پاکستانی باکسر عامر خان نے پاکستان پروفیشنل باکسنگ بورڈ کے قیام کا اعلان کر دیا

پاکستان میں پروفیشنل باکسنگ کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، عالمی شہرت یافتہ پاکستانی باکسر عامر خان نے پاکستان پروفیشنل باکسنگ بورڈ کے قیام کا اعلان کر دیا، نئے بورڈ کے تحت پاکستانی باکسرز کو جدید تربیت اور بین الاقوامی مقابلوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، پہلا پروفیشنل باکسنگ شو آئندہ سال دس فروری کو متوقع ہے۔
عامر خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پروفیشنل باکسنگ بورڈ کے قیام کا اعلان کیااور کہا کہ نئے بورڈ کے تحت باکسرز، ریفریز اور ججز کی باقاعدہ رجسٹریشن، لائسنسنگ اور تربیت کا نظام متعارف کرایا جائے گا، جبکہ عالمی باکسنگ تنظیموں سے روابط بھی قائم کیے جائیں گے۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، خصوصاً کراچی کے علاقے لیاری سمیت ملک کے مختلف حصوں میں نوجوانوں کو مناسب سہولیات میسر نہیں، حکومت خالی اسپورٹس کمپلیکس اور سرکاری اراضی پر باکسنگ اکیڈمیز کے قیام میں تعاون کرے۔
انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باعث کئی باصلاحیت باکسرز بیرون ملک جانے یا دوسرے ممالک کی نمائندگی کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، نئے بورڈ کے ذریعے کھلاڑیوں کو بیرون ملک مقابلوں، اسپانسرشپ اور عالمی معیار کی تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جیتنے اور ہارنے، دونوں صورتوں میں باکسرز کو معاوضہ دیا جائے گا، رجسٹریشن کے لیے ویب سائٹ بھی فعال کر دی گئی ہے۔ پہلے پروفیشنل باکسنگ شو کا انعقاد دس فروری کو متوقع ہے۔
مزید پڑھیں


.jpg%3F2026-11-05T16%253A13%253A54.693Z&w=3840&q=75)


