منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بیٹی بوجھ نہیں، رحمت ہے،تحریر: قیصر چوہدری

نقطہ نظر

ہمارے معاشرے میں آج بھی کچھ ایسے گھرانے موجود ہیں جہاں بیٹی کی پیدائش پر خوشی کے بجائے افسوس کا اظہار کیا جاتا ہے۔ کہیں ماں کو طعنے دیے جاتے ہیں، کہیں باپ کے چہرے پر مایوسی چھا جاتی ہے اور کہیں خاندان کے افراد ایسے جملے کہتے ہیں جو ایک ماں کے دل کو اندر تک زخمی کر دیتے ہیں۔ آخر یہ کیسی سوچ ہے؟ کیا بیٹی پیدا ہونا کسی جرم کی سزا ہے؟ کیا ایک معصوم بچی اپنے وجود کی وجہ سے کسی کے لیے بوجھ بن جاتی ہے؟


ذرا سوچیے! جس بیٹی کو آج بوجھ سمجھ کر قبول کرنے سے انکار کیا جا رہا ہے، کل وہی اپنے والدین کے لیے محبت، خدمت اور سکون کا سبب بن سکتی ہے۔ جس کے آنے پر گھر میں خاموشی چھا جاتی ہے، وہی اپنی معصوم مسکراہٹ سے گھر کے آنگن کو خوشیوں سے بھر دیتی ہے۔ بیٹی کسی خاندان کی کمزوری نہیں بلکہ اس کی محبت، تربیت اور تہذیب کا خوبصورت عکس ہوتی ہے۔


اسلام نے بیٹی کو وہ مقام عطا کیا جس سے زمانۂ جاہلیت کے لوگ اسے محروم رکھتے تھے۔ اسلام سے پہلے بعض لوگ بیٹی کی پیدائش کو باعثِ شرمندگی سمجھتے تھے، مگر نبی رحمتﷺ نے بیٹیوں کی پرورش، تعلیم، تربیت اور ان کے ساتھ حسنِ سلوک کو باعثِ اجر و ثواب قرار دیا۔ آپﷺ نے بیٹیوں کی اچھی پرورش کرنے والوں کے لیے جنت کی بشارت دی۔ پھر افسوس ہے کہ ہم مسلمان ہونے کے باوجود بعض اوقات اسی فرسودہ سوچ کا شکار نظر آتے ہیں۔


معاشرے کا ایک بڑا المیہ یہ بھی ہے کہ ہم نے بیٹی کو جہیز، شادی کے اخراجات اور رسم و رواج کے ساتھ جوڑ دیا ہے۔ والدین بیٹی کی پیدائش کے ساتھ ہی اس کے مستقبل کی فکر میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ انہیں اس کی تعلیم سے زیادہ شادی کے اخراجات کی فکر ستانے لگتی ہے۔ بعض خاندانوں میں بیٹی کو اس لیے بوجھ سمجھا جاتا ہے کہ ایک دن اسے رخصت کرنا ہے۔ لیکن کیا کسی انسان کی قدر صرف اس بنیاد پر طے کی جا سکتی ہے کہ وہ مستقبل میں کس گھر کا حصہ بنے گا؟


بیٹی بھی انسان ہے، اس کے بھی خواب ہیں، خواہشات ہیں، احساسات ہیں اور زندگی میں آگے بڑھنے کی امنگ ہے۔ اسے بھی تعلیم حاصل کرنے، اپنے فیصلے کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا حق حاصل ہے۔ اگر ہم اسے مناسب تعلیم، اعتماد اور مواقع فراہم کریں تو وہ ایک بہترین ڈاکٹر، استاد، افسر، مصنفہ اور کامیاب کاروباری شخصیت بن سکتی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ بیٹیوں نے ہر شعبۂ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔


ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ بیٹی کی عزت صرف اس وقت نہیں ہونی چاہیے جب وہ ہمارے گھر میں ہو، بلکہ جب وہ کسی دوسرے گھر کی بہو بن جائے تب بھی اس کے حقوق، جذبات اور عزت کا خیال رکھنا ہماری معاشرتی ذمہ داری ہے۔ جس طرح ہم اپنی بیٹی کے لیے محبت اور احترام چاہتے ہیں، اسی طرح دوسروں کی بیٹیوں کے لیے بھی وہی رویہ اختیار کرنا چاہیے۔


والدین کو چاہیے کہ بیٹی اور بیٹے کی تربیت میں تفریق نہ کریں۔ بیٹے کو تعلیم دلانا اور بیٹی کو تعلیم سے محروم رکھنا انصاف نہیں۔ بیٹے کے خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے وسائل فراہم کرنا اور بیٹی کے خوابوں کو معاشرتی پابندیوں کے نام پر کچل دینا ایک ایسا رویہ ہے جس کی اصلاح ضروری ہے۔


یاد رکھیے! بیٹی کو بوجھ سمجھنے والے دراصل اپنی سوچ کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ بیٹی کی پیدائش پر خوش ہونا، اس کی اچھی تربیت کرنا، اسے عزت دینا اور اس کے خوابوں کی تکمیل میں مدد کرنا ایک مہذب معاشرے کی پہچان ہے۔


آئیے! اپنی سوچ بدلیں، اپنی ترجیحات درست کریں اور اپنے گھروں میں بیٹیوں کو وہی محبت، عزت اور مواقع دیں جن کی توقع ہم اپنے بیٹوں کے لیے رکھتے ہیں۔ بیٹی کی پیدائش پر چہروں پر مایوسی نہیں بلکہ خوشی ہونی چاہیے۔ اس کے ہاتھ میں کتاب ہونی چاہیے، آنکھوں میں خواب اور دل میں آگے بڑھنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔


آخر میں صرف اتنا کہنا چاہوں گا کہ بیٹی کسی باپ کے سر کا بوجھ نہیں بلکہ اس کے دل کا سکون ہوتی ہے۔ وہ کسی ماں کی پریشانی نہیں بلکہ اس کی محبت کا خوبصورت عکس ہوتی ہے۔ بیٹی کو بوجھ سمجھنے کے بجائے اللہ پاک کی رحمت سمجھیں، کیونکہ بیٹی بوجھ نہیں، رحمت ہے۔