جمعہ، 20 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان بلائنڈ کرکٹ ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا


ڈھاکا: بلائنڈ کرکٹ ٹیم ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی نئی چیمپئن بن گئی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا فائنل مسلسل بارش کے باعث مکمل نہ ہوسکا، جس پر میچ ریفری نے ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط کے تحت پاکستان کو فاتح قرار دے دیا۔

پاکستانی ٹیم نے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیگ مرحلے کے اپنے تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ گرین شرٹس نے سری لنکا، بنگلہ دیش اور روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ پاکستان پوائنٹس، رن اوسط اور براہ راست مقابلے کے ریکارڈ (ہیڈ ٹو ہیڈ) میں بھی بھارت سے آگے رہا۔


ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط 7 نومبر کو تمام شریک ٹیموں اور اراکین کو ارسال کیے گئے تھے، جن کے تحت فائنل بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان کو ان قواعد کے مطابق بہتر پوزیشن کی بنیاد پر چیمپئن قرار دیا گیا۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم نے فیصلے کے بعد اختتامی تقریب کا بائیکاٹ کیا اور اسٹیڈیم سے روانہ ہوگئی۔ تقریب میں مہمان خصوصی ڈائریکٹر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ عبداللہ الفواد نے کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر رنگپور رائیڈرز شہزاد اکبر سبحان اور بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر بھی موجود تھے۔