اتوار، 15 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

خیبرپختونخوا کے 200 سے زائد سرکاری ہسپتال اور مراکز صحت برسوں بند رہنے کا انکشاف


خیبرپختونخوا کی مشیر صحت نگار جوہر نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں 200 سے زائد مختلف نوعیت کے سرکاری ہسپتال اور مراکزِ صحت برسوں سے بند پڑے ہیں، جبکہ صوبے کی چار کروڑ آبادی کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے صحت کے شعبے میں محض 30 ہزار 697 اہلکار تعینات ہیں۔

صوبائی دارالحکومت پشاور میں میڈیا کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے مشیر صحت نگار جوہر نے بتایا کہ صوبے کی بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے اس وقت سرکاری ہسپتالوں میں موجود 18 ہزار بستروں کے بجائے کم از کم 64 ہزار بستروں کی اشد ضرورت ہے تاکہ مریضوں کو بروقت علاج میسر آ سکے۔

شعبہ صحت میں اصلاحات اور نئے منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے مسائل سے نمٹنے کے لیے صوبے کے 124 ہسپتالوں کو مرحلہ وار شمسی توانائی (سولر انرجی) پر منتقل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ طبی سہولیات کی بہتری کے لیے 12 اضلاع کے ہسپتالوں کے لیے جدید طبی آلات کی خریداری پر ایک ارب 65 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، جبکہ دیگر 25 اضلاع کے ہسپتالوں کے لیے طبی آلات کی خریداری کی مد میں مزید دو ارب روپے کے فنڈز مختص کیے جائیں گے۔

صحت کارڈ پروگرام کے مستقبل کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے مشیر صحت خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کو ہرگز ختم نہیں کیا جائے گا بلکہ اس میں موجود خامیوں اور بدعنوانی کے راستوں کو دور کر کے اسے غریب عوام کے لیے مزید مؤثر اور بہتر بنایا جائے گا۔

نگار جوہر نے وفاقی حکومت کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں بچوں کے خصوصی ہسپتال کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک ارب 46 کروڑ 20 لاکھ روپے فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے، جبکہ صوبے کے پانچ ڈویژنز میں بریسٹ کینسر سینٹرز کے قیام کے لیے بھی وفاقی حکومت 85 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کرے گی۔