کراچی، سفاری پارک کی ہتھنیوں مدھوبالا اور ملکہ کے علاج کیلئے غیر ملکی ماہرین پہنچ گئے

سفاری پارک میں ہتھنیوں مدھوبالا اور ملکہ کے علاج اور دیکھ بھال کا عمل جاری ہے، جبکہ بہتر علاج اور طبی معائنے کے لیے غیر ملکی ماہرین کی ٹیم کراچی پہنچ گئی۔
حکام کے مطابق ہتھنیوں کے علاج، خوراک اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ مدھوبالا کی بہتر صحت اور علاج کے لیے غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
سری لنکن ماہرین کی ٹیم ڈاکٹر بدیکا اور ڈاکٹر عامر خلیل کی سربراہی میں کراچی پہنچی ہے، جبکہ عالمی وائلڈ اینیمل تنظیم فور پاز کی ٹیم بھی ماہرین کے ہمراہ موجود ہے۔ فور پاز اور سری لنکن ماہرین مشترکہ طور پر مدھوبالا اور ملکہ کا طبی معائنہ اور علاج کریں گے۔
ماہرین کی جانب سے دونوں ہتھنیوں کے خون کے نمونے لیے جائیں گے، دیگر طبی ٹیسٹ اور ایکسرے بھی کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق مدھوبالا کو ٹی بی کے علاج کے باعث قوت مدافعت اور ہڈیوں کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
چڑیا گھر میں ہتھنی نورجہاں کی موت کے بعد مدھوبالا کو دو سال قبل سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا۔ مدھوبالا ہتھنی 14 ستمبر کو سفاری پارک میں کھڑے کھڑے گر گئی تھی، جس کے بعد اسے کرین منگوا کر اٹھایا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ہتھنیوں کے علاج اور صحت کی بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں





