Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کھاڈی کو شاپنگ بیگ پر 30 روپے وصول کرنا مہنگا پڑگیا، شکایت پر کنزیومر کورٹ کا جرمانہ


پشاور: صارف سے شاپنگ بیگ کے 30 روپے وصول کرکے اسی بیگ پر اپنے برانڈ کی تشہیر کرنے پر معروف برانڈ کھاڈی کو 25 ہزار روپے ہرجانہ اور 25 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ پشاور کی کنزیومر پروٹیکشن کورٹ نے کھاڈی کو ہدایت کی ہے کہ شاپنگ بیگ کے عوض صارف سے وصول کیے گئے 30 روپے بھی شکایت کنندہ کو واپس کیے جائیں۔ عدالت کا یہ فیصلہ بدھ کو اس شکایت پر سنایا گیا جو گزشتہ سال دسمبر میں کھاڈی کے لوگو والے کیئرنگ بیگ کے لیے صارف سے اضافی رقم وصول کرنے کے خلاف دائر کی گئی تھی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ صارف سے شاپنگ بیگ کی اضافی رقم وصول کرنے کے ساتھ ساتھ اسی صارف کے خرچ پر کمپنی کے برانڈ کی تشہیر کرنا غیر منصفانہ تجارتی عمل کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے کھاڈی کو 25 ہزار روپے ہرجانہ اور 25 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا، جبکہ شاپنگ بیگ کے لیے وصول کیے گئے 30 روپے بھی صارف کو واپس کرنے کی ہدایت کی۔