منشیات اور ہماری اجتماعی بے حسی، تحریر: بشریٰ سلیم
نقطہ نظر
شہر کی کسی ویران گلی کے کونے میں، کسی پل کے نیچے یا کسی شکستہ دیوار کے سائے میں بیٹھا وہ شخص جو پھٹے پرانے کپڑوں میں ملبوس، گرد آلود چہرے اور بجھی ہوئی آنکھوں کے ساتھ دنیا و مافیہا سے بے خبر دکھائی دیتا ہے، ہم میں سے اکثر کے لیے محض ایک ’نشئی‘، ایک بوجھ یا نفرت و حقارت کا استعارہ ہوتا ہے۔ ہم اس کے قریب سے گزرتے ہوئے ناک پر رومال رکھ لیتے ہیں، دامن بچا کر نکل جاتے ہیں اور دل ہی دل میں اسے اس کے انجام کا ذمہ دار ٹھہرا کر بری الذمہ ہو جاتے ہیں۔ مگر کبھی ہم نے ٹھہر کر یہ سوچنے کی زحمت کی ہے کہ یہ بجھا ہوا چراغ کبھی کسی آنگن کی روشنی رہا ہوگا؟ یہ بکھرا ہوا وجود کبھی کسی ماں کی دعاؤں کا مرکز، کسی باپ کا سہارا اور کسی خاندان کی امید رہا ہوگا؟
منشیات کی لت کوئی اچانک نازل ہونے والی آفت نہیں، بلکہ یہ ایک خاموش دیمک ہے جو انسان کی روح، اس کے خوابوں اور اس کے اعصاب کو رفتہ رفتہ چاٹ لیتی ہے۔ المیہ یہ ہے کہ ہم نے اس مرض کو اخلاقی جرم تو قرار دے دیا، مگر اس کے پیچھے کارفرما نفسیاتی، معاشی اور سماجی محرکات کو سمجھنے کی کوشش نہیں کی۔ آج کا نوجوان جب بے روزگاری کی چکی میں پستا ہے، جب اسے اپنے ہی گھر میں مکالمے کے بجائے طعنے ملتے ہیں، جب تعلیمی اداروں کے دروازوں پر علم کے بجائے زہر بکنے لگتا ہے اور جب معاشرے کی بے حسی اسے تنہائی کے اندھیروں میں دھکیل دیتی ہے، تو وہ فرار کا راستہ ڈھونڈتا ہے۔ بدقسمتی سے یہ فرار اسے جس دلدل میں لے جاتا ہے، وہاں سے واپسی کا راستہ ہم نے خود اپنے رویوں سے مسدود کر رکھا ہے۔
ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا تضاد یہ ہے کہ ہم بیماری سے نہیں، بیمار سے نفرت کرتے ہیں۔ نشے کا عادی فرد جب اس زہر کے شکنجے میں جکڑا جاتا ہے تو سب سے پہلے اس کے اپنے اس سے منہ موڑ لیتے ہیں۔ خاندان والے ’عزت‘ بچانے کی خاطر اسے گھر سے نکال دیتے ہیں یا اس کے مرض پر پردہ ڈالتے رہتے ہیں، یہاں تک کہ پانی سر سے گزر جاتا ہے۔ معاشرہ اسے دھتکار دیتا ہے، قانون اسے مجرم سمجھ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیتا ہے، اور یوں ایک مریض، جسے ہمدردی، علاج اور نفسیاتی سہارے کی ضرورت تھی، جرائم کی دنیا کا ایندھن بن جاتا ہے۔ بقول فیض احمد فیض:
بنے ہیں اہلِ ہوس مدعی بھی منصف بھی
کسے وکیل کریں، کس سے منصفی چاہیں
یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ منشیات کے پھیلاؤ میں صرف ان سوداگروں کا ہاتھ نہیں جو چند سکوں کی خاطر نسلوں کا مستقبل بیچ دیتے ہیں، بلکہ اس میں ہماری اجتماعی خاموشی اور بے حسی بھی برابر کی شریک ہے۔ جب تک ہم اس مسئلے کو محض قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری سمجھتے رہیں گے، یہ زہر ہماری رگوں میں اترتا رہے گا۔
وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے زاویۂ نگاہ کو بدلیں۔ منشیات کے عادی افراد کو قابلِ نفرت مخلوق سمجھنے کے بجائے انہیں ایک ایسے مریض کے طور پر دیکھیں جسے فوری طبی امداد اور محبت بھرے لمس کی ضرورت ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ دوستی اور اعتماد کا رشتہ استوار کریں تاکہ وہ اپنے دل کا بوجھ کسی غیر کے سامنے یا نشے کی گولیوں میں نہ تلاش کریں۔ تعلیمی اداروں میں محض نصابی کتابیں پڑھانے کے بجائے کردار سازی اور ذہنی صحت پر توجہ دی جائے، اور حکومت و فلاحی ادارے ایسے معیاری بحالی مراکز (Rehabilitation Centers) قائم کریں جہاں علاج کے ساتھ ساتھ ان افراد کو ہنر سکھا کر دوبارہ معاشرے کا باعزت شہری بنایا جا سکے۔
راکھ کے ان ڈھیروں میں اب بھی زندگی کی چنگاریاں دبی ہوئی ہیں۔ اگر ہم نفرت کی پھونک مارنے کے بجائے ہمدردی اور توجہ کی ہوا دیں، تو یہ بجھے ہوئے چراغ دوبارہ روشن ہو سکتے ہیں۔ کسی ڈوبتے ہوئے انسان کو کنارے تک لے آنا ہی اصل انسانیت ہے، ورنہ تاریخ ہمیں اس خاموش قتلِ عام کا شریکِ جرم ضرور ٹھہرائے گی
مزید پڑھیں





