بیسٹ وے گروپ کے اشتراک سے گیلی کی پاکستان میں انٹری، تین نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیاں متعارف

چین کی آٹو کمپنی گیلی آٹو نے بیسٹ وے گروپ کے اشتراک سے پاکستان میں اپنی گاڑیاں متعارف کرا دی ہیں۔ اس موقع پر نئی توانائی سے چلنے والی تین گاڑیاں پیش کی گئیں، جن میں چھوٹی الیکٹرک ہیچ بیک گیلی ای ایکس 2، الیکٹرک ایس یو وی گیلی ای ایکس 5 اور پلگ اِن ہائبرڈ ایس یو وی گیلی اسٹارے ای ایم آئی شامل ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیسٹ وے گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر عرفان محمد شیخ نے کہا کہ بیسٹ وے آٹوموٹیو پاکستان میں گیلی کی واحد مجاز ڈسٹری بیوٹر ہے۔
ایک بیان کے مطابق، گیلی کی گاڑیوں کی رونمائی کے ساتھ بیسٹ وے گروپ نے پاکستان کے آٹو موبائل شعبے میں قدم رکھا ہے۔ یہ پیش رفت ملک میں گروپ کے طویل مدتی سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو میں ایک تزویراتی توسیع ہے۔
تفصیلات کے مطابق، کمپنی ابتدا میں درآمد شدہ گاڑیوں کے ذریعے پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہوگی، جبکہ کراچی میں پورٹ قاسم کے مقام پر واقع 24.71 ایکڑ پر محیط اپنے کارخانے کو مکمل طور پر کھلے پرزوں کی درآمد اور مقامی اسمبلنگ (سی کے ڈی) کے لیے تیار کر رہی ہے۔ اس کارخانے میں 4 لاکھ 3 ہزار مربع فٹ سے زیادہ کا احاطہ شدہ رقبہ موجود ہے اور یہاں سالانہ 25 ہزار گاڑیاں اسمبل کرنے کی گنجائش ہے۔ بیسٹ وے کا ہدف ہے کہ اگلے سال تک مقامی طور پر اسمبل کی گئی گیلی گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں ہوں۔
مزید پڑھیں





