گوجرخان چلڈرن ہسپتال میں 10 سالہ بچی دورانِ علاج دم توڑ گئی، لواحقین کا احتجاج
ڈرپ لگنے کے بعد حالت بگڑنے کا الزام، انتظامیہ کا تشویشناک حالت میں لانے اور راولپنڈی ریفر کرنے کا مؤقف
ایس ایچ او کی بار بار کوشش کے باوجود ورثا پوسٹ مارٹم پر رضامند نہ ہوئے، میت لے کر گھر روانہ
گوجرخان (قمرشہزاد) ہاؤسنگ سکیم پڑاؤ میں واقع چلڈرن ہسپتال میں گزشتہ شب 10 سالہ بچی فاطمہ نور کے انتقال پر لواحقین نے مبینہ طبی غفلت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ڈاکٹر کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او گوجرخان چوہدری جمیل پولیس نفری کے ہمراہ ہسپتال پہنچ گئے اور لواحقین کے بیانات قلم بند کیے۔ ورثا نے الزام عائد کیا کہ بچی کو ڈرپ لگانے کے فوراً بعد اس کی حالت اچانک بگڑ گئی، اسے کھانسی اور سانس لینے میں شدید دشواری پیش آئی۔ ڈاکٹر نے سانس بحال کرنے کے لیے سینے پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی، تاہم بچی جانبر نہ ہو سکی۔بچی کی نانی رخسانہ شاہین کے مطابق ان کی نواسی، جو محمد شعیب کی بیٹی تھی، گزشتہ تین روز سے پیشاب کی تکلیف میں مبتلا تھی۔ اسے پہلے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرخان لے جایا گیا، جہاں معائنے کے بعد ادویات دے کر گھر بھیج دیا گیا۔ طبیعت میں بہتری نہ آنے پر وہ تقریباً دو بجے بچی کو چلڈرن ہسپتال لے گئیں، جہاں ڈاکٹر نے معائنے کے بعد ادویات تجویز کرتے ہوئے ڈرپ لگانے کی ہدایت کی۔ ان کا الزام ہے کہ ڈرپ شروع ہوتے ہی بچی کی طبیعت بگڑ گئی اور سانس لینے میں دشواری بڑھنے لگی۔ دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ بچی کو جب ہسپتال لایا گیا تو اس کی حالت تشویشناک تھی، اسے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور مزید علاج کے لیے راولپنڈی ریفر کر دیا گیا، جہاں پہنچنے کے تین سے چار گھنٹے بعد اس کا انتقال ہوا۔ پولیس نے واقعے کی وجوہات اور الزامات کی تصدیق کے لیے پوسٹ مارٹم کی اہمیت سے لواحقین کو آگاہ کیا۔ ایس ایچ او چوہدری جمیل نے بارہا سمجھایا کہ قانونی کارروائی اور حقائق کے تعین کے لیے پوسٹ مارٹم ضروری ہے، تاہم ورثا انکار کرتے رہے اور بالآخر بچی کی میت لے کر گھر روانہ ہو گئے۔ لواحقین نے ڈاکٹر کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں





