خیبر پختونخوا میں گورنر راج کیلئے مشاورت ہوئی ہے، فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے لیے مشاورت ہوئی ہے، گورنر راج لگانا کوئی غیر آئینی اقدام نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں کی تنخواہیں سب سے کم ہیں، پولیس کو مراعات دیے بغیر اسے اپنے تابع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، سابق وزیراعلیٰ نے بھی یہی کرنے کی کوشش کی تھی۔گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس کو ٹائیگر فورس بنانا چاہتی ہے اور آئی جی، ڈی آئی جیز اور ڈی پی اوز کی تقرریاں بھی خود کرنا چاہتی ہے، ایسے کسی ایکٹ کے خلاف ہم دیوار بنیں گے۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرپشن، لاقانونیت اور دہشتگردی ہو رہی ہے، موجودہ حالات کے پیش نظر گورنر راج کے معاملے پر مشاورت کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق سوال پر گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ کیا لانگ مارچ ایسے ہوتے ہیں؟ پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز اسلام آباد میں گپیں مار رہے ہیں، لانگ مارچ کے حوالے سے تحریک انصاف کی کوئی تیاری نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ اب راہِ فرار اختیار کر رہے ہیں اور خود گرفتاریاں دے رہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ پی ٹی آئی آج یا کل لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کر دے گی۔
مزید پڑھیں




