’میرا صوبہ، میرا پانی نہ کریں‘، بڑے صوبے کی وزیراعلیٰ کا بڑا دل ہونا چاہیے، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’میرا صوبہ، میرا پانی‘‘ نہ کریں، بڑے صوبے کی وزیراعلیٰ کا بڑا دل ہونا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوام مہنگائی سے پس رہے ہیں، حکومت کو موجودہ صورتحال پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ مریم نواز نے خیبرپختونخوا کے حوالے سے جو بیان دیا، وہ اس سے متفق نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پنجاب کو تیل اور گیس فراہم کرتا ہے جبکہ پانی کا حصہ بھی استعمال کیا جارہا ہے، اس کے باوجود یہ کہنا کہ خیبرپختونخوا سے خطرہ ہے، مناسب نہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پہلے ہی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور صوبے کے نوجوان اس جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ان نوجوانوں کی قربانیاں کہاں جائیں گی؟ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز صوبائیت کو ہوا نہ دیں بلکہ وفاق کو مضبوط کریں۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں نے کھیلوں خصوصاً کرکٹ میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ’’آپ کے نوجوانوں نے کہاں نام روشن کیا؟‘‘ فیصل کریم کنڈی نے سیاسی مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ ان کے کسی سے مذاکرات نہیں ہورہے، جن کے مذاکرات ہورہے ہیں ان کے بارے میں انہیں معلوم نہیں۔ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ اور اسمبلی چاہیں کہ نئے صوبے بننے چاہئیں تو بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم اس وقت ہوتا ہے جب اسمبلیاں موجود نہ ہوں، جمہوری دور میں ایسا نہیں ہوتا۔ جماعت اسلامی کے احتجاج کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پرامن احتجاج کیا اور وہ اس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلاول بھٹو سے مذاکرات کرے گی۔ پی ٹی آئی کے بانی سے متعلق فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے الٹے بھی لٹک جائیں، پھر بھی ان کے بانی باہر نہیں آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی سزا پوری کریں گے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اسلام آباد میں کنٹینرز لگانے کے معاملے پر کہا کہ یہ سیکیورٹی کے لیے لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔





