Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ڈی جی خان، بھاری ٹریکٹر ٹرالیوں کی بے احتیاطی کے باعث شہری شدید پریشان

مصنف:

ڈیرہ غازی خان باغی ٹی وی نیوز رپورٹر (شاہد خان)

وڈور روڈ پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل اور بھاری ٹریکٹر ٹرالیوں کی مبینہ بے احتیاطی کے باعث شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ وڈور روڈ پر جہاں ٹریفک پولیس کی مؤثر ڈیوٹی اور نگرانی کی ضرورت ہے، وہاں ٹریفک پولیس کی موجودگی انتہائی کم دکھائی دیتی ہے۔

شہریوں کے مطابق صبح سے شام تک بغیر ترپال چلنے والی ٹریکٹر ٹرالیاں سڑک پر مٹی، ریت اور دیگر سامان گراتی ہوئی گزرتی ہیں، جبکہ بعض ٹریکٹر ٹرالیاں مبینہ طور پر مناسب مینٹیننس کے بغیر سڑک پر چل رہی ہیں۔ شہریوں نے بعض ڈرائیوروں کے لائسنس اور گاڑیوں کی فٹنس پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔

وڈور روڈ سے روزانہ بڑی تعداد میں سکول کے بچے، موٹر سائیکل سوار اور عام شہری گزرتے ہیں، جس کے باعث تیز رفتاری اور بے احتیاطی کے باعث حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی اس روڈ پر ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر بھاری گاڑیوں کے باعث حادثات رونما ہو چکے ہیں۔

مقامی شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وڈور روڈ پر خصوصی ٹریفک چیکنگ کا نظام قائم کیا جائے، بغیر ترپال ٹریکٹر ٹرالیوں، غیر فٹ گاڑیوں اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور سکول اوقات میں ٹریفک کی نگرانی مؤثر بنائی جائے۔

اہل علاقہ نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا انتظامیہ کسی بڑے حادثے کا انتظار کر رہی ہے؟ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ممکنہ حادثے سے پہلے فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور وڈور روڈ کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے بھاری ٹریفک کے حوالے سے مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔