اوکاڑہ،خواجہ سلمان رفیق کا زیر تعمیر اوکاڑہ میڈیکل کالج کا دورہ
سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا اصغر علی تجاوزات اور گرانفروشی کے خلاف متحرک
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایت پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا اصغر علی تجاوزات اور گرانفروشی کے خلاف متحرک۔ اس سلسلہ میں انہوں نے اکبر روڈ اور سبزی منڈی کا تفصیلی دورہ کیا اور تجاوزات اور اشیائے خورونوش کی ریٹ لسٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایس ڈی ای او اصغر علی نے تمام دکانداروں، ریڑھی بانوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی دکانوں کا سامان اور ریڑھیاں مقررہ حدود کے اندر رکھیں۔ تجاوزات قائم کر کے عوام الناس کے لیے پیدا کی جانے والی رکاوٹیں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تمام دکاندار سرکاری طور پر نوٹیفائڈ ریٹ لسٹیں نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں اور اشیائے خورونوش کی فروخت مقررہ قیمتوں کے مطابق یقینی بنائیں۔ اصغر علی نے کہا کہ اکبر روڈ اور سبزی منڈی میں تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ تمام دکاندار اور ریڑھی بان مقررہ حدود کی پاسداری کریں تا کہ شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سستے اور معیار کے مطابق اشیائے خورونوش کی فراہمی ہماری پہلی ترجیح ہے۔ تمام دکاندار حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفائڈ ریٹ لسٹ کے مطابق اشیاء فروخت کریں۔ ایس ڈی ای او پیرا نے مزید کہا کہ دکانوں کی حدود سے باہر سامان نکالنے اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے اور قانونی کاروائی کی جائے گی۔
اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق کا زیر تعمیر اوکاڑہ میڈیکل کالج کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ، اس موقع پر سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عظمت محمود، ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج اور پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر سمیت بلڈنگز حکام بھی موجود تھے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر اور ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میڈیکل کالج کا منصوبہ 4.6 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔ پہلے مرحلے میں اکیڈمک بلاک، کیفٹیریا اور فیمیل ہاسٹل کے لیے کام جاری ہے۔ وزیر صحت نے محکمہ بلڈنگز حکام کو ترقیاتی کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایات دیں اور عوامی سہولت کے بہترین منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لیے اقدامات کے احکامات جاری کیے۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے کہا کہ حکومتِ پنجاب طبی تعلیم اور صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ اوکاڑا میڈیکل کالج ضلع کی عوام کے لیے بے مثال تحفہ ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ منصوبے کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر منصوبے کے تعمیراتی کام کی ہفتہ وار بنیادوں پر مانیٹرنگ کریں۔ منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کریں تاکہ ترقیاتی کاموں کے لیے مزید فنڈنگ کی جا سکے۔
مزید پڑھیں




