Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

گرل فرینڈ کے ساتھ دیکھے جانے پر شوہر کی بیوی کو گاڑی سے کچلنے کی کوشش


بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو دوسری خاتون کے ساتھ گاڑی میں سفر کرتے دیکھ کر روک لیا، جس کے بعد دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

خاتون نے الزام عائد کیا کہ شوہر اور اس کے ساتھ موجود خاتون نے اسے گاڑی سے کچلنے کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کے روز لوہیا نگر تھانے کی حدود میں ہاپوڑ روڈ پر ایل بلاک پولیس چوکی کے قریب پیش آیا، جہاں قاضی پور کی رہائشی 32 سالہ سنیتا نے اپنے شوہر 36 سالہ میانک کو 34 سالہ ماہی ورما کے ساتھ گاڑی میں دیکھا اور انہیں روک لیا۔


خاتون کے مطابق شوہر سے بحث کے دوران میانک نے مبینہ طور پر گاڑی اس پر چڑھانے کی کوشش کی۔ سنیتا نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ میانک اور اس کے ساتھ موجود خاتون نے اسے گالیاں دیں، جھاڑیوں میں دھکا دیا اور گلا دبانے کی کوشش کی۔

واقعے کی ایک مبینہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے، جس میں ایک خاتون گاڑی کے بونٹ پر لٹکی ہوئی نظر آتی ہے جبکہ گاڑی آگے بڑھنے کی کوشش کرتی دکھائی دیتی ہے۔

پولیس نے گاڑی میں موجود مرد اور خاتون کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے، دونوں ملزمان کے خلاف قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔