جب سیاست کا محور عوامی فلاح بنے تو تاریخ کے ایوانوں میں نئے سوال جنم لیتے ہیں،تجزیہ:شہزاد قریشی
نقطہ نظر
نواز شریف سے مریم نواز تک: عوامی خدمت، سیاسی مزاحمت اور پاکستان کی بدلتی سیاسی تاریخ کا ایک اہم باب
حکمران نہیں، عوام کا مستقبل اہم ہے سیاسی مخالفت سے بالاتر ہو کر قومی ترقی کا تحفظ ناگزیر ہے!
تجزیہ: شہزاد قریشی
پاکستان کی سیاست کا طویل مشاہدہ کرنے کے بعد، اپنی عمر کے اس حصے میں نوجوان نسل سے ایک بات کہنا چاہتا ہوں سیاست کو نعروں اور شخصیات کی مخالفت کے بجائے عوامی فلاح و بہبود کے پیمانے پر پرکھنا چاہیے۔میں نے پاکستان میں سیاسی جماعتوں کے عروج و زوال، اقتدار کی تبدیلیوں اور سیاست دانوں کی وفاداریاں بدلتے دیکھی ہیں۔ تاریخ کا مطالعہ کریں تو میاں نواز شریف کا سیاسی سفر بھی کئی نشیب و فراز سے گزرا۔ 1985ء میں وزیراعلیٰ پنجاب بننے سے وزارتِ عظمیٰ تک انہوں نے مختلف ادوار میں ترقیاتی اور عوامی فلاح کے منصوبے شروع کیے، لیکن ان کے سیاسی سفر میں جلاوطنی، قید اور طویل تنازعات بھی شامل رہے۔ آج ان کی صاحبزادی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تعلیم، صحت، عوامی سہولتوں اور امن و امان کے شعبوں میں متعدد اقدامات کر رہی ہیں۔ دانش اسکولوں کے ذریعے مستحق بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور جرائم پیشہ عناصر، قبضہ مافیا اور غنڈہ گردی کے خلاف کارروائیاں اہم حکومتی ذمہ داریاں ہیں۔ تاہم مریم نواز شریف بھی ایک سیاسی حکمران ہیں، کوئی فرشتہ نہیں۔ ان سے انتظامی غلطیاں ہو سکتی ہیں اور ان کی حکومت پر تنقید بھی ہونی چاہیے۔ کرپشن کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہئیں، مگر الزامات کو ثبوت کے بغیر حقیقت قرار دینا مناسب نہیں۔ میرا سوال صرف اتنا ہے کہ سیاسی مخالفت میں کہیں ہم عوامی مفاد کو تو نقصان نہیں پہنچا رہے؟ حکومت کسی بھی جماعت کی ہو، اگر اس کے منصوبوں سے غریب بچوں کو تعلیم، عام شہری کو تحفظ اور عوام کو بنیادی سہولتیں ملتی ہیں تو ان اقدامات کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ یاد رکھیے! پاکستان کسی سیاسی جماعت یا خاندان کی ملکیت نہیں۔ یہ پوری قوم کا وطن ہے۔ حکمران بدلتے رہتے ہیں، لیکن عوام کا مستقبل، نوجوان نسل کی تعلیم اور قومی ترقی سب سے زیادہ اہم ہیں۔ نوجوان نسل سے میری گزارش ہے کہ شخصیات نہیں، کارکردگی دیکھیں؛ نعروں نہیں، حقائق پر یقین کریں اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر پاکستان کے مفاد کو ترجیح دیں۔





