تعلیمی ادارے کسی بھی معاشرے کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ اسکول وہ جگہ ہے جہاں بچے صرف کتابیں پڑھنا نہیں سیکھتے بلکہ زندگی گزارنے کے آداب، اخلاق اور کردار کی بنیاد بھی رکھتے ہیں۔ والدین اپنے بچوں کو اس امید کے ساتھ اساتذہ کے حوالے کرتے ہیں کہ وہاں انہیں علم، تربیت اور تحفظ ملے گا۔ جب یہی درس گاہیں بچوں کے لیے خوف اور ذہنی اذیت کا سبب بننے لگیں، تو کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔
ہمارے معاشرے میں آج بھی بعض تعلیمی اداروں میں جسمانی سزا کو تربیت کا ایک ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ معمولی غلطی پر بچوں کو مارنا، سخت لہجے میں ڈانٹنا اور ان کی عزتِ نفس کو مجروح کرنا معمول بن چکا ہے۔ افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ بعض اوقات بچے اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرنے کے باوجود بھی سزا کا سامنا کرتے ہیں۔
حال ہی میں ایک تعلیمی ادارے میں ایک طالبہ کو اس وقت مارا گیا جب وہ اپنی نمازیں مکمل ادا کر چکی تھی اور پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی درست دے چکی تھی۔ آخر اس بچی کا قصور کیا تھا؟ اگر اس نے اپنا سبق درست سنایا، اپنی ذمہ داری پوری کی تو پھر اسے جسمانی سزا دینے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ کیا بچوں کو مارنا ہی نظم و ضبط قائم رکھنے کا واحد طریقہ رہ گیا ہے؟
یہاں ایک بنیادی سوال ان تمام تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے بھی ہے۔ جو اپنے اداروں کو علم و تربیت کے مراکز قرار دیتے ہیں۔ کیا تربیت کے نام پر بچوں کو خوف زدہ کرنا درست ہے؟ کیا ایک استاد کا اختیار اتنا وسیع ہو سکتا ہے کہ وہ اپنی مرضی اور مزاج کے مطابق بچے پر ہاتھ اٹھائے؟
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریمﷺ کے اخلاق بیان کرتے ہوئے فرمایا: "پس اللہ کی رحمت ہی سے آپ ان کے لیے نرم دل ہوئے۔"
(آل عمران: 159)
جب ہمارے نبی کریمﷺ کی تعلیمات میں نرمی اور شفقت کو اہمیت حاصل ہے تو بچوں کی تربیت میں سختی، مار پیٹ اور تذلیل کو کیسے درست قرار دیا جا سکتا ہے؟
یہ بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہر بچہ ایک جیسی ذہنی صلاحیت نہیں رکھتا ہے۔ کوئی جلد سیکھتا ہے اور کسی کو وقت درکار ہوتا ہے۔ استاد کا اصل کمال یہ نہیں کہ وہ بچوں سے اپنی بات منوا لے، بلکہ یہ ہے کہ وہ ان کی صلاحیتوں کو پہچانے، ان کی غلطیوں کی اصلاح کرے اور انہیں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع دے۔ والدین اپنے بچوں کو اسکول بھیجتے وقت صرف فیس ادا نہیں کرتے بلکہ اپنی سب سے قیمتی امانت دوسروں کے سپرد کرتے ہیں۔ اس امانت کی حفاظت اسکول انتظامیہ اور اساتذہ دونوں کی ذمہ داری ہے۔ متعلقہ تعلیمی حکام کو بھی چاہیے کہ بچوں پر جسمانی تشدد کی شکایات کو سنجیدگی سے لیں اور ایسے واقعات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات یقینی بنائیں۔
یاد رکھیے! بچے خوف سے خاموش تو ہو سکتے ہیں، لیکن خوف کے سائے میں ان کی شخصیت کی بہترین تعمیر نہیں ہو سکتی ہے۔ استاد کا رعب بچے کو وقتی طور پر خاموش کر سکتا ہے مگر استاد کی شفقت، اسے زندگی بھر کے لیے علم اور احترام سے جوڑ سکتی ہے۔
درس گاہوں کو ایسا محفوظ ماحول بننا چاہیے جہاں بچہ سوال کرنے سے نہ ڈرے، اپنی غلطی بتانے میں شرمندگی محسوس نہ کرے اور اسکول کا نام سنتے ہی اس کے دل میں خوف نہیں بلکہ سیکھنے کی خوشی پیدا ہو۔
آخر ہم کب سمجھیں گے کہ بچوں کی اصلاح کے لیے اتنا ہاتھ اٹھانا نہیں، جتنا ہاتھ تھامنا ضروری ہے؟
مزید پڑھیں





