آج کل کی بیٹیاں، جو کہ تعلیم، شعور اور معاشرتی تبدیلیوں سے گزر رہی ہیں، اپنی زندگی کے فیصلوں میں پہلے سے زیادہ باشعور اور خودمختار ہو چکی ہیں۔ والدین کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ بیٹی کی سوچ اور جذبات محض جذباتی ردعمل نہیں بلکہ اُس کے اندر موجود خواب، اُمیدیں اور اصولوں کی عکاسی ہیں۔ اگر ایک بیٹی یہ کہتی ہے، "مجھے یہ رشتہ پسند نہیں آیا"، تو یہ اُس کی ذاتی رائے اور سوچ کا اظہار ہے، جسے والدین کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ ہماری بیٹیاں، جنہیں اکثر نازک دل اور معصومیت کی علامت سمجھا جاتا ہے، اُن کے دل و دماغ میں حساسیت اور محبت کے ساتھ ایک مضبوط شعور بھی ہوتا ہے۔ اُن کے جذبات کو نظر انداز کرنا اُن کی شخصیت کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ بیٹی کا اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلے کرنا یا اپنی پسند و ناپسند کا اظہار کرنا اُس کی خودمختاری کی نشانی ہے، نہ کہ والدین کی نافرمانی۔ والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کے جذبات کو سمجھیں، اُن کے فیصلے کی عزت کریں اور اُنہیں اپنے خیالات اور رائے کے اظہار کا موقع دیں۔ آج کی نسل کی لڑکیاں صرف سماجی رسم و رواج یا خاندانی توقعات کو نہیں دیکھتیں، بلکہ اپنے مستقبل، تعلیم اور معیارِ زندگی کو بھی اہمیت دیتی ہیں۔ اگر وہ کسی رشتے سے انکار کرتی ہیں، تو اُس کی وجوہات کو سمجھنا ضروری ہے۔ والدین کا یہ فرض ہے کہ وہ اُن کی بات کو غور سے سنیں اور اُنہیں یہ یقین دلائیں کہ اُن کی رائے اہم ہے۔ یہ صرف بیٹی کی خوشی کا سوال نہیں بلکہ اُس کے اعتماد اور شخصیت کی مضبوطی کا معاملہ ہے۔ بیٹیوں کے لیے شریکِ حیات کا انتخاب کرتے وقت یہ دیکھنا چاہیے کہ وہ لڑکا تعلیمی لحاظ سے مستند ہو، لیکن اس سے بھی زیادہ ضروری یہ ہے کہ اُس کی تربیت، اخلاق اور نیت اچھی ہو۔ والدین کو اس بات کا یقین کرنا چاہیے کہ وہ لڑکا اپنی بیوی کی عزت کرنے والا، دین کا شعور رکھنے والا اور اپنے والدین کا احترام کرنے والا ہو۔ محض ذات، برادری یا مالی حیثیت کو ترجیح دینا بیٹی کی زندگی میں مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ جب بیٹیاں کہتی ہیں کہ انہیں کسی رشتے سے اتفاق نہیں، تو والدین کو چاہیے کہ وہ اُنہیں سمجھائیں، مگر زبردستی یا دباؤ نہ ڈالیں۔ بیٹی کی زندگی کا یہ فیصلہ اُس کی پوری زندگی پر اثرانداز ہوتا ہے، اس لیے والدین کو اُس کی پسند اور خوشی کو ترجیح دینی چاہیے۔ والدین کا یہ فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کی زندگی میں ایک رہنما کی حیثیت سے موجود رہیں، لیکن فیصلہ اُن کی مرضی اور خواہش کے مطابق ہونے دیں۔
ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ بیٹیوں کے دل بہت نازک ہوتے ہیں، اور اُن کے جذبات کو مجروح کرنا اُن کی شخصیت کو کمزور بنا سکتا ہے۔ والدین کی محبت، رہنمائی اور سمجھداری ہی وہ مضبوط بنیاد ہے جس پر بیٹی اپنی زندگی کی عمارت کھڑی کرتی ہے۔ بیٹیوں کو یہ یقین دلانا ضروری ہے کہ اُن کی رائے اور جذبات اہم ہیں، اور والدین اُن کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بیٹیوں کے ساتھ والدین کا رویہ ہی اُن کی شخصیت کا عکاس ہوتا ہے۔ اگر آپ اُن کی بات کو سنیں، اُن کی سوچ کو سمجھیں اور اُن کے فیصلوں کا احترام کریں، تو یہ نہ صرف والدین اور بیٹی کے رشتے کو مضبوط کرے گا بلکہ بیٹی کو اپنی زندگی کے فیصلے خود اعتماد کے ساتھ کرنے کی طاقت بھی دے گا۔ بیٹیاں والدین کے لیے محض ذمہ داری نہیں بلکہ محبت اور اعتماد کا مظہر ہیں۔ ان کی باتوں کو سننا، اُنہیں سمجھنا اور اُن کی خوشی کو اہمیت دینا والدین کے لیے سب سے بڑا عمل ہے۔ والدین اگر اپنی بیٹیوں کے جذبات کو عزت دیں، تو وہ اپنی زندگی کے ہر قدم پر خود کو محفوظ اور پُراعتماد محسوس کریں گی۔ یہی وہ احساس ہے جو ایک خوشحال اور مضبوط معاشرت کی بنیاد بناتا ہے۔
مزید پڑھیں





