کوہاٹ پولیس لائنز مسجد حملے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا

کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز مسجد پر فتنہ الخوارج کے حملے میں جاں بحق ہونے والے شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، وزیر اطلاعات شفیع اللہ جان، وزیر قانون آفتاب عالم، جنرل آفیسر کمانڈنگ، کمشنر کوہاٹ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات، شہداء کے اہلخانہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے موقع پر کوہاٹ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، جبکہ اعلیٰ حکام کی جانب سے شہداء کی میتوں پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی گئی۔ پولیس، افواج پاکستان اور سول افسران نے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیے گئے۔ اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ شہداء کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا اور دہشتگردوں پر خیبرپختونخوا کی سرزمین تنگ کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بزدل دہشتگردوں نے نماز جمعہ ادا کرنے والے نمازیوں کو نشانہ بنایا۔ ان کے بقول یہ بزدلانہ فعل اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دہشتگردوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ آئی جی خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا رہا ہے، جبکہ حملے میں ملوث سہولتکاروں کو بھی جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
مزید پڑھیں





