قصور،شہر و گردونواح میں سموگ کی خطرناک صورتحال

قصور،شہر و گردونواح میں سموگ کی خطرناک صورتحال، ایئر کوالٹی انڈیکس 814 تک پہنچ گیا، انتظامیہ سے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ
تفصیلات کے مطابق آج 11 نومبر 2026) کو قصور میں فضائی آلودگی اور سموگ کی صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے
عالمی ادارے IQAir کی جانب سے 11 نومبر کو صبح 6 بجے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق قصور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 814 ریکارڈ کیا گیا ہے جو خطرناک ترین درجے میں شمار ہوتا ہے
رپورٹ کے مطابق فضا میں PM2.5 آلودہ ذرات کی مقدار 483 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی
سموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ قصور، محکمہ ماحولیات، ٹریفک پولیس اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ ہے کہ شہریوں کو فضائی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں
انتظامیہ شہر اور گردونواح میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرے، صنعتی یونٹس اور بھٹوں کی ماحولیاتی قوانین کے مطابق نگرانی کی جائے، فصلوں کی باقیات جلانے اور کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، جبکہ تعمیراتی مقامات پر پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے تاکہ گردوغبار میں کمی لائی جا سکے
اس کے علاوہ شہر کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور گنجان آباد علاقوں میں صفائی اور گردوغبار پر قابو پانے کے لیے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے۔ متعلقہ محکمے روزانہ کی بنیاد پر فضائی آلودگی کی صورتحال مانیٹر کریں اور شہریوں کو مستند اعدادوشمار اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ رکھیں
ماہرین کی جانب سے شہریوں کے لیے ہدایات ہیں کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور باہر جاتے وقت اچھی کوالٹی کا N95 ماسک استعمال کریں، گھروں اور گاڑیوں کی کھڑکیاں بند رکھیں اور صبح و شام کی سیر، ورزش اور غیر ضروری بیرونی سرگرمیوں سے اجتناب کریں
بچوں، بزرگوں، حاملہ خواتین اور سانس یا دل کے مریضوں کا خصوصی خیال رکھا جائے، آنکھوں میں جلن، سانس لینے میں دشواری یا سینے میں تکلیف کی صورت میں فوری طبی مشورہ حاصل کریں
اہلیان قصور کی ضلعی انتظامیہ سے اپیل ہے کہ سموگ کے خلاف صرف اعلانات تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات
مسلسل نگرانی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنائی جائے تاکہ قصور کے شہریوں کو صاف اور صحت مند فضا میسر آ سکے
رپورٹ غنی محمود قصوری
ڈویژنل بیورو چیف باغی ٹی وی
مزید پڑھیں





