منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کتابوں کا بوجھ اور معصوم بچے،تحریر: سماویہ اعظم

نقطہ نظر
samavia khayal

بقول ندا فاضلی:

بچوں کے چھوٹے ہاتھوں کو چاند ستارے چھونے دو

چار کتابیں پڑھ کر یہ بھی ہم جیسے ہو جائیں گے


ہمارے معاشرے میں جیسے ہی بچہ بولنے اور سمجھنے کے قابل ہوتا ہے اسے فوراً اسکول داخل کروا دیا جاتا ہے حالاں کہ تربیت کا آغاز تو گھر کے ماحول سے ہوتا ہے۔ اصل مسئلہ کتابوں کا نہیں بلکہ ہمارے تعلیمی نظام کا ہے۔ ہمیں اپنے نصاب کو مشکل بنانے کے بجائے آسان اور دل چسپ بنانا ہو گا تاکہ بچے کتابوں کو بوجھ نہ سمجھیں۔ جب ان پھول جیسے معصوم بچوں پر مسلسل پڑھائی کا دباؤ ڈالا جاتا ہے یوں وہ جسمانی تھکن کے ساتھ ساتھ ذہنی دباؤ کا بھی شکار ہو جاتے ہیں۔ بچوں پر ہوم ورک کا غیر ضروری بوجھ ڈالنے کے بجائے انہیں عملی طور پر سکھانے پر توجہ دینی چاہیے۔ اگر تدریس کا انداز دل چسپ ہو تو بچہ ہر چیز شوق سے سیکھتا ہے۔ اس کے برعکس اگر وہ چوبیس گھنٹے کتابوں، ہوم ورک اور امتحانات کے خوف میں الجھا رہے تو اس کی ذہنی نشوونما بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ اساتذہ کو بھی چاہیے کہ وہ بچوں کے ساتھ سختی کے بجائے دوستانہ رویہ اختیار کریں۔ تعلیم کا مقصد صرف امتحانات میں ٹاپ کرنا یا پوزیشنیں حاصل کرنا نہیں بلکہ ایک ایسا انسان بننے میں ہے جو اپنے علم اور کردار سے معاشرے کو فائدہ پہنچا سکے۔ بچپن انسانی زندگی کا سب سے حسین دور ہوتا ہے۔ یہی وہ عمر ہوتی ہے جب بچے اپنی معصوم شرارتوں سے گھر میں رونق لگائے رکھتے ہیں اور والدین ان کی باتوں سے محظوظ ہوتے ہیں مگر افسوس جس عمر میں بچوں کو کھیلنا چاہیے اس عمر میں وہ کتابوں اور بستوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ ننھے بچوں کے نازک کندھوں پر لٹکتے ان کے وزن سے بھی زیادہ بھاری بستے دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ صبح سویرے نیند سے بوجھل آنکھوں کے ساتھ زبردستی اسکول جانا پھر اسکول سے واپسی پر ہوم ورک اور اس کے بعد ٹیوشن کا لامتناہی دباؤ یہ سب کچھ ان معصوم بچوں کے بچپن اور خوشیوں کو ان سے چھین رہا ہے۔ والدین یہ بات بھول جاتے ہیں کہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے کھیل کود اور سیر و تفریح بھی اتنی ہی ضروری ہے کیوں کہ محرومیوں میں گزرا ہوا بچپن انسان کی شخصیت پر گہرے اثرات چھوڑتا ہے۔ تعلیم کا مقصد ہرگز یہ نہیں کہ بچہ کتابوں کو عذاب سمجھنے لگے۔ تعلیم انسان کی شخصیت کو سنوارتی ہے اور اسے سمجھنے کا سلیقہ سکھاتی ہے۔ ایک ایسا تعلیمی نظام تشکیل دیا جائے جو بچوں کو خوف، رٹے اور دباؤ کے بجائے شوق اور دل چسپی کے ساتھ سیکھنے کا موقع دے جہاں وہ بلا جھجک سوالات پوچھ سکیں اور اپنی رائے کا اظہار کر سکیں۔ والدین سمجھتے ہیں کہ وہ اپنے بچے پر دباؤ ڈال کر اس کا بھلا کر رہے ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا بچہ بڑا ہو کر ڈاکٹر، انجینئر، پائلٹ بنے۔ والدین کی انہی خواہشات کی وجہ سے بچوں کے اپنے خواب ادھورے رہ جاتے ہیں۔ بچہ روزانہ اسکول بھی جاتا ہے، سبق بھی یاد کرتا ہے اور امتحانات بھی دیتا ہے مگر وہ اندر ہی اندر ایک نفسیاتی جنگ لڑ رہا ہوتا ہے وہ اپنی دل چسپیوں اور خواہشات کو دل ہی میں دبائے رکھتے ہیں۔ ایسے گھٹن زدہ ماحول میں جب دباؤ زیادہ اور ذہنی سکون نہ ہونے کے برابر ہو تو بچہ چیزوں کو سمجھنے اور سیکھنے کے بجائے صرف رٹا لگانے کا سہارا لیتا ہے۔ والدین دن رات بچوں پر پڑھائی کا دباؤ ڈالتے رہتے ہیں۔ کبھی کہتے ہیں کہ تم نے کلاس میں پہلی پوزیشن لینی ہے تو کبھی دوسرے بچوں کی مثال دے کر انہیں احساس کمتری میں مبتلا کر دیتے ہیں کہ دیکھو فلاں بچہ کتنا لائق ہے۔ یہ الفاظ بچوں کے ذہنوں پر گہرا اثر ڈالتے ہیں جس کا اندازہ کوئی دوسرا نہیں کر سکتا۔ دوسروں کی توقعات کا بوجھ بچے کو اس قدر متاثر کرتا ہے کہ وہ اپنی پسند، شوق اور خوابوں کو نظرانداز کرنے لگتا ہے۔ بچے کی پہلی درس گاہ ماں کی گود ہوتی ہے اور والدین ہی اس کے سب سے پہلے استاد ہوتے ہیں۔ اگر ہم اپنے بچوں کو ایک اچھا انسان بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں ان پر اپنی خواہشات مسلط کرنے کے بجائے ان کی پسند کو سمجھنا ہو گا۔ ان پر پڑھائی کا اتنا بوجھ نہ ڈالیں کہ وہ مسکرانا ہی بھول جائیں۔ انہیں کھیلنے، ہنسنے، سیکھنے کا موقع دیں۔ بچوں کو صرف نمبروں کی دوڑ میں شامل نہ کریں بلکہ انہیں ایک خوش گوار زندگی گزارنے کا حق بھی دیں۔