بدھ، 18 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان میں زہر بھی اصلی نہیں رہا، تحریر:سید ضیغم حسن عابدی

نقطہ نظر
zaigham abidi syed

پاکستان میں جعل سازی اب کسی ایک شعبے، کاروبار یا طبقے تک محدود نہیں رہی۔ یہاں دودھ سے لے کر دوائی تک، کھانے پینے کی اشیا سے لے کر زرعی ادویات تک، ہر چیز میں ملاوٹ اور دھوکا اس طرح سرایت کر چکا ہے کہ عام آدمی کے لیے اصلی اور نقلی میں فرق کرنا تقریباً ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔ مگر بعض اوقات ایک واقعہ ایسا سامنے آتا ہے جو محض ایک کہانی نہیں رہتا بلکہ پورے نظام کے منہ پر طمانچہ بن جاتا ہے۔


یہ واقعہ ایک گاؤں کا ہے جہاں ایک مزارع مالی مشکلات سے اس قدر تنگ تھا کہ اس کے ذمے تقریباً تین سے چار لاکھ روپے کا قرض تھا۔ حالات سے مایوس ہو کر اس نے خودکشی کا فیصلہ کیا اور کھیتوں میں فصل پر چھڑکاؤ کے لیے استعمال ہونے والا سنڈی مار سپرے پی لیا۔ اس کے بعد وہ سارا دن اس انتظار میں رہا کہ اب موت آئے گی اور زندگی کی تمام پریشانیوں سے نجات مل جائے گی، لیکن شام ہو گئی اور اس کی سانسیں بدستور چل رہی تھیں۔ موت تھی کہ آنے کا نام ہی نہیں لے رہی تھی۔


بالآخر وہ گاؤں کے چوہدری صاحب کے پاس پہنچا اور انہیں سارا ماجرا سنایا کہ قرض کے بوجھ سے تنگ آ کر اس نے زہریلا سپرے پی لیا تھا، مگر وہ مرا نہیں۔ چوہدری صاحب نے حیرت سے پوچھا کہ یار! تجھے کوئی مسئلہ تھا تو ہمیں بتاتا، خودکشی کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ لیکن اگلے ہی لمحے ان کے ذہن میں ایک دوسرا سوال آیا۔ انہوں نے کہا کہ اچھا یہ بتا، اگر اس سپرے نے تجھ پر اثر نہیں کیا تو یہ کھیتوں میں کیڑوں پر کیا اثر کرتا ہوگا؟


یہ محض ایک جملہ نہیں تھا بلکہ ایک پورے کاروبار کی حقیقت جانچنے کے لیے کافی تھا۔ چوہدری صاحب نے متعلقہ کمپنی سے رابطہ کیا، معاملہ اٹھایا اور بالآخر کمپنی سے چار پانچ لاکھ روپے وصول کیے۔ مزارع کا قرض بھی اتر گیا اور اس کی مالی پریشانی بھی کسی حد تک ختم ہو گئی۔ کچھ عرصے بعد اس نے اپنے طبی معائنے اور ٹیسٹ بھی کروائے تو وہ بھی بظاہر ٹھیک آئے۔


اس واقعے کا ایک پہلو انسانی ہمدردی کا ہے کہ ایک شخص کی زندگی اور قرض دونوں بچ گئے، لیکن اس کا دوسرا پہلو کہیں زیادہ خوفناک ہے۔ اگر واقعی زرعی ادویات اپنے دعوے کے مطابق کام نہیں کر رہیں تو کسان اپنی فصلوں پر جو لاکھوں روپے خرچ کرتا ہے، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ جو زہر فصلوں کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لیے خریدا جاتا ہے، اگر وہی غیر مؤثر ہو تو کسان کی محنت، اس کی سرمایہ کاری اور اس کے پورے سال کی امیدوں کا حساب کون دے گا؟ البتہ اس واقعے کی بنیاد پر کسی مخصوص دوا یا کمپنی کے بارے میں حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا، مگر یہ سوال ضرور پیدا ہوتا ہے کہ ان مصنوعات کے معیار کی نگرانی کون کر رہا ہے؟


پاکستان میں مسئلہ صرف زرعی ادویات کا نہیں۔ عام آدمی اپنی بیماری لے کر ڈاکٹر کے پاس جاتا ہے، ڈاکٹر اسے دوائیاں تجویز کرتا ہے، وہ اپنی محدود آمدنی میں سے پیسے نکال کر مہینوں دوائیں خریدتا اور استعمال کرتا رہتا ہے، مگر مرض میں کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔ کبھی وہ ڈاکٹر تبدیل کرتا ہے، کبھی دوا کا برانڈ اور کبھی لیبارٹری کے چکر لگاتا ہے۔ اسے کیا معلوم کہ جس دوا کو وہ زندگی کی امید سمجھ کر کھا رہا ہے، اس کے معیار پر بھی سوالیہ نشان ہو سکتا ہے۔ یقیناً ہر دوا کے غیر مؤثر ہونے کی وجہ جعلی ہونا نہیں ہوتی، بیماری کی نوعیت، تشخیص اور علاج کے دیگر عوامل بھی اثر انداز ہوتے ہیں، لیکن غیر معیاری اور جعلی ادویات کا وجود بذات خود ایک سنگین عوامی مسئلہ ہے۔


ذرا سوچیے، ایک غریب آدمی جو اپنی ماہانہ آمدنی کا بڑا حصہ گھر کے کسی بیمار فرد کے علاج پر خرچ کر رہا ہو، اگر اسے اصلی دوا ہی نہ ملے تو اس کے ساتھ ہونے والے ظلم کی نوعیت کیا ہوگی؟ وہ صرف پیسے نہیں گنواتا بلکہ وقت، صحت اور بعض اوقات زندگی بھی داؤ پر لگا دیتا ہے۔ ایک طرف مہنگائی نے پہلے ہی لوگوں کی کمر توڑ رکھی ہے اور دوسری طرف بنیادی ضروریات میں بھی جعل سازی کا سامنا ہے۔ دودھ خالص نہیں، کھانے پینے کی اشیا محفوظ نہیں، زرعی ادویات مشکوک اور دواؤں کے معیار پر سوالات موجود ہیں۔ گویا عام آدمی اپنی روزمرہ زندگی میں بھی ایک ایسے بازار کا حصہ ہے جہاں اسے اپنی ضرورت کی چیز خریدنے سے پہلے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ وہ اصل میں کیا خرید رہا ہے۔


یہاں سوال صرف جعل سازوں کا نہیں، ان اداروں کا بھی ہے جنہیں عوام کی صحت، خوراک اور استعمال کی اشیا کے معیار کی نگرانی کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ مارکیٹ میں جعلی چیز پہنچنے کے بعد کارروائی کرنا اپنی جگہ، لیکن اصل کامیابی تو یہ ہے کہ جعلی چیز مارکیٹ تک پہنچنے ہی نہ پائے۔ کمپنیوں کی رجسٹریشن، مصنوعات کی جانچ، لیبارٹریوں کی فعالیت، مارکیٹ سرویلنس اور قانون پر عمل درآمد محض سرکاری فائلوں کا حصہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ ان کا اثر عام آدمی کی زندگی میں نظر آنا چاہیے۔


ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ اس ملک میں جعل سازی کرنے والا شخص صرف کسی ایک خریدار کو دھوکا نہیں دیتا، وہ پورے معاشرے کے اعتماد کو نقصان پہنچاتا ہے۔ وہ کسان کی فصل، مریض کی صحت، بچے کی غذا اور غریب کے علاج سے کھیلتا ہے۔ اس کے لیے یہ چند لاکھ یا چند کروڑ روپے کا کاروبار ہوگا، مگر جس گھر میں کسی جعلی دوا کی وجہ سے مریض کی حالت بگڑ جائے، وہاں یہ محض کاروباری بے ضابطگی نہیں رہتی بلکہ زندگی اور موت کا معاملہ بن جاتی ہے۔


اس گاؤں کے مزارع کا واقعہ بظاہر ایک غیر معمولی قصہ ہے، مگر اس کے پیچھے چھپا سوال غیر معمولی نہیں۔ ہمیں یہ طے کرنا ہوگا کہ اس ملک میں اشیا کے معیار کا فیصلہ اشتہار کرے گا، کمپنی کا دعویٰ کرے گا یا کوئی مؤثر ریاستی نظام؟ کیونکہ اگر کسان کو اپنی فصل پر چھڑکنے والی دوا کے مؤثر ہونے کا یقین نہیں، مریض کو کھائی جانے والی دوا کے اصلی ہونے کا اعتماد نہیں اور شہری کو اپنے کھانے پینے کی اشیا کے محفوظ ہونے کی ضمانت نہیں تو پھر ریاست آخر کس چیز کی ضمانت دے رہی ہے؟


المیہ یہ نہیں کہ پاکستان میں جعلی چیزیں فروخت ہو رہی ہیں، اصل المیہ یہ ہے کہ یہاں عام آدمی اصلی چیز خریدنے کے لیے بھی اپنی قسمت آزمانے پر مجبور ہے۔