پاکستان، سعودی عرب... .محبتیں اور قربتیں، تحریر:ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر
نقطہ نظر
ہمارے ایک جاننے والے گزشتہ دنوں عمرہ کے لیے سعودی عرب گئے۔ اگرچہ اس وقت سعودی عرب میں جنگ کا ماحول ہے لیکن ہم نے دیکھا کہ سعودی عوام کے حوصلے بلند ہیں، وہ ڈرون حملوں اور بلیسٹک میزائلوں سے ذرا بھی خوفزدہ نہیں ہیں۔ان کے حوصلے بلند ہیں ۔
جب بھی پاک سعودی تعلقات کا تذکرہ ہوتا ہے دل عقیدت و احترام سے سرشار ہو جاتا ہے۔ یہ رشتہ محض سفارتی یا سیاسی نوعیت کا نہیں ہے بلکہ یہ عقیدے، روح، قربانی اور باہمی احترام کے ایسے مضبوط تاروں سے بنا گیا ہے جسے وقت کی کوئی آندھی کمزور نہیں کر سکی۔ پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق تاریخ کے صفحات سے شروع ہو کر دلوں کی گہرائیوں تک اترتا چلا جاتا ہے۔ جب بھی خطے میں کوئی آزمائش کی گھڑی آئی ان دونوں ملکوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ان کا دکھ سکھ ایک ہے۔
موجودہ دور میں جب دنیا کو نت نئے جیو پولیٹیکل چیلنجز کا سامنا ہے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان یہ قربتیں اور محبتیں ایک بار پھر پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ اور اس وقت اس رشتے کی تازگی اور سچی گرمجوشی کا اندازہ اس زمینی حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے جو ہمارے ان عزیز نے اپنی آنکھوں سے دیکھی اور محسوس کی ہے ۔
آج کا سعودی عرب ایک ایسے خطے میں واقع ہے جو مسلسل سیکیورٹی کے چیلنجز کی لپیٹ میں ہے۔ ہمارے وہ جاننے والے جب عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس سفر پر تھے تو وہاں کا زمینی ماحول عام دنوں جیسا نہیں تھا۔ خطے میں جاری کشیدگی اور جنگ کے بادلوں کے باعث بظاہر ایک خوفناک فضا محسوس ہوتی ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ جنگ کے اس ماحول میں بھی سعودی عرب کے باسیوں کا کردار دیدنی ہے ۔ ہم نے دیکھا کہ سعودی عوام کے حوصلے بلند ہیں، وہ ڈرون حملوں اور بلیسٹک میزائلوں سے ذرا بھی خوفزدہ نہیں ہیں۔ یہ بے خوفی اور استقامت ان کی جرأت ، بے خوفی اور بہادری کی علامت ہے ۔ یہ اس قوم کا ایمان ہے جو حرمین شریفین کی سرزمین پر بستی ہے جن کے دلوں میں اللہ کی ذات پر پختہ یقین اور اپنی قیادت پر بھرپور اعتماد موجزن ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ جنہیں حرمِ خداوندی کی پاسبانی کا شرف حاصل ہو وہ عارضی خطرات اور میزائلوں کی گرج سے لرزاں نہیں ہوتے۔ ان کے چہروں پر کوئی گھبراہٹ نہیں تھی، بلکہ روزمرہ کے معمولات میں وہی سکون، مساجد میں وہی رونق اور مہمانِ خدا کی خاطر تواضع میں وہی تپش اور جذبہ دکھائی دیا۔
اس کٹھن اور آزمائش کی گھڑی میں جب سعودی عرب کے مکینوں نے پاکستانی زائرین کو دیکھا تو دونوں ملکوں کے درمیان چھپی ہوئی محبت کا ایک نیا باب کھل کر سامنے آیا۔ اس وقت سعودی عوام میں پاکستان کی محبت کا ایک سمندر موجزن ہے۔جب ہمارے دوستوں نے وہاں کے مقامی شہریوں، دکانداروں اور عام لوگوں سے گفتگو کی تو انہیں ہر جگہ پاکستانیوں کے لیے بے پناہ خلوص، اپنائیت اور احترام ملا۔ سعودی عوام کی زبان پر پاکستان کا ذکر کسی غیر ملک کا نہیں بلکہ اپنے جگری بھائیوں کی طرح تھا۔ وہ پاکستانیوں کو دیکھتے ہی خوش ہو جاتے انہیں گلے لگاتے اور ان کی مہمان نواز روح مزید نکھر کر سامنے آ جاتی۔
یہ محبت صرف زبانی جمع خرچ تک محدود نہیں تھی بلکہ اس کے نظارے سڑکوں اور شاہراہوں پر بھی واضح تھے۔ وہ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں اور جگہ جگہ لکھا نظر آتا ہے کہ "پاکستان زندہ باد" ........’’آئی لو پاکستان ‘‘ پاکستان کے حق میں ایسے کلمات اور محبت بھرے نعرے نظر آتے ہیں تو ایک پاکستانی ہونے کے ناطے انسان کا سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں دونوں ممالک کے درمیان صرف حکومتی سطح پر تعلقات مضبوط نہیں دونوں ملکوں کی روحیں ان کے عوام کے دل ایک ہی تال پر دھڑکتے ہیں۔
اس محبت اور قربت کی جڑیں صرف جذباتی وابستگی تک محدود نہیں ہیں بلکہ اس کی پشت پر دہائیوں پر محیط دفاعی، اسٹریٹجک اور تاریخی معاہدوں کی ایک مضبوط تاریخ ہے۔ اس پس منظر میں "مکہ دفاعی معاہدہ" یا پاک سعودی دفاعی تعاون کا ذکر انتہائی لازمی ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی سعودی عرب کی سلامتی یا حرمین شریفین کے تقدس کو کوئی خطرہ لاحق ہوا پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے ہمیشہ ایک آواز ہو کر یہ اعلان کیا کہ سعودی عرب کی سرحدوں کی حفاظت پاکستان کی اپنی دفاعی لائن ہے۔ پاک فوج کے تربیت کاروں، عسکری ماہرین اور دفاعی مشیروں نے ہمیشہ سعودی عرب کی عسکری قوت کو مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تقدس کی حفاظت کے لیے ہر پاکستانی سپاہی اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار رہتا ہے۔ یہ دفاعی رشتے صرف کاغذی دستاویزات کے محتاج نہیں ہیں بلکہ یہ خون کے رشتوں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
موجودہ جنگی ماحول اور چیلنجز کے تناظر میں یہ دفاعی اور اسٹریٹجک شراکت داری اس بات کی ضمانت ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے بازو بن کر کھڑے ہیں۔ جب سعودی عوام دیکھتے ہیں کہ ان کی مشکل گھڑی میں پاکستان اور اس کے عوام ان کے ساتھ دل و جان سے موجود ہیں، تو ان کی محبت کا یہ سمندر مزید موجزن ہو جاتا ہے۔
عمرہ کی ادائیگی کے دوران ہمارے دوستوں نے جو روحانی سکون حاصل کیا اس میں سب سے زیادہ دل کو چھو لینے والا عنصر یہی’’ سعودی-پاکستانی ‘‘ محبت تھی۔ حرم پاک کے صحن میں، زمزم کے کنویں کے پاس اور صفا و مروہ کی پہاڑیوں کے درمیان جب دنیا بھر کے مسلمان جمع ہوتے ہیں تو پاکستانیوں اور سعودی شہریوں کا میل ملاپ ایک الگ ہی سماں باندھ دیتا ہے۔
ایک سعودی شہری نے ہمارے دوستوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "ہمیں آپ کی پاک فوج پر آپ کے عوام پر فخر ہے۔ آپ کا ملک ہمارا اپنا ملک ہے۔" یہ الفاظ محض تعارف کے کلمات نہیں تھے، بلکہ یہ اس اخوت کا پرتو تھے جو رسول اللہ ﷺ نے مدینہ کی ریاست میں قائم کی تھی۔ یہ محبتیں اور قربتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ جغرافیائی فاصلے کتنے ہی طویل کیوں نہ ہوں لیکن جن قوموں کے قبلہ ایک ہو، جن کا نبی ایک ہو ، جن کا رب ایک ہو ، جن کی کتاب ایک ہو اور جن کے دلوں میں ایک ہی عقیدہ بستا ہو انہیں کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔
آج جب ہم دنیا کے نقشے پر دیکھتے ہیں تو سفارت کاری کے رنگ بدلتے دیر نہیں لگتی، مفادات کے رشتے ٹوٹتے اور بنتے رہتے ہیں۔ لیکن پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ اس سے ماورا ہے۔ یہ مفادات کا نہیں بلکہ عقیدے، خلوص، وفاداری اور قربانیوں کا رشتہ ہے۔
سعودی عرب میں موجودہ جنگی اور کشیدہ حالات نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ مشکلات انسانوں اور ملکوں کے اصل جوہر کو نکھارتی ہیں۔ سعودی عوام کی بلند حوصلگی، ڈرون اور میزائل حملوں کے سامنے ان کی چٹان جیسی مضبوطی اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستانیوں کے لیے ان کے دلوں میں پیار اور احترام کا یہ لامحدود جذبہ آنے والے زمانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
سعودی عام کی زبانوں پر "پاکستان زندہ باد" کے نعرے اور دیواروں پر ثبت محبت کے یہ نقوش اس بات کی نوید ہیں کہ یہ دوستی آنے والے وقتوں میں مزید مستحکم ہوگی۔ اللہ تعالی دونوں برادر ملکوں کو ہمیشہ سلامت رکھے حرمین شریفین کے تقدس کی حفاظت فرمائے اور پاک سعودی محبتوں کے اس حسین سفر کو تا قیامت قائم و دائم رکھے آمین ثم آمین !
مزید پڑھیں



