بدھ، 28 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

انسٹاگرام نے طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کا نیا فیچر متعارف کروا دیا


انسٹاگرام نے مختصر ویڈیوز کے بعد اب طویل دورانیے کی ویڈیوز کے لیے بھی نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت منتخب صارفین اور کریئیٹرز 90 منٹ تک کی افقی ویڈیوز پوسٹ کرسکیں گے۔

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے اس نئے فیچر کا اعلان پلیٹ فارم کی نائب صدر برائے مصنوعات ٹیسا لیونز کے ساتھ شیئر کی گئی 6 منٹ کی ویڈیو کے ذریعے کیا۔ اس فیچر کا نام ’فیچرز‘ رکھا گیا ہے، جس کا مقصد پوڈکاسٹرز، کامیڈی کریئیٹرز اور طویل دورانیے کا مواد تیار کرنے والے دیگر افراد کو اپنی ویڈیوز شیئر کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

یہ فیچر ابتدائی طور پر امریکا کے بعض کریئیٹرز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، ٹیسا لیونز کے مطابق انسٹاگرام پر تخلیقی مواد کے ذریعے لوگوں کو جوڑنا بنیادی مقصد ہے، جبکہ تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار صرف مختصر ویڈیوز یا تصاویر پر مشتمل پوسٹس تک محدود نہیں۔ نئے فیچر کے تحت طویل ویڈیوز کے ساتھ مختصر پروموشنل کلپس بھی شیئر کیے جاسکیں گے، جو انسٹاگرام ریلز کی صورت میں دکھائی دیں گے۔

صارفین ان مختصر کلپس پر کلک کرکے متعلقہ مکمل ویڈیو بھی دیکھ سکیں گے، اس طرح پوڈکاسٹس اور دیگر طویل ویڈیوز بنانے والے کریئیٹرز اپنی مختصر ریلز کے ذریعے ناظرین کو مکمل مواد تک رسائی دے سکیں گے۔ انسٹاگرام نے ویڈیو مواد کے حوالے سے ایک اور فیچر سیریز متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے متعدد اقساط پر مشتمل ویڈیوز شیئر کی جاسکیں گی۔

یہ فیچر امریکا، بھارت اور میکسیکو کے بعض کریئیٹرز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ مستقبل میں اسے مزید ممالک تک توسیع دینے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ انسٹاگرام اپنے لائیو اسٹریمز کو بھی ریلز فیڈ میں شامل کرنے کی تیاری کررہا ہے، اس تبدیلی کے نتیجے میں لائیو نشریات ایسے صارفین کو بھی تجویز کی جاسکیں گی جو متعلقہ اکاؤنٹس کو فالو نہیں کرتے۔

انسٹاگرام نے اپنی ٹی وی سروس کو بھی وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت انسٹاگرام فار ٹی وی ایپل ٹی وی پر بھی دستیاب ہوگی۔