بکری کے زمین میں داخل ہونے پر غریب چرواہے پر مبینہ تشدد،

بکری کے زمین میں داخل ہونے پر غریب چرواہے پر مبینہ تشدد، جبڑے کی ہڈی اور دانت ٹوٹ گئے
ڈیرہ غازی خان باغی ٹی وی نیوز( رپورٹر شاہد خان ):
گزشتہ روز ایک غریب چرواہے کے ساتھ مبینہ طور پر انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز تشدد کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں متاثرہ شخص کے جبڑے کی ہڈی ٹوٹ گئی جبکہ دو دانت بھی ٹوٹنے کی اطلاعات ہیں۔ متاثرہ چرواہا تاحال ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر معاملہ اس وقت شروع ہوا جب چرواہے کی ایک بکری دوسرے شخص کی زمین میں داخل ہوگئی۔ الزام ہے کہ معمولی نوعیت کے اس معاملے پر چرواہے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اسے شدید زخمی کر دیا گیا۔
متاثرہ شخص کا تعلق ایک غریب گھرانے سے بتایا جاتا ہے، جس کے باعث اہلِ علاقہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وہ اپنے حق کے لیے مؤثر آواز اٹھانے سے محروم ہے۔ تاہم کسی بھی شہری کو قانون ہاتھ میں لینے اور تشدد کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
علاقہ مکینوں اور متاثرہ خاندان کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کی شفاف، غیرجانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کی جائیں اور اگر تشدد کے الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ بواٹہ اشفاق خان لغاری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے میرٹ پر کارروائی کی جائے اور متاثرہ غریب چرواہے کو بلاامتیاز انصاف فراہم کیا جائے کسی جانور کا کسی کی زمین میں داخل ہونا ایک قابلِ حل معاملہ ہو سکتا ہے، مگر کسی انسان کو تشدد کا نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
مزید پڑھیں





