ایف آئی اے کا امان اللہ کو تیسرا نوٹس جاری، 10 نومبر کو طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے کا انکشاف

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے امان اللہ کو انکوائری میں پیش نہ ہونے پر تیسرا نوٹس جاری کر دیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں امان اللہ کو 10 نومبر 2026 کو دوپہر 12 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔ ایف آئی اے کے مطابق امان اللہ اس سے قبل جاری کیے گئے دو نوٹسز کے باوجود انکوائری میں پیش نہیں ہوئے۔
امان اللہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انکوائری سے متعلق سوالات کے جوابات دیں اور متعلقہ دستاویزی و ڈیجیٹل شواہد بھی پیش کریں۔
ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ تیسرے نوٹس کی بھی کسی معقول وجہ کے بغیر عدم تعمیل کی صورت میں دستیاب شواہد اور متعلقہ قوانین کے تحت مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
امان اللہ کے خلاف ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد میں انکوائری نمبر 108/2026 زیرِ تفتیش ہے۔ ان پر حوالہ ہنڈی کے کاروبار اور اپنے 16 بینک اکاؤنٹس کے ذریعے مشکوک مالی لین دین کے الزامات ہیں، جن کی تحقیقات کے لیے انہیں طلب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود کو بھی نیب کی جانب سے 10 نومبر کو دوسرا کال اَپ نوٹس جاری کیے جانے کی اطلاع ہے۔
مزید پڑھیں





