190 ملین پاؤنڈ کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ کا بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پرحکمنامہ جاری

اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات کے حوالے سے اہم حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے دو صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ توقع ہے کہ سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد سیاسی معاملات پر بات نہیں کریں گے اور خود کو صرف قانونی امور تک محدود رکھیں گے۔ دونوں وکلا انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور عدالت کو ان سے یہی توقع ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ ایڈووکیٹ جنرل بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات کرائیں گے اور ملاقات کا دورانیہ ایک گھنٹے سے کم نہیں ہوگا۔سماعت کے دوران لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملاقات نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپیلوں پر دلائل دینے کے قابل نہیں ہیں۔ سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ انہیں اپیل پر دلائل دینے کے لیے ہدایات مل چکی ہیں، تاہم ملاقات کا دورانیہ کم تھا۔وکلا کی استدعا پر عدالت نے دلائل کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔
عدالت نے آفس کو ہدایت کی کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس سے متعلق اپیلوں کی پیپر بکس سات روز میں تیار کی جائیں۔ عدالتی حکم کے مطابق اپیلوں کی سماعت کے لیے ضروری دستاویزات کی تیاری مقررہ مدت میں مکمل کی جائے۔
مزید پڑھیں




