منگل، 17 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ڈریپ کا ادویات کی بارکوڈنگ اور سیریلائزیشن سے متعلق اہم فیصلہ


ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ادویات کی بارکوڈنگ اور سیریلائزیشن سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے 9 اکتوبر 2026 سے اس پر عمل درآمد نافذ العمل قرار دے دیا ہے۔


ڈریپ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق 9 اکتوبر کے بعد تیار کی جانے والی تمام ادویات پر 2D بارکوڈنگ لازم قرار دی گئی ہے اور تمام مقامی ادویات ساز کمپنیوں اور درآمد کنندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے ضوابط پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔


نئے ضوابط کے تحت ادویات کی پیکنگ پر مینوفیکچرنگ کی تاریخ، ایکسپائری تاریخ، بیچ نمبر، قیمت اور سیریل نمبر کا اندراج لازمی ہوگا۔ ڈریپ کا کہنا ہے کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں جمع کروایا جانے والا ڈیٹا اصل پیکنگ پر موجود معلومات کے عین مطابق ہونا چاہیےجبکہ ڈیجیٹل ریکارڈ یا ادویات کی پیکنگ پر درج معلومات کی غلط رپورٹنگ کو ضوابط کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔


ڈریپ کے انسپکٹرز ادویات ساز فیکٹریوں، درآمد کنندگان اور سپلائی چین کے مراکز کا باقاعدہ معائنہ کریں گے اور ادویات کے بیچز اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں جمع ڈیٹا کی تصدیق کریں گے،بارکوڈنگ اور سیریلائزیشن کے ضوابط کی خلاف ورزی یا غلط ڈیٹا جمع کرانے اور معلومات میں ردوبدل کرنے پر ڈریپ ایکٹ اور ڈرگز ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


واضح رہے کہ 9 اکتوبر 2026 سے پہلے تیار کی جانے والی ادویات کا موجودہ اسٹاک فروخت کے لیے اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوگا اور پرانے اسٹاک کو ختم ہونے تک فروخت کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔