے دوبارہ اپنے محبوب ﷺ کے شہر میں حاضری نصیب فرمائی اور دوسری طرف اس مقام کی عظمت کا احساس تھا۔
وہاں پہنچ کر آنکھوں سے آنسو رواں ہو گئے۔ زبان پر درود شریف جاری تھا۔ دل چاہتا تھا کہ بس اسی جگہ بیٹھ کر اپنے رب کے حضور اپنی تمام گزارشات پیش کرتی رہوں۔
اس لمحے میرے دل میں ایک عجیب سا تصور تھا کہ میں اپنے آقا حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے شہر میں موجود ہوں اور اپنی تمام محبت، عقیدت اور دل کی کیفیات اللہ تعالیٰ کے حضور بیان کر رہی ہوں۔ میں نے اپنے لیے، اپنے گھر والوں کے لیے، اپنے مرحوم والد صاحب کے لیے اور تمام عزیزوں کے لیے دعائیں کیں۔
وہ چند لمحے میرے لیے کسی قیمتی خزانے سے کم نہیں تھے۔
مدینہ منورہ میں قیام کے دوران وہاں کی فضا، گلیاں، بازار اور مسجدِ نبوی ﷺ کی حاضری دل کو ایک خاص سکون عطا کرتی رہی۔ لیکن ہر سفر کی ایک منزل واپسی بھی ہوتی ہے۔ ہمارے سفر میں جدہ اور ریاض جانا بھی شامل تھا، اس لیے ہم نے وہاں جانے کا ارادہ کیا۔
جدہ پہنچ کر میرے شوہر کے دفتر کے ایک ساتھی نے ہمیں کھانے کی دعوت دی۔ ان کی طرف سے بہت محبت اور خلوص کے ساتھ ہماری میزبانی کی گئی۔ ہم نے وہاں ان کے ساتھ کھانا کھایا اور کچھ وقت گزارا۔ پردیس میں اپنائیت اور محبت سے ملنے والے لوگ بھی سفر کی خوبصورت یادوں کا حصہ بن جاتے ہیں۔ ان کی یہ دعوت اور خلوص ہمارے لیے خوشگوار تجربہ تھا۔
اس کے بعد ہم ریاض گئے، جہاں اپنے بھائی سے ملاقات ہوئی۔ اپنے بھائی سے پردیس میں ملنا بھی ایک الگ ہی خوشی تھی۔ گھر سے دور کسی اپنے سے ملاقات ہو تو انسان کو اپنوں کی محبت اور رشتوں کی اہمیت کا احساس مزید گہرا ہو جاتا ہے۔ ان سے ملاقات کے بعد دل کو ایک اطمینان اور خوشی حاصل ہوئی۔
ریاض سے واپسی پر ہم نے طائف کے میقات کا رخ کیا۔ وہاں پہنچ کر دوبارہ احرام باندھا اور عمرے کی نیت کی۔ اس طرح ہمیں ایک مرتبہ پھر اللہ تعالیٰ کے گھر کی حاضری کا موقع نصیب ہوا۔ یہ احساس ہی کتنا خوبصورت تھا کہ جس گھر کو پہلی بار دیکھ کر میری زبان خاموش ہو گئی تھی، آج دوبارہ اسی گھر کی طرف جا رہی ہوں۔ دل میں شکر بھی تھا اور ایک نئی خوشی بھی کہ اللہ تعالیٰ نے دوبارہ اپنے در پر حاضری کا موقع عطا فرما دیا۔
طائف کے میقات سے احرام باندھ کر ہم مکہ مکرمہ کی طرف روانہ ہوئے۔ راستے بھر درود شریف اور تلبیہ پڑھتے ہوئے دل میں ایک ہی دعا تھی کہ اللہ تعالیٰ اس مرتبہ بھی ہماری حاضری قبول فرمائے۔ حرم پہنچ کر دوبارہ عمرے کے مناسک ادا کیے۔ خانہ کعبہ کے سامنے کھڑے ہو کر ایک بار پھر وہی کیفیت محسوس ہوئی۔ پہلی حاضری کی حیرت اور خوشی تو اپنی جگہ تھی، مگر اس مرتبہ دل میں ایک شکر گزاری کا احساس بھی تھا کہ جس گھر کو دیکھنے کے لیے کبھی ترستی تھی، آج دوبارہ اس کے سامنے موجود ہوں۔
عمرہ مکمل کرنے کے بعد اب واپسی کا وقت قریب تھا۔ اس مرتبہ دل پر ایک اور کیفیت طاری تھی، کیونکہ ہمیں معلوم تھا کہ اب اس مقدس شہر سے رخصت ہونا ہے۔ مکہ مکرمہ کی گلیاں، حرم کی روشنیاں، خانہ کعبہ کا دیدار اور اس کے گرد طواف کے وہ لمحے سب یادوں میں محفوظ ہو رہے تھے۔
پھر وہ وقت آ گیا جس کا تصور بھی دل کو اداس کر دیتا تھا۔ ہمیں الوداعی طواف ادا کرنا تھا۔
حرم میں داخل ہوتے ہوئے دل میں عجیب سی بے قراری تھی۔ پہلی مرتبہ جب خانہ کعبہ کو دیکھا تھا تو حیرت، خوشی اور ہیبت کی کیفیت تھی، لیکن آج اس کے سامنے کھڑی تھی تو دل پر جدائی کا احساس غالب تھا۔ میں بار بار بیت اللہ کو دیکھتی اور سوچتی کہ اب کب دوبارہ یہ سعادت نصیب ہو گی؟ کب پھر اس گھر کے سامنے کھڑے ہو کر اپنے رب سے دعائیں مانگ سکوں گی؟
طواف شروع کیا تو ہر چکر کے ساتھ دل کی کیفیت بدلتی رہی۔ قدم آگے بڑھتے تھے لیکن دل چاہتا تھا کہ یہ وقت یہیں رک جائے۔ ہر چکر میں اللہ تعالیٰ سے یہی دعا کرتی کہ میری حاضری قبول فرما، میری کوتاہیوں کو معاف فرما، میرے مرحوم بابا جان کی مغفرت فرما اور مجھے دوبارہ اپنے گھر کی زیارت نصیب فرما۔
طواف کے دوران اپنے بابا جان بہت یاد آئے۔ دل میں خیال آتا کہ کاش وہ بھی میرے ساتھ ہوتے، کاش میں ان کا ہاتھ تھام کر اس مبارک مقام پر چلتی اور انہیں بھی یہ سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھنے کا موقع ملتا۔ میں نے ان کے لیے مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی۔ ان کی جدائی کا دکھ اس سفر میں بھی میرے ساتھ رہا، مگر اس بات کا اطمینان تھا کہ میں اپنے ہر اہم لمحے میں انہیں دعاؤں کے ذریعے یاد کر رہی ہوں۔
جب ساتواں چکر مکمل ہوا تو دل پر ایک عجیب سی کیفیت طاری تھی۔ ایک طرف طواف مکمل ہونے کی سعادت کا شکر تھا اور دوسری طرف جدائی کا غم۔ میں نے بیت اللہ کی طرف دیکھا اور دل ہی دل میں عرض کیا: یا اللہ! میری یہ حاضری قبول فرما، مجھے اپنے در سے خالی نہ لوٹا، میری دعاؤں کو شرفِ قبولیت عطا فرما اور مجھے بار بار اپنے گھر آنے کی سعادت نصیب فرما۔
طواف کے بعد جب حرم سے باہر آنے لگی تو بار بار پیچھے مڑ کر خانہ کعبہ کو دیکھتی رہی۔ ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے آنکھیں ابھی اس منظر سے سیر نہیں ہوئیں۔ دل چاہتا تھا کہ کچھ دیر اور ٹھہر جاؤں، کچھ دیر اور اس گھر کو دیکھتی رہوں، کچھ دیر اور اس کی قربت میں گزار لوں۔ لیکن سفر کی اپنی مجبوری ہوتی ہے اور انسان کو ایک دن واپس لوٹنا ہی پڑتا ہے۔
اس لمحے مجھے شدت سے احساس ہوا کہ انسان اپنی مرضی سے ان مقدس مقامات پر نہیں پہنچتا۔ اللہ تعالیٰ جب چاہتا ہے، اپنے بندے کو بلاتا ہے اور جب چاہتا ہے اسے واپس بھیج دیتا ہے۔ ہمارے اختیار میں صرف دعا، امید اور شکر ہے۔
جب ہم مکہ مکرمہ سے روانہ ہوئے تو دل میں ایک ہی خواہش تھی کہ یہ جدائی آخری نہ ہو۔ میں نے اپنے رب سے بار بار یہی دعا کی کہ جس طرح اس نے پہلی مرتبہ بلایا، اسی طرح دوبارہ بھی اپنے گھر اور اپنے محبوب ﷺ کے شہر کی حاضری نصیب فرمائے۔
جب میں آج اس پورے سفر کو یاد کرتی ہوں تو محسوس ہوتا ہے کہ یہ صرف مکہ اور مدینہ کی زیارت کا سفر نہیں تھا، بلکہ یہ میری روح کے اندر اترنے والا ایک ایسا سفر تھا جس نے مجھے بہت کچھ سکھایا۔
میں نے انتظار کا صبر سیکھا، اپنی خواہشات کو اللہ کی رضا کے سپرد کرنا سیکھا، پریشانی میں شکر کرنا سیکھا اور یہ محسوس کیا کہ انسان جب اپنے رب کے در پر پہنچتا ہے تو اس کی تمام دنیاوی الجھنیں کتنی چھوٹی محسوس ہونے لگتی ہیں۔
میرے لیے یہ سفر اس اعتبار سے بھی خاص تھا کہ میں اپنے بابا جان کی جدائی کے دکھ کے ساتھ اس سفر پر روانہ ہوئی تھی۔ ان کی یاد ہر قدم پر میرے ساتھ تھی۔ مسجدِ نبوی ﷺ کی حاضری ہو، خانہ کعبہ کا دیدار ہو یا ریاض الجنہ میں دعاؤں کے لیے اٹھتے ہوئے ہاتھ، ہر جگہ میں نے انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھا۔
اب جب کبھی وہ نعت سنتی ہوں ’’مدینے سے بلاوا آ رہا ہے‘‘ تو دل دوبارہ اسی سفر میں پہنچ جاتا ہے۔ فیصل آباد ایئرپورٹ کا انتظار، مدینے کی پہلی صبح، مسجدِ قبا کے نوافل، مسجدِ نبوی ﷺ کی حاضری، خانہ کعبہ کا پہلا دیدار، ریاض الجنہ کے وہ قیمتی لمحات، جدہ میں دعوت، ریاض میں بھائی سے ملاقات اور الوداعی طواف کی بے قراری، سب آنکھوں کے سامنے گھومنے لگتے ہیں۔
واقعی کچھ سفر ختم نہیں ہوتے، وہ انسان کے اندر ہمیشہ کے لیے زندہ رہتے ہیں۔
میری زندگی کا یہ سفر بھی ایسا ہی ایک سفر ہے۔ ایک ایسا سفر جس نے مجھے اپنے رب کی رحمت کا احساس دلایا، میرے ایمان کو تازگی بخشی اور مجھے یہ یقین عطا کیا کہ جب اللہ تعالیٰ کسی بندے کو اپنے گھر بلانے کا فیصلہ فرماتا ہے تو اسباب بھی پیدا ہو جاتے ہیں اور راستے بھی کھل جاتے ہیں۔
الحمدللہ! اس نے اپنے گھر بلایا، اپنے محبوب ﷺ کے شہر میں حاضری نصیب فرمائی اور اپنی رحمتوں سے نوازا۔
اب دل کی بس ایک ہی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس حاضری کو قبول فرمائے، بار بار اپنے گھر اور اپنے محبوب ﷺ کے شہر کی زیارت نصیب فرمائے اور جن لوگوں کے دلوں میں یہ خواہش ہے، انہیں بھی جلد اس سعادت سے نوازے۔
آمین یا رب العالمین!
مزید پڑھیں




