جمعرات، 19 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

فیسوں کی مد میں کئی سو گنا اضافہ آخر کیوں ؟تحریر: ڈاکٹر شجاع اختر اعوان

نقطہ نظر

صوبہ پنجاب میں گزشتہ تین سالوں میں دیگر صوبوں کے برعکس مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے لائسنسنگ، رجسٹریشن، تجدید اور اسٹامپ پیپرز کی فیسوں میں ہونے والے غیر معمولی اضافے نے عوام، کاروباری طبقے، طبی شعبے سے وابستہ افراد اور چھوٹے تاجروں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران بعض فیسوں میں کئی سو فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب کے شہریوں کو کئی گنا زیادہ ادائیگی کرنا پڑ رہی ہے۔ جب ملک ایک ہے، قانون اور شہریوں کے بنیادی حقوق یکساں ہیں تو پھر صوبوں کے درمیان فیسوں کا اتنا بڑا فرق کیوں اسلحہ لائسنس کی مثال سامنے رکھیں تو پنجاب میں نئے ذاتی اسلحہ لائسنس کی فیس پچاس ہزار روپے تک بتائی جاتی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں اسی نوعیت کے لائسنس کی فیس دس ہزار روپے کے قریب ہے۔ اس طرح پنجاب میں شہری کو پانچ گنا رقم ادا کرنا پڑتی ہے، جو خیبر پختونخوا کے مقابلے میں چار سو فیصد زیادہ بنتی ہے۔ یہ فرق محض چند سو یا چند ہزار روپے کا نہیں بلکہ عام شہری کی جیب پر ایک بڑا بوجھ ہے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا، تجدید اور مختلف کیٹیگریز کی فیسوں میں بھی اضافے نے عوام کو متاثر کیا ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس ایک بنیادی ضرورت ہے، خصوصاً ان افراد کے لیے جو روزگار کے سلسلے میں گاڑی یا موٹر سائیکل چلاتے ہیں۔ ایسے میں فیسوں میں غیر معمولی اضافہ براہِ راست عام آدمی کے روزگار اور نقل و حرکت کو متاثر کرتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں کا دیگر صوبوں کے ساتھ تقابلی جائزہ لے اور عوام کو بتایا جائے کہ پنجاب میں وصول کی جانے والی اضافی رقم کس بنیاد پر مقرر کی گئی ہے ادویات کی فروخت سے وابستہ کاروبار بھی فیسوں کے اضافے سے متاثر ہو رہے ہیں۔ پنجاب ڈرگ رولز کے تحت فارمیسی، میڈیکل اسٹور اور ڈسٹری بیوٹرز کے لائسنس کے اجرا اور تجدید کے لیے مقررہ فیسیں چھوٹے کاروباری افراد کے لیے ایک بڑا مالی بوجھ بن سکتی ہیں۔ دستیاب شیڈول کے مطابق فارمیسی کے لیے سولہ ہزار روپے، میڈیکل اسٹور کے لیے دس ہزار روپے اور ڈسٹری بیوٹر کے لیے چوبیس ہزار روپے فیس مقرر ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ لائسنس کی مدت پانچ سال ہے۔ حکومت کو اس بات کا جائزہ لینا چاہیے کہ چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں کام کرنے والے میڈیکل اسٹورز کے لیے یہ فیسیں کس حد تک قابلِ برداشت ہیں۔ نجی طبی مراکز، کلینکس، لیبارٹریوں اور ہسپتالوں کی رجسٹریشن اور تجدید کی فیسیں بھی ایک اہم مسئلہ ہیں۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے تحت مختلف طبی اداروں کے لیے الگ الگ فیسیں مقرر ہیں۔ عام معالج، ہومیوپیتھک یا حکیم کے کلینک کے لیے دس ہزار روپے، سنگل اسپیشلٹی کلینک کے لیے چالیس ہزار روپے، پولی کلینک کے لیے پچاس ہزار روپے، سنگل چیئر ڈینٹل کلینک کے لیے دس ہزار روپے اور ملٹی چیئر ڈینٹل کلینک کے لیے چالیس ہزار روپے فیس مقرر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسی طرح پیتھالوجی لیبارٹری اور امیجنگ سینٹر کے لیے پچاس ہزار روپے جبکہ کلیکشن سینٹر کے لیے بیس ہزار روپے تک فیس مقرر ہے۔ ہسپتالوں کے لیے فیس بستروں کی تعداد کے لحاظ سے پچاس ہزار روپے سے آٹھ لاکھ روپے تک پہنچ جاتی طبی مراکز کی رجسٹریشن، معیار کی نگرانی اور مریضوں کو محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے قواعد و ضوابط ضروری ہیں، لیکن فیسوں کا تعین کرتے وقت ادارے کی نوعیت، آمدن، حجم اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔ ایک چھوٹے قصبے میں محدود وسائل کے ساتھ کام کرنے والے کلینک اور بڑے نجی ہسپتال کو ایک ہی مالی پیمانے سے دیکھنا مناسب نہیں۔ غیر معمولی فیسیں چھوٹے طبی مراکز کو بند کرنے یا اپنی خدمات مہنگی کرنے پر مجبور کر سکتی ہیں، جس کا نقصان بالآخر عام مریض کو ہوگا۔

اسٹامپ پیپرز اور ای اسٹامپ ڈیوٹی کے معاملات میں بھی شہریوں کو بڑھتی ہوئی لاگت کا سامنا ہے۔ جائیداد کی خرید و فروخت، کرایہ داری، حلف ناموں، معاہدوں اور دیگر قانونی دستاویزات کے لیے اسٹامپ پیپر ایک لازمی ضرورت ہے۔ اس مد میں فیسوں اور ڈیوٹی کی شرحوں میں اضافے کا اثر صرف بڑے کاروباری طبقے تک محدود نہیں رہتا بلکہ عام شہری، کرایہ دار، چھوٹے دکاندار اور قانونی دستاویزات تیار کروانے والے افراد بھی اس سے متاثر ہوتے ہیں۔ بعض اقسام میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کئی سو فیصد اضافے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس پر عوام نوحہ کناں ہیں

مسئلہ صرف فیسوں میں اضافے کا نہیں بلکہ صوبوں کے درمیان پائے جانے والے غیر مساوی فرق کا بھی ہے۔ اگر ایک ہی نوعیت کے لائسنس یا رجسٹریشن کے لیے ایک صوبے میں دس ہزار روپے اور دوسرے صوبے میں پچاس ہزار روپے وصول کیے جا رہے ہوں تو اس فرق کی ٹھوس وجوہات عوام کے سامنے آنی چاہئیں۔ حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ کیا پنجاب میں متعلقہ سہولت فراہم کرنے کی لاگت واقعی اتنی زیادہ ہے، یا فیسوں کے تعین میں عوام کی مالی استطاعت کو نظرانداز کیا گیا ہے فیسوں میں اضافے کا فیصلہ کرتے وقت مہنگائی، بے روزگاری اور کاروباری حالات کو پیش نظر رکھا جائے۔ پہلے ہی بجلی، گیس، پٹرول، کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں نے عام شہری کی زندگی مشکل بنا رکھی ہے۔ ایسے حالات میں سرکاری فیسوں میں یکدم کئی سو فیصد اضافہ عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کرتا ہے۔ چھوٹے کاروبار اور طبی مراکز پہلے ہی محدود آمدن کے ساتھ اپنے اخراجات پورے کر رہے ہیں، ان پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

حکومت پنجاب کو چاہیے کہ تمام محکموں کی لائسنسنگ، رجسٹریشن، تجدید اور اسٹامپ فیسوں کا ازسرنو جائزہ لے۔ دوسرے صوبوں کے نرخوں کے ساتھ باقاعدہ تقابلی رپورٹ شائع کی جائے، فیسوں میں اضافے کی وجوہات عوام کے سامنے رکھی جائیں اور جہاں غیر معمولی اضافہ کیا گیا ہے وہاں مناسب کمی کی جائے۔ چھوٹے کاروباروں، کلینکس اور محدود وسائل رکھنے والے اداروں کے لیے رعایتی فیس یا اقساط کی سہولت بھی متعارف کروائی جا سکتی ہے۔

عوام حکومت سے کوئی غیر معمولی رعایت نہیں مانگ رہے بلکہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ ان کے ساتھ منصفانہ اور یکساں سلوک کیا جائے۔ اگر دیگر صوبوں میں شہریوں کو نسبتاً کم فیس پر لائسنس، رجسٹریشن اور دیگر سرکاری سہولیات میسر ہیں تو پنجاب کے شہریوں کو کئی گنا زیادہ ادائیگی پر مجبور کرنے کی وجوہات بھی واضح ہونی چاہئیں۔ حکومت کا مقصد عوام کو سہولت دینا ہونا چاہیے، نہ کہ ہر مرحلے پر ان کے لیے مالی مشکلات میں اضافہ کرنا پنجاب حکومت میں ارباب اختیار کے گرد ایسے مشیر ہیں جن کو عوامی مشکلات اور زمینی حقائق کا کچھ علم نہیں ان ہی کے مشورے عوام پر بجلی گرانے کا سبب بن رہے ہیں عوام بخوبی جانتے ہیں مگر حکمرانوں کو بھی احساس ہونا چاہیے