پاکستان میں صنفی تشدد، تحریر: پروفیسر عامر زریں
نقطہ نظر
پاکستان میں خواتین اور دیگر کمزور طبقات کے خلاف صنفی تشدد (Gender-Based Violence) ایک سنگین سماجی، قانونی اور انسانی حقوق کا مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ قتل، اغوا، جنسی زیادتی، گھریلو تشدد، غیرت کے نام پر قتل اور کام کی جگہوں پر ہراسانی اس مسئلے کی مختلف صورتیں ہیں۔
8نومبر کو ڈان میں وکیل سارہ ملکانی کا ایک اہم تجزیاتی مضمون شائع ہوا، جس میں کام کی جگہوں پر خواتین کو ہراساں کرنے کے قانون اور وفاقی آئینی عدالت کے حالیہ فیصلے کی وضاحت کی گئی۔اس مضمون کا بنیادی نکتہ یہ تھا کہ 2022ء میں قانون میں ترمیم کے بعد کام کی جگہ پر ہراسانی کا دائرہ صرف جنسی نوعیت کے رویوں تک محدود نہیں رہا بلکہ صنفی امتیاز پر مبنی رویے بھی اس کے تحت آ سکتے ہیں۔یہ وضاحت اس لیے اہم ہے کہ عدالت کے فیصلے کے بعد بعض افراد میں یہ تاثر پیدا ہوا تھا کہ اب کام کی جگہ پر صنفی امتیاز کے خلاف قانونی تحفظ محدود ہو گیا ہے۔
پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد کے سالانہ اعداد و شمار (2021ء تا 2024ء): وزارتِ انسانی حقوق کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کردہ اعداد و شمار، جو نیشنل پولیس بیورو نے مرتب کیے، انتہائی تشویش ناک صورت حال کی عکاسی کرتے ہیں۔نیشنل پولیس بیورو کے سرکاری اعداد و شمار: سال 2021ء ……………… 30,757 تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے، اسی طرح ………… 2022ء میں 35,477 تشدد کے واقعات، ………… 2023ء میں 46,036 تشدد کے واقعات، 2024ء میں 61,997 تشدد کے واقعات۔ اس طرح صنفی تشدد کے مجموعی طور پر 173,367 واقعات رپورٹ ہوئے۔ان اعداد و شمار کے مطابق چار سال میں (2021ء تا 2024ء): ………… 7,500 سے زائد خواتین قتل ہوئیں۔………… 17,771 ریپ اور اجتماعی زیادتی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔………… 89,599 خواتین کے اغوا کے واقعات درج ہوئے۔………… 9,799 گھریلو تشدد کے واقعات سامنے آئے۔………… 1,553 خواتین غیرت کے نام پر قتل ہوئیں۔………… کام کی جگہوں پر جنسی ہراسانی کے 632 واقعات رپورٹ ہوئے۔ 127 تیزاب گردی کے واقعات بھی ریکارڈ کیے گئے۔(یہ اعداد و شمار 8 نومبر 2025ء کو ڈان میں شائع ہونے والی رپورٹ سے لیے گئے ہیں۔)
پاکستانی غیر سرکاری تنظیم ”ساحل (Sahil)“ نے 2024ء کے دوران خواتین کے خلاف تشدد کے مجموعی طور پر 5,253 واقعات رپورٹ کیے۔ تشدد کی قسم | واقعات:…… قتل: 1,373،…… اغوا: 954، …… جسمانی تشدد: 685، …… جنسی زیادتی: 611،…… خودکشی: 443۔یہ رپورٹ ملک کے 81 اخبارات سے حاصل کردہ معلومات پر مبنی تھی۔
سال 2026ء کے ابتدائی چھ ماہ کی صورت حال:…………جنوری تا جون 2026ء:ڈان نیوز کی 24 جولائی 2026ء کی رپورٹ کے مطابق، ساحل کی ششماہی رپورٹ میں پاکستان بھر سے صنفی تشدد کے 3,172 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ ان میں 18 واقعات خواجہ سرا افراد سے متعلق تھے۔
…… قتل: 644 واقعات، …… جسمانی تشدد: 514 واقعات،…… اغوا: 462 واقعات،…… خودکشی: 363 واقعات،…… ریپ: 280 واقعات،…… زخمی کرنے کے واقعات: 175 واقعات،…… غیرت کے نام پر قتل: 132 واقعات،…… دیگر جرائم: 21 واقعات۔مجموعی طور پر تمام چاروں صوبوں میں ان واقعات کی تقسیم کچھ اس طور ہے۔ پنجاب: 74 فیصد، سندھ: 17 فیصد، خیبر پختونخوا: 6 فیصد، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان: مجموعی طور پر 3 فیصدہے۔ رپورٹ کے مطابق 54 فیصد واقعات متاثرہ افراد کے اپنے گھروں میں پیش آئے۔ 76 فیصد واقعات پولیس کے پاس رجسٹرڈ ہوئے۔کراچی بھی ان دس اضلاع میں شامل تھا جنہیں صنفی تشدد کے حوالے سے زیادہ حساس قرار دیا گیا۔
پاکستان میں صنفی تشدد کے مسئلے کا جائزہ لیتے ہوئے چند اہم حقائق کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا:اول: گھریلو تشدد کا بڑھتا ہوا مسئلہ،گھر، جسے تحفظ اور سکون کی جگہ ہونا چاہیے، بہت سی خواتین کے لیے عدم تحفظ کا مرکز بن چکا ہے۔ 2026ء کی ساحل رپورٹ کے مطابق نصف سے زیادہ واقعات متاثرین کے اپنے گھروں میں پیش آئے۔
دوم: قانون اور انصاف کے درمیان فاصلہ:قوانین موجود ہونے کے باوجود متاثرین کو انصاف کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے۔ پولیس میں مقدمہ درج ہونا اور مجرم کو سزا ملنا دو الگ مراحل ہیں۔سوم: سماجی خاموشی اور عدم آگاہی:خاندانی دباؤ، معاشرتی بدنامی، معاشی انحصار اور عدم تحفظ کے باعث بہت سے متاثرین اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کی شکایت درج نہیں کراتے۔ اس لیے سرکاری اعداد و شمار کو تشدد کی مکمل تصویر نہیں سمجھنا چاہیے۔چہارم: کام کی جگہوں پر ہراسانی:خواتین کی تعلیم، ملازمت اور معاشی خودمختاری کے لیے ضروری ہے کہ انہیں کام کی جگہوں پر ہراسانی اور صنفی امتیاز سے مؤثر قانونی تحفظ فراہم کیا جائے۔
پاکستان میں صنفی تشدد محض خواتین کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے معاشرے کی اخلاقی، سماجی اور قانونی ذمہ داری ہے۔اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ:………… خواتین اور بچوں کے تحفظ کے قوانین پر مؤثر عمل درآمد کیا جائے۔…………* پولیس اور عدالتی نظام میں متاثرین کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں۔…………* گھریلو تشدد کے خلاف عوامی آگاہی مہمات چلائی جائیں۔…………* تعلیمی اداروں اور کام کی جگہوں پر ہراسانی کی روک تھام کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔…………* متاثرین کو قانونی، نفسیاتی اور معاشی مدد فراہم کی جائے۔…………* مقدمات کے اندراج سے لے کر عدالتی فیصلے تک شفاف سالانہ قومی اعداد و شمار جاری کیے جائیں۔
ان تمام تشدد کے واقعات اور ان کے تدارک اور روک تھام کا جائزہ لینے کے بعد یہ کہا جائے تو غلط نہ ہو گا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا اندازہ صرف اس کی معاشی خوشحالی، تعلیمی شرح یا انفراسٹرکچر سے نہیں لگایا جا سکتا۔ اصل معیار یہ بھی ہے کہ اس معاشرے میں خواتین، بچے اور کمزور طبقات کس قدر محفوظ اور بااختیار ہیں۔
مزید پڑھیں





