قصور،بونگہ گنڈا سنگھ والا کے مکینوں کا خستہ حال سڑک کی تعمیر کے لیے احتجاج
قصور،بونگہ گنڈا سنگھ والا کے مکینوں کا خستہ حال سڑک کی تعمیر کے لیے احتجاج، ’’روڈ دو، ووٹ لو‘‘ کے نعرے
تھہ شیخم قصور کے نواحی گاؤں بونگہ گنڈا سنگھ والا کے مکینوں نے گزشتہ 50 سال سے خستہ حالی کا شکار رابطہ سڑک کی تعمیر کے لیے احتجاج کرتے ہوئے پلے کارڈز اٹھا لئے، جن پر ’روڈ دو، ووٹ لو‘ کے نعرے درج تھے
اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب، ضلعی انتظامیہ قصور اور اپنے منتخب نمائندوں سے سڑک کی فوری تعمیر کا مطالبہ کیا ہے،بونگہ گنڈا سنگھ والا اور ایشری سنگھ والا کو ملانے والی رابطہ سڑک طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے مظاہرین کے مطابق سڑک پر تقریباً 50 سال قبل اینٹوں کی سولنگ کی گئی تھی، جس کے بعد اس کی مناسب مرمت اور پختگی نہ ہونے کے باعث اب سڑک کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ جگہ جگہ سے اینٹیں اکھڑ چکی ہیں جبکہ گہرے گڑھوں کے باعث آمدورفت اہل علاقہ کے لیے عذاب بن گئی ہے،احتجاج کرنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث روزانہ موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ حادثات اور گاڑیوں کے نقصان کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچانا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے اور بعض اوقات مریض راستے ہی میں دم توڑ جاتے ہیں
اہل علاقہ کے مطابق سڑک کی تباہ حالی نے طلبہ و طالبات کی مشکلات میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ اسکولوں اور کالجوں میں جانے والے بچوں کو روزانہ آمدورفت کے دوران اذیت برداشت کرنا پڑتی ہے، جبکہ کسانوں اور زمینداروں کو اپنی تیار فصلیں اور اجناس قصور سمیت دیگر منڈیوں تک پہنچانے میں اضافی وقت، کرایے اور مالی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں،مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ سڑک علاقے کی معیشت اور عوامی آمدورفت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لیکن طویل عرصے سے عدم توجہی کے باعث ہزاروں مکین بنیادی سفری سہولت سے محروم ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس دیرینہ عوامی مسئلے کو مزید نظر انداز کرنے کے بجائے فوری اقدامات کیے جائیں
اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب، ضلعی انتظامیہ قصور، مقامی منتخب نمائندوں ایم این اے ملک رشید احمد خان اور متعلقہ ایم پی اے چوہدری الیاس گجر سمیت دیگر حکام سے اپیل کی کہ سڑک کی تعمیر کے لیے فوری فنڈز جاری کیے جائیں اور اسے پختہ کارپٹ روڈ بنایا جائے تاکہ شہریوں، طلبہ، مریضوں اور کسانوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے،مظاہرین نے واضح کیا کہ ان کا مطالبہ کسی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر بنیادی عوامی سہولت کی فراہمی ہے۔ ان کے بقول، نصف صدی سے زیر التوا اس مسئلے کا حل اب مزید مؤخر نہیں ہونا چاہیے اور متعلقہ حکام کو عملی اقدامات کرتے ہوئے سڑک کی تعمیر یقینی بنانی چاہیے،اہل علاقہ نے امید ظاہر کی کہ حکام ان کی آواز سنیں گے اور بونگہ گنڈا سنگھ والا و گردونواح کے مکینوں کو خستہ حال سڑک سے نجات دلانے کے لیے جلد عملی پیش رفت کریں گے
رپورٹ غنی محمود قصوری
ڈویژنل بیورو چیف باغی ٹی وی
مزید پڑھیں





