جمعرات، 12 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

حسن سے بھری جھیلوں کا جہاں، چکوال، تحریر: ایمن ریاض

نقطہ نظر
aiman riaz

پاکستان کی سرزمین تو ویسے ہی قدیم اسرار سے بھری پڑی ہے۔ قدرتی حسن اور معدنیات سے مالا مال یہ ملک اپنی مثال آپ ہے۔ پاکستان کا شہر کراچی ہو یا اسلام آباد، پشاور ہو یا کوئٹہ، سب ہی اپنے بے مثال حسن کی وجہ سے دنیا والوں کی آنکھیں خیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایسا ہی پاکستان کا ایک شہر چکوال ہے، پاکستان کے صوبہ پنجاب میں واقع ایک ایسا ضلع جس کا نمک پورا پاکستان استعمال کرتا ہے۔ یہ شہر کتنا پرانا ہے؟ اس سوال کا حتمی جواب اب تک نہیں مل سکا۔ یہ شہر اپنے اندر کئی زمانے سموئے ہوئے ہے۔ ایک روایت کے مطابق چکوال پانچ ہزار سال پرانا شہر ہے۔ یہ جتنا قدیم ہے، ورثے اور خوب صورتی میں بھی اتنا ہی بے مثال ہے۔ چکوال شہر کی خوب صورتی کا اندازہ آپ ظہیر الدین بابر کے اس قول سے لگا سکتے ہیں:

”مجھے تو یہ شہر کشمیر کا بچہ لگتا ہے۔“

چکوال کا نام میر منہاس راجپوت کے قبیلے کے سردار ”چاقو خان“ کے نام پر رکھا گیا۔ چکوال کو 1985ء میں ضلع کا درجہ دیا گیا۔ اس سے پہلے دورِ برطانیہ میں چکوال ضلع جہلم کی تحصیل تھا۔ قیامِ پاکستان کے وقت یہاں آباد بہت سے ہندو اور سکھ ہجرت کر کے بھارت چلے گئے۔

یہ ضلع پانچ اضلاع یعنی جہلم، راولپنڈی، اٹک، میانوالی اور خوشاب کے درمیان قدرتی حسن سے لبریز ایک خطہ ہے۔ اس کا کل رقبہ 6,524 مربع کلومیٹر ہے اور آبادی تقریباً 15 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ یہ پانچ تحصیلوں چکوال، کلر کہار، چوآ سیدن شاہ، تلہ گنگ اور لاوہ پر مشتمل رہا ہے (اب تلہ گنگ کو الگ ضلع کا درجہ مل چکا ہے)۔ یہ بنیادی طور پر دیہی طرز کا علاقہ ہے جو 420 دیہات پر مشتمل ہے۔ اس خطے میں کئی پرانی تہذیبیں مدفن ہیں۔ ہندوؤں کا نہایت مقدس مندر ”کٹاس راج“ بھی چکوال ہی میں واقع ہے۔

کلر کہار چکوال کا خوب صورت ترین علاقہ ہے۔ یہ ”تختِ بابری“ کی وجہ سے بھی مشہور ہے، جہاں کابل سے دہلی جاتے وقت شہنشاہ بابر قیام کیا کرتا تھا۔ بھارت کے سابق وزیرِ اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کا تعلق بھی چکوال ہی کے ایک گاؤں (گاہ) سے تھا۔

دنیا کے قدیم ترین ڈائنوسار کے ڈھانچے کے آثار بھی چکوال کے ”بن امیر“ نامی جنگل سے دریافت ہوئے تھے۔ ضلع چکوال میں پتھر کے ایسے اوزار بھی ملے ہیں جن کی عمر تقریباً سات ہزار سال قبلِ مسیح بنتی ہے۔ علاقائیت کے نظریے کے مطابق انسان کا ظہور بھی اسی خطے میں ہوا تھا۔

اس علاقے کو ”مارشل ایریا“ بھی کہا جاتا ہے۔ چکوال کے بارے میں مشہور ہے کہ ”یہاں کا ہر دوسرا بندہ فوجی اور تیسرا شاعر ہے“۔ اس مٹی نے ایسے عظیم سپوت پیدا کیے جنہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔

کلر کہار، چوآ سیدن شاہ، قلعہ کٹاس راج، کھنڈوا جھیل (سویک لیک)، نیشنل پارک، دھرابی جھیل، کوٹ راجہ ڈیم اور کھائی ڈیم یہاں کے مشہور سیاحتی مقامات ہیں۔ ہندوؤں کے کئی قدیم مندروں کا آج بھی یہاں بسیرا ہے؛ ملکانہ، بھون اور تلہ گنگ میں قدیم مندر خاموش تاریخ کی گواہی دیتے نظر آتے ہیں۔

چکوال اعلیٰ نسل کے گھوڑوں اور بیلوں کے لیے بھی مشہور ہے۔ یہ ضلع پاکستان کے نقشے پر ایک شاہکار کی حیثیت رکھتا ہے اور اسے ”حسن سے بھری جھیلوں کا جہاں“ کہا جاتا ہے۔ یہاں کے لوگوں میں ثقافت کی گہری جھلک نظر آتی ہے۔ ماضی میں یہاں سارا سال کوئی نہ کوئی میلہ لگا رہتا تھا۔ تلہ گنگ کی صنعت میں بننے والے مخصوص جوتوں کی مانگ دنیا بھر میں ہے۔

معدنیات سے مالا مال پوٹھوہار کی یہ سرزمین نمک، کوئلہ، ماربل، پیٹرولیم اور لوہے کے ذخائر سے بھری پڑی ہے۔ یہاں کی مشہور سوغات ”ریوڑی“ ہے۔ یہاں کی زبان پنجابی ہے، جس میں شاہ پوری اور جٹکی لہجے بولے جاتے ہیں۔ یہاں کے لوگ دلیر اور سخت جان ہیں۔ خاندانوں اور برادریوں کا اثر چکوال میں اب بھی بہت گہرا ہے؛ چودھری، اعوان اور راجپوت اس خطے کے نمایاں قبائل ہیں، اور لوگ عموماً اپنی ہی برادری میں شادی کو ترجیح دیتے ہیں۔

چکوال کو غازیوں اور شہیدوں کے علاوہ اولیائے کرام کی سرزمین بھی کہا جاتا ہے۔ یہاں ایک مشہور کہاوت ہے کہ ”دھن پیر فقیر دی رن“، یعنی اس علاقے میں پیروں فقیروں اور درویشوں کی کثرت رہی ہے، اور جتنی خانقاہیں اور مزارات یہاں ہیں شاید ہی کہیں اور ہوں۔

یہ شہر قدرت کی طرف سے ایک انعام ہے جس میں آپ کو رنگا رنگ تہذیبوں کے آثار، ثقافتی رنگ میں رنگے لوگ اور مٹھاس بانٹتی ریوڑیاں ملیں گی۔ اس خطے کا عرقِ گلاب بھی بہت مشہور ہے۔ جو لوگ روزگار کے سلسلے میں بڑے شہروں میں جا بسے ہیں، وہ آج بھی اپنے آبائی دیہات سے خالص سرسوں کا تیل اور گندم ساتھ لے کر جاتے ہیں۔

افسوس کی بات یہ ہے کہ ہزاروں سال پرانا اور ثقافتی و تاریخی لحاظ سے ایک شاہکار ہونے کے باوجود یہ شہر دنیا کی نظروں سے اوجھل ہے۔ شہیدوں، غازیوں اور شاعروں کی یہ سرزمین آج بہت سے مسائل کا شکار ہے۔ سیاحتی مقامات سے مالا مال ہونے کے باوجود یہ علاقہ مالی وسائل کی قلت سے دوچار ہے۔ جھیلوں اور کنوؤں کی اس سرزمین کے باسی خود پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ جس طرح یہ خطہ باقی دنیا کے لیے گم نام ہے، شاید ویسے ہی ہمارے حکمرانوں کی ترجیحات سے بھی غائب ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں کی بہت سی تاریخی عمارتیں زمیں بوس ہوتی جا رہی ہیں یا تختِ بابری کی طرح اپنی اصل پہچان کھوتی چلی جا رہی ہیں۔

چکوال کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہاں دنیا کی دوسری بڑی نمک کی کان (کھیوڑہ) موجود ہے۔ کروڑوں سال پرانی یہ نمک کی کان کیمبرین عہد سے وابستہ ہے، جس کا سلسلہ سینکڑوں کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے اور یہاں کروڑوں ٹن نمک کے ذخائر موجود ہیں۔ یہاں لاکھوں روپے کی لاگت سے ایک میوزیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جو دیگر بہت سے وعدوں کی طرح تاحال حکمرانوں کی نظرِ کرم کا منتظر ہے۔ مگر حکمران تو حکمران، عوام کی اکثریت بھی پوٹھوہار کی اس عظیم اور ہزاروں سال پرانی تاریخ رکھنے والی سرزمین کے مسائل تو درکنار، اس کی تاریخ سے بھی ناواقف ہے۔

یہاں دریافت ہونے والے فوسلز دو کروڑ بیس لاکھ سال پرانے ہیں۔ ضلع چکوال پر اگر مزید تحقیق کی جائے تو کئی گم گشتہ تہذیبی خزانوں کا سراغ مل سکتا ہے۔ یہاں قدیم تہذیبوں کے ایسے آثار مل سکتے ہیں جو اب تک دنیا کے سامنے نہیں آئے۔ یہ علاقہ پاکستان کے لیے کسی ہفت اقلیم کی دولت سے کم نہیں۔ اگر اس خطے پر سنجیدگی سے تحقیق اور توجہ دی جائے تو ایسے ایسے شاہکار سامنے آئیں گے جن سے دنیا بھر کی نظریں پاکستان کی طرف مرکوز ہو جائیں گی۔