اوکاڑہ، غیر قانونی ایل پی جی فلنگ شاپس کے خلاف گرینڈ آپریشن
این اے 136 میں بجلی کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے اہم پیش رفت

اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر کی زیر نگرانی پپلی پہاڑ اور حویلی لکھا میں غیر قانونی ایل پی جی فلنگ شاپس کے خلاف گرینڈ آپریشن، 8 دکانیں سیل، مقدمات درج، شہریوں کی جانی و مالی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے پپلی پہاڑ اور حویلی لکھا کے علاقوں میں غیر قانونی ایل پی جی فلنگ شاپس کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران بغیر این او سی، ناقص سیکیورٹی انتظامات اور رہائشی علاقوں میں قائم 8 غیر قانونی ایل پی جی شاپس کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔ مزید برآں، قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور عوامی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے پر متعلقہ مالکان کے خلاف قانونی کاروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کروا دیے گئے ہیں۔ سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر نے کہا ہے کہ غیر قانونی ایل پی جی کی دکانیں کسی بم دھماکے سے کم نہیں ہیں۔ شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور یہ آپریشن ضلع بھر میں تمام غیر قانونی شاپس کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز جاری رہے گا اور پورے ضلع کو غیر قانونی ایل پی جی شاپس سے پاک کیا جائے گا۔
اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کے علاوہ تمام صوبائی اور وفاقی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع میں سمگلنگ کے خاتمے، غیر قانونی پٹرول پمپس اور غیر قانونی ایل پی جی شاپس کے خلاف کارروائیوں، بجلی چوری کی روک تھام اور تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ دینی مدارس کی رجسٹریشن کے عمل میں تیزی لانے اور اوورسیز پاکستانیوں کی موصول ہونے والی شکایات کے فوری اور شفاف حل کے لیے حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام ضلعی، صوبائی اور وفاقی ادارے باہمی کوارڈینیشن کو مضبوط بنائیں تاکہ عوامی مسائل کا حل تیزی سے ممکن ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز یکساں کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ بضلع بھر میں بغیر این او سی چلنے والے غیر قانونی پٹرول پمپس اور خطرناک ایل پی جی ری فلنگ شاپس کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے۔ سمگلنگ قومی معیشت کے لیے زہرِ قاتل ہے، اس کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ محکمے مل کر ٹھوس اور جامع اقدامات کریں۔ بجلی چوروں کے بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائی جاری رہے گی اور اس جرم میں معاونت کرنے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ شہر کی سڑکوں اور بازاروں کو تجاوزات سے پاک کر کے آمد و رفت کو سہل بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ دینی مدارس کی رجسٹریشن کا عمل قانون کے مطابق اور آسان بنایا جائے تاکہ تمام کوائف شفاف اور محفوظ رہیں۔ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی جائیدادوں اور دیگر مسائل سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔تمام افسران دفتروں سے نکل کر فیلڈ میں خود کارروائیوں کی نگرانی کریں۔
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)محکمہ سول ڈیفنس کی غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات پر پٹرول پمپس کے خلاف کاروائیاں، 9 ایل پی جی شاپس اور 2 پٹرول پمپس سیل، ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایت پر عوامی تحفظ یقینی بنانے اور حادثات کی روک تھام کے لیے سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر کی زیر نگرانی غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات والے پٹرول پمپس کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری ہیں۔ قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 9 غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ شاپس اور 2 پٹرول پمپس کو موقع پر سیل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ سول ڈیفنس نے فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آگاہی و تربیت کا دائرہ کار بھی وسیع کر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں گورنمنٹ ڈگری کالج حجرہ شاہ مقیم کے 80 طلباء اور بابا فرید شوگر ملز کے 20 ورکرز کو فائر سیفٹی اور فرسٹ ایڈ سے متعلق عملی ٹریننگ فراہم کی گئی، تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری امدادی اقدامات کیے جا سکیں۔ سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔فائر سیفٹی کے معیارات پر پورا نہ اترنے والی دکانوں اور پٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، جبکہ تعلیمی اداروں اور صنعتی یونٹس میں ٹریننگ سیشنز کا سلسلہ بھی باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا۔ عدنان قیصر نے کہا کہ غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ اور فائر سیفٹی آلات کے بغیر پٹرول پمپس کی موجودگی عوامی زندگیوں کے لیے بم کے برابر ہے، جن کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تفریق جاری رہے گا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام پٹرول پمپس، ایل پی جی شاپس اور کمرشل مراکز کے مالکان فائر سیفٹی آلات کی موجودگی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
این اے 136 میں بجلی کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے اہم پیش رفت، ایک ہفتے میں سامان فراہم کرنے کی یقین دہانی
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)حلقہ این اے 136 میں بجلی کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے واپڈا کوآرڈینیٹر ملک خالد یعقوب کی لیسکو ہیڈکوارٹر لاہور میں ڈائریکٹر میٹریل مینجمنٹ عمر فاروق سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں حلقے سے متعلق ایل ٹی (LT) اور ایچ ٹی (HT) پروپوزلز کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور مطلوبہ سامان کی فراہمی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ملک خالد یعقوب نے حلقہ این اے 136 کے رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج سے متعلقہ بجلی کے ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے مطلوبہ سامان کی فراہمی کا معاملہ اٹھایا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر میٹریل مینجمنٹ عمر فاروق نے یقین دہانی کرائی کہ حلقے کے تمام متعلقہ منصوبوں کے لیے درکار سامان ایک ہفتے کے اندر فراہم کر دیا جائے گا، جس کے بعد سائٹس پر سامان کی تنصیب اور منصوبوں کی تکمیل کی ذمہ داری متعلقہ سطح پر پوری کی جائے گی۔
عمر فاروق نے مزید یقین دہانی کرائی کہ سامان کی فراہمی کے حوالے سے ان کی جانب سے مزید تاخیر نہیں ہوگی، تاکہ ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز رفتاری سے آگے بڑھ سکے۔
اس پیش رفت کو حلقہ این اے 136 میں بجلی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے اور زیرِ التوا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اب متعلقہ حکام اور مقامی نمائندوں کی توجہ سامان کی بروقت تنصیب اور منصوبوں کی عملی تکمیل پر مرکوز ہوگی، تاکہ عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات جلد حاصل ہو سکیں۔
مزید پڑھیں





