گوجرخان،ہاؤسنگ سکیم 2 میں 9 سالہ بچی سے مبینہ نازیبا حرکات، مقدمہ درج

والد کی مدعیت میں نامزد ملزم کے خلاف کارروائی، پولیس نے تفتیش شروع کر دی
آبادیوں میں بھینسوں کے باڑوں اور کھلے جانوروں سے شہری پریشان، منتقلی کا مطالبہ
گوجرخان (قمر شہزاد) تھانہ گوجرخان کی حدود ہاؤسنگ سکیم 2 میں 9 سالہ بچی کے ساتھ بھینسوں کے ڈیرے پر مبینہ نازیبا حرکات کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ تھانہ گوجرخان میں درج مقدمہ نمبر 873/26 کے مطابق بچی کے والد مستغیث ف نے پولیس کو درخواست دی کہ ان کی بیٹی ح حسبِ معمول شام کے وقت گھر کے قریب بھینسوں کے ڈیرے پر دودھ لینے گئی تھی، جہاں موجود نامزد ملزم خرم مبینہ طور پر اسے ڈیرے کے اندر لے گیا اور نازیبا حرکات کیں۔ درخواست کے مطابق بچی نے گھر پہنچ کر والدین کو واقعے سے آگاہ کیا۔ پولیس نے والد کی مدعیت میں نامزد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب شہری حلقوں نے گوجرخان سٹی، ہاؤسنگ سکیم 2 اور دیگر رہائشی آبادیوں کے اندر قائم بھینسوں کے باڑوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنگ گلیوں اور چھوٹے گھروں والے محلوں میں بھینسوں کے باڑے شہری زندگی کے لیے مستقل اذیت بنتے جا رہے ہیں۔ بدبو، گوبر، گندے پانی اور صفائی کے مسائل کے علاوہ بعض باڑوں سے جانوروں کو کھلا چھوڑ دینا بھی معمول بن چکا ہے۔ شہریوں کے مطابق بھینسیں گلیوں میں گھومتی، جگہ جگہ گوبر کرتی ہیں، جس سے صفائی عملے کی محنت پر پانی پھر جاتا ہے اور صاف کی گئی گلیاں دوبارہ گندگی سے بھر جاتی ہیں۔ ان تنگ گلیوں میں کھیلنے والے بچوں اور پیدل چلنے والوں کے لیے کھلے جانور خطرہ بن سکتے ہیں، جبکہ خواتین اور بچیوں کا دودھ لینے کے لیے ایسے ڈھیروں پر جانا بھی تحفظ اور سماجی لحاظ سے تشویش کا باعث ہے۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ رہائشی گلیاں آخر کب تک ڈیری کاروبار کی بے ضابطگیوں، جانوروں کی آزادانہ آمدورفت اور صفائی کے بوجھ تلے دبی رہیں گی؟ انہوں نے انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اور ہاؤسنگ سکیموں میں قائم تمام باڑوں کی جانچ پڑتال، مالکان اور وہاں موجود افراد کی تصدیق، صفائی و حفاظتی ضوابط پر سختی سے عملدرآمد اور شہری قواعد کے منافی باڑوں کو آبادی سے باہر منتقل کیا جائے۔
مزید پڑھیں




