پیر، 9 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

این اے 77 گجرانوالہ میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی انتخابی جدوجہد اور کھڑاک کے بعد کی ذمہ داریوں پر ،تحریر: چوہدری ریاض احمد احسان

نقطہ نظر
riaz ahmad ahsan01

انتخابی تاریخ میں کچھ انتخاباب سیاسی شعور کی زمین میں ایسے بیج بو جاتے ہیں جن کی فصل آنے والے زمانے کا منظرنامہ بدل دیتی ہے کہ سیاسی معرکوں میں کامیابی کا پیمانہ ایک نشست جیت لینا ہی نہیں ہوتا بلکہ یہ بھی ہوتا ہے کہ آپ نے کتنے نئے لوگوں کو اپنے ساتھ جوڑا، کتنے خاموش ووٹروں کو زبان دی، کتنے سیاسی نظام پر عدم اعتماد کرنے والے شہریوں کو انتخابی عمل میں واپس لائے اور اپنی سیاسی شناخت کے لیے کتنی جگہ بنائی

این اے 77 گوجرانوالہ کا 8 نومبر 2026ء کا ضمنی انتخاب پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے لیے اسی نوعیت کا ایک اہم سیاسی تجربہ ہے یہ انتخاب ایک نئی سیاسی جماعت کے لیے اپنی موجودگی منوانے، انتخابی میدان میں اپنی قوت کا اظہار کرنے، عوامی رابطے کے دائرے کو وسیع کرنے اور جمہوری سیاست میں اپنی الگ شناخت قائم کرنے کا موقع بنا

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان، ذمہ داران، انتخابی منتظمین، رضاکاروں، میڈیا ٹیموں اور ان تمام افراد کو مبارک باد جنہوں نے اس انتخابی جدوجہد میں اپنا وقت، توانائی، وسائل اور صلاحیتیں صرف کیں آپ نے انتخابی میدان میں قدم رکھا، عوام کے دروازوں پر دستک دی، اپنا منشور پیش کیا، اپنے سیاسی مؤقف کو زبان دی اور ووٹر کو پولنگ اسٹیشن تک لانے کی بھرپور کوشش کی۔کسی نئی سیاسی جماعت کے لیے یہ سفر معمولی نہیں ہوتا سو آپ کی مسلسل محنت، تنظیمی وابستگی اور سیاسی استقامت قابلِ تحسین ہے

8 فروری 2024ء کے عام انتخابات میں این اے 77 سے مسلم لیگ ن کے چوہدری محمود بشیر ورک نے 109,704 ووٹ حاصل کیے جبکہ آزاد امیدوار رشیدہ طارق 91,825 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار مزمل اقبال ہاشمی نے 6,538 ووٹ حاصل کیے اس انتخاب میں 25 امیدوار میدان میں تھے اور کل درج شدہ ووٹوں میں سے 244,788 ووٹ درست قرار پائے 7,417 مسترد ہوئے، مجموعی طور پر 252,205 ووٹ ڈالے گئے اور رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 483,104 تھی۔ ٹرن آؤٹ 52.21 فیصد رہا

اب 8 نومبر 2026ء کے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی نتائج دیکھیے کہ مسلم لیگ ن کے راشد بشیر ورک نے 43,365 ووٹ حاصل کیے جبکہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے قاضی محمد ابراہیم گجر 30,218 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے یوں دونوں امیدواروں کے درمیان فرق صرف 13,147 ووٹوں کا ہے اس انتخاب میں 11 امیدوار میدان میں تھے اور رپورٹ شدہ ٹرن آؤٹ 15.7 فیصد رہا جو کہ تسلی بخش قرار دینا غیر جمہوری بیانیہ ہوگا ان دونوں انتخابات کے اعداد و شمار میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی انتخابی پیش رفت کا ایک نمایاں پہلو ابھر کر سامنے آتا ہے۔

2024ء میں جماعت کے امیدوار نے 6,538 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ 2026ء کے ضمنی انتخاب میں یہ تعداد بڑھ کر 30,218 ہوگئی یوں سابقہ انتخابی تعداد کے مقابلے میں 23,680 ووٹوں کا اضافہ ہوا جو تقریباً 4.62 گنا بنتا ہے یہ صرف چند ہزار ووٹوں کا اضافہ نہیں بلکہ جماعت کی انتخابی موجودگی اور عوامی رابطے میں وسعت کا ایک قابلِ توجہ اشاریہ ہے تاہم دیانت دارانہ تجزیے کا تقاضا ہے کہ دونوں انتخابات کے مختلف حالات کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔ 2024ء میں 25 امیدوار میدان میں تھے جبکہ ضمنی انتخاب میں 11 امیدوار شریک ہوئے۔ بڑی اپوزیشن جماعتوں، بشمول تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے اس ضمنی انتخاب میں حصہ نہیں لیا جبکہ ٹرن آؤٹ میں نمایاں کمی بھی نتائج کے تقابل کو ایک مختلف تناظر فراہم کرتی ہے اس لیے ان اعداد کو یکساں حالات میں ہونے والے انتخابات کا براہِ راست موازنہ سمجھنے کے بجائے سیاسی پیش رفت اور انتخابی قوت میں اضافے کے ایک اہم اشارے کے طور پر دیکھنا زیادہ مناسب ہوگا اس تمام پس منظر کے باوجود یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے 2024ء کے اپنے انتخابی حجم کے مقابلے میں 2026ء میں نمایاں طور پر زیادہ ووٹ حاصل کیے اور حلقے میں دوسری پوزیشن حاصل کی ایک نئی سیاسی جماعت کے لیے یہ پیش رفت یقیناً قابلِ مطالعہ اور حوصلہ افزا ہے۔

میری سوچی سمجھی رائے ہے کہ اس انتخابی مہم کی اصل اہمیت صرف حاصل کردہ ووٹوں میں نہیں بلکہ اس جرأت میں بھی پوشیدہ ہے جس کے ساتھ پاکستان مرکزی مسلم نے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے عوامی تائید حاصل کرنے کا راستہ اختیار کیا۔سیاسی اختلاف کو انتخابی مقابلے میں ڈھالا، اپنے مؤقف کو جلسوں، ملاقاتوں، رابطہ مہم اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچایا اور جمہوری عمل کا حصہ بنے کہ میرے نزدیک جمہوریت صرف ایوانوں میں نشستیں حاصل کرنے کا نام ہی نہیں ہے بلکہ یہ اختلاف برداشت کرنے، مخالف آواز سننے، اپنے مؤقف کی دلیل دینے، ووٹرز کے سامنے جواب دہ ہونے اور عوامی رائے کو تسلیم کرنے کا اجتماعی سلیقہ بھی ہے سو آپ نے مذہبی و سماجی شناخت کے ساتھ ایک واضح سیاسی لب و لہجہ اختیار کرنے کی کوشش کی یہ تبدیلی اپنی جگہ اہمیت رکھتی ہے کیونکہ مذہبی وابستگی اور سیاسی نمائندگی دو الگ دائرے ہیں۔ مذہبی وابستگی انسان کے عقیدے، اخلاق اور کردار کی تشکیل کرتی ہے جبکہ سیاسی نمائندگی شہری مسائل، اجتماعی ترجیحات، معاشی انصاف، بنیادی حقوق اور ریاستی نظم کے سوالات کا جواب طلب کرتی ہے۔ سیاست کا اصل امتحان یہی ہے کہ نظریے کو عملی خدمت، دعوے کو کردار اور وعدے کو عوامی فلاح میں کیسے تبدیل کیا جاتا ہے اور آپ نے یہ کر دکھایا ہے

آپ نے خدمتِ انسانیت کو اپنے عملی منشور کا حصہ بنا کر یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ سیاست کا مقصد صرف اقتدار تک رسائی ہی نہیں بلکہ انسانی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا، محروم طبقے کی آواز بننا اور معاشرے کے کمزور افراد کے لیے عملی سہارا فراہم کرنا بھی ہے یہی وہ تصورِ سیاست ہے جو انتخابی نعروں سے آگے بڑھ کر معاشرتی ذمہ داری کا روپ اختیار کرتا ہے

ہر معاشرے میں کچھ آوازیں طاقت کے ایوانوں تک آسانی سے پہنچ جاتی ہیں اور کچھ آوازوں کو اپنی موجودگی منوانے کے لیے طویل سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ این اے 77 کی انتخابی مہم میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے اپنے سیاسی مؤقف کو ایک ایسے مقدمے کے طور پر پیش کیا جس میں طاقت ور اور کمزور، وسائل رکھنے والے اور وسائل سے محروم، روایتی سیاسی ڈھانچوں اور نئے سیاسی کارکنوں کے درمیان نمائندگی کا سوال موجود تھا،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا یہ بیانیہ قابلِ توجہ تھا کہ سیاست میں صرف خاندانی اثر، مالی وسائل، سرکاری رسائی اور روایتی انتخابی قوت ہی فیصلہ کن عناصر نہیں ہونے چاہییں بلکہ ایک عام شہری، ایک محنت کش، ایک رضاکار اور ایک نظریاتی کارکن کو بھی سیاسی میدان میں جگہ ملنی چاہیے اب یہ موقف کردار اور عملی سیاست میں بھی نظر آنا چاہیے

پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے عوامی رابطے کے ذریعے ووٹرز کو کسی انتخابی فہرست کا حصہ سمجھنے کے بجائے اپنے مستقبل کے فیصلے میں شریک شہری کی حیثیت دینے کی کوشش کی، لوگوں کے گھروں تک پہنچنا انہیں انتخابی عمل کی اہمیت سے آگاہ کرنا، پولنگ اسٹیشن تک لانے کی ترغیب دینا اور اپنے امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لیے آمادہ کرنا کسی بھی سیاسی مہم کا بنیادی امتحان ہوتا ہے اس پورے عمل میں کارکن کا جذبہ، منتظمین کی حکمتِ عملی اور امیدوار کا عوامی رابطہ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے عوامل ہیں-

کشیدہ سیاسی ماحول، باہمی بداعتمادی، سیاسی دباؤ اور اختلافی آوازوں کے لیے محدود ہوتی ہوئی گنجائش کے ماحول میں انتخابی سرگرمیاں جاری رکھنا آسان کام نہیں ایسے ماحول میں مرکزی مسلم لیگ کے کارکنوں نے اپنے سیاسی وجود کا اظہار کیا،خوف کے بت توڑنے، سیاسی بندوبست کی زنجیروں کو ڈھیلا کرنے اور انتخابی عمل میں اپنی آواز شامل کرنے کی کوشش کی سو کارکنانِ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جدوجہد کا یہ پہلو اپنی جگہ اہم ہے کہ انہوں نے تصادم اور انتشار کے بجائے انتخابی شرکت اور سیاسی و جمہوری رویوں کو اپنا راستہ بنایا، آواز کے قاتل عہد میں اذانِ حق دینے کا استعارہ اسی وقت معنی خیز ہوتا ہے جب آواز دلیل سے آراستہ، رویہ شائستہ اور راستہ آئینی ہو۔جمہوریت کی اصل قوت بھی یہی ہے کہ اختلاف کو دشمنی میں تبدیل نہ ہونے دیا جائے یہاں پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ ایک نئی جماعت بھی انتخابی سیاست میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہے، اپنے کارکنوں کو منظم کر سکتی ہے اور عوامی نمائندگی کے لیے میدان میں اتر سکتی ہے

انتخابی عمل میں شفافیت، ووٹ کی حرمت اور عوامی مینڈیٹ کا تحفظ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری جمہوری ریاست کا بنیادی تقاضا ہے۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے کارکنوں نے انتخابی بے ضابطگیوں، مبینہ دھاندلی، ووٹوں کی گنتی اور انتخابی نتائج کے حوالے سے اپنے تحفظات سامنے رکھنے اور قانونی راستہ اختیار کرنے کی بہترین کوشش کی کہ جہاں بھی کسی امیدوار یا جماعت کو ووٹ کے ضیاع، انتخابی ضابطوں کی خلاف ورزی یا نتائج کی شفافیت پر اعتراض ہو وہاں اس اعتراض کو ثبوت، دستاویزات، فارم 45، فارم 47 اور متعلقہ قانونی فورمز کے ذریعے آگے بڑھانا چاہیے یہی سیاسی بلوغت ہے کہ الزام کو ثبوت میں، احتجاج کو قانونی کارروائی میں اور شکایت کو قابلِ سماعت مقدمے میں تبدیل کیا جائے

یہ انتخابی تجربہ کارکنوں کے لیے اس اعتبار سے بھی سبق آموز ہے کہ انتخابی دن سے پہلے ووٹر لسٹوں کی جانچ، پولنگ ایجنٹس کی تربیت، انتخابی ضابطوں کا مطالعہ، نتائج کی بروقت ترسیل، فارموں کی نقول کا حصول اور قانونی معاونت کا انتظام پہلے سے طے ہوتا ہے۔ سرکاری و انتظامی مشینری کے استعمال اور انتخابی ماحول میں سرکاری عہدے داروں کی مداخلت سے متعلق جو تحفظات سامنے آئے ان کی غیر جانب دارانہ جانچ اور ان پر قانونی فیصلے ضروری ہیں

اس انتخابی جدوجہد کا ایک نمایاں پہلو سوشل میڈیا پر سرگرمی اور ابلاغی موجودگی بھی تھا سو پاکستان مرکزی مسلم۔لیگ نے ڈیجیٹل دنیا کو صرف تصویروں، نعروں اور اعلانات کی نمائش تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے انتخابی رابطے، سیاسی مؤقف کی تشہیر، کارکنوں کی سرگرمیوں کے اظہار اور عوامی مکالمے کا ذریعہ بنانے کی کوشش بھی کی کہ سوشل میڈیا کی کامیابی صرف پوسٹوں کی تعداد، ویوز یا لائکس میں ہی نہیں ہوتی بلکہ اس کا حقیقی پیمانہ یہ ہے کہ کتنے لوگ آپ کا مؤقف سمجھتے ہیں، کتنے نئے رضاکار شامل ہوتے ہیں، کتنے شہری آپ سے رابطہ قائم کرتے ہیں اور کتنے افراد عملی طور پر انتخابی سرگرمی کا حصہ بنتے ہیں آپ کی میڈیا ٹیم نے جس توانائی سے انتخابی سرگرمیوں کو منظرِ عام پر لانے کی کوشش کی وہ آئندہ کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے اب اس بنیاد کو مستقل ابلاغی ادارے، تربیت یافتہ ترجمانوں، پیشہ ورانہ میڈیا مینجمنٹ اور مربوط ڈیجیٹل حکمتِ عملی میں تبدیل کرنا نئے ترجمان برادرم فیصل ندیم کی ذمہ داری ہے

کہ انتخابی جدوجہد کا اصل حاصل صرف ایک سرگرمی یا ایک انتخاب نہیں بلکہ ایک الیکشن کے بعد ہی کسی جماعت کی تنظیمی صلاحیت کا حقیقی امتحان شروع ہوتا ہے کہ کیا انتخابی مہم میں متحرک رہنے والے کارکن مستقل جماعتی سرگرمیوں کا حصہ بنیں گے؟ کیا جن گھروں کے دروازوں پر دستک دی گئی تھی وہاں رابطے کا سلسلہ برقرار رہے گا؟ کیا جن نوجوانوں نے پہلی مرتبہ کسی سیاسی مہم میں حصہ لیا انہیں سیاسی تربیت، مطالعے اور تنظیمی ذمہ داریوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے؟ کیا ووٹر کے ساتھ قائم ہونے والا تعلق اگلے انتخاب تک محفوظ رکھا جا سکے گا؟ یہ وہ سوالات ہیں جن کے جوابات ہی آج کے انتخابی تجربے کو کل کی سیاسی قوت میں تبدیل کر سکتے ہیں

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے لیے اب ضرورت اس امر کی ہے کہ انتخابی مہم کے دوران قائم ہونے والے رابطوں کو مستقل عوامی خدمت کے نیٹ ورک میں تبدیل کیا جائے۔ یونین کونسل کی سطح پر تنظیمی ڈھانچہ مضبوط ہو، شہری مسائل کے حل کے لیے مقامی رابطہ مراکز قائم ہوں، نوجوانوں اور خواتین کو مؤثر نمائندگی ملے، کارکنوں کی تربیت کا باقاعدہ نظام تشکیل پائے اور ہر انتخابی حلقے میں عوامی مسائل کی دستاویزی نشاندہی کی جائے کہ سیاسی جماعتیں صرف انتخابی موسم میں ہی زندہ رہیں تو عوام میں مر جاتی ہیں

کارکنانِ پاکستان مرکزی مسلم لیگ! اپنے حوصلے بلند رکھیے کہ آپ ایک مشکل سیاسی میدان میں اترے اور اپنی جماعت کے سیاسی مستقبل کے لیے ایک دروازہ کھولا ہے پ نے محدود انتخابی شناخت سے نکل کر ایک بڑے انتخابی مقابلے میں اپنی موجودگی درج کرائی ہے، ہزاروں ووٹ حاصل کیے،دوسری پوزیشن تک رسائی حاصل کی اور یہ پیغام دیا کہ سیاسی میدان کسی ایک طبقے، خاندان یا جماعت کی جاگیر نہیں یہاں جگہ محنت سے بنتی ہے، اعتماد سے قائم ہوتی ہے اور مسلسل جدوجہد سے وسعت پائی جاتی ہے لیکن سیاسی وسعت کا مفہوم صرف ووٹرز کی تعداد بڑھانا، انتخابی حلقوں میں امیدوار کھڑے کرنا یا تنظیمی عہدوں کی فہرست طویل کر دینا نہیں ہے بلکہ حقیقی وسعت تو یہ ہے کہ جماعت اپنے دائرے میں نئے سیاسی چہروں، مقامی سماجی شخصیات، اہلِ دانش، صنعت و تجارت کے نمائندوں، نوجوانوں اور سول سوسائٹی کے متحرک افراد کے لیے جگہ پیدا کرے ہر علاقے میں ایک جیسے چہروں کو بار بار سامنے لانے کے بجائے مقامی سیاسی قیادت کو شناخت، تنظیمی حقوق، مشاورتی عمل و فیصلہ سازی میں حصہ اور عوامی نمائندگی کے مواقع دیے جائیں کسی بھی جماعت کی جڑیں اسی وقت زمین میں اترتی ہیں جب وہ مقامی لوگوں کو صرف کارکن نہیں بلکہ اپنے سیاسی سفر کا شریکِ کار اور صاحبِ اختیار سمجھتی ہے

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کو اپنی شناخت کے حوالے سے بھی ایک وسیع تر سیاسی مکالمے کی ضرورت ہے یہ تاثر ختم ہونا چاہیے کہ جماعت کسی مخصوص مسلکی یا مذہبی حلقے کی نمائندگی تک محدود ہے۔مذہبی وابستگی اپنی جگہ محترم لیکن سیاسی جماعت کی شناخت شہری حقوق، قومی یکجہتی، آئین کی بالادستی، معاشی انصاف، تعلیم، صحت، روزگار، صنعت، تجارت اور عوامی فلاح جیسے وسیع تر قومی معاملات سے تشکیل پاتی ہے۔جماعت کا دروازہ ہر اس شہری کے لیے کھلا اور اس کی سیاسی حیثیت تسلیم شدہ ہونی چاہیے جو پاکستان کے اجتماعی مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے خواہ اس کا تعلق کسی بھی سماجی، علاقائی، معاشی یا فکری پس منظر سے ہو

تنظیمی تقریبات اور سیاسی اجتماعات کے مزاج میں بھی اس وسعت کا عکس دکھائی دینا چاہیے۔ مقامی قیادت کو صرف استقبال کرنے، انتظامات سنبھالنے اور کرسیاں سجانے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسٹیج، خطاب، مشاورت اور فیصلہ سازی میں اسے باوقار نمائندگی دی جائے۔جماعتی تقریبات میں سسٹر آرگنائزیشنز کے عہدیداران کی شرکت اور خدمات اپنی جگہ لیکن جماعت کے سیاسی اسٹیج کو کسی ایک تنظیمی حلقے کی تشہیر یا کسی مخصوص گروہ کے روایتی بیانیے کا مرکز نہیں بننا چاہیے اور نہ ہی وہاں پر کسی مہمان اداکار کو اپنا چورن بیچنے کی اجازت ہونی چاہیے بلکہ اپنی تقریبات میں صنعت و تجارت، تعلیم، قانون، زراعت، صحت، ابلاغ، سول سوسائٹی اور مقامی سماجی قیادت کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے تاکہ سیاسی اجتماعات قومی زندگی کے مختلف شعبوں کی @حقیقی نمائندگی کا منظر پیش کریں کہ اسٹیج پر موجود چہرے جماعت کے اجتماعی مزاج، وسعتِ فکر اور سیاسی ترجیحات کا تعارف ہوتے ہیں

اسی طرح سیاسی تقریبات میں روایتی مذہبی یا تنظیمی نعروں کی غیر ضروری تکرار کے بجائے ایسے نئے، بامعنی اور قومی مسائل سے جڑے ہوئے نعرے تخلیق کیے جائیں جو جماعت کے سیاسی تشخص، عوامی خدمت اور قومی ترجیحات کی ترجمانی کریں۔ سیاست کا اپنا اسلوب، اپنی زبان اور اپنا ابلاغی مزاج ہوتا ہے۔ سیاسی نعرہ فقط آواز بلند کرنے کا نام نہیں بلکہ ایک پورے نظریے کو چند الفاظ میں عوام تک پہنچانے کا فن بھی ہے سو پاکستان مرکزی مسلم لیگ کو اپنی سیاسی لغت، اپنے عوامی استعارے اور اپنے قومی بیانیے کی تشکیل پر سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا

یہ بھی ضروری ہے کہ نئی آنے والی سماجی و عوامی شخصیات کو ان کی سابقہ جماعتی وابستگی، مقامی اثرورسوخ، تجربے اور عوامی خدمات کی بنیاد پر مناسب عزت و نمائندگی دی جائے کسی نئے سیاسی رفیق کو فقط اس لیے اجنبی نہ سمجھا جائے کہ وہ تنظیم کے ابتدائی سفر کا حصہ نہیں تھا-

بانی کارکنان اور نئے سیاسی رفقاء کے درمیان اعتماد، احترام اور باہمی تعاون کا ایسا رشتہ قائم کرنا ہوگا جس میں حسد، گروہ بندی، منصب کی کشمکش اور شخصی اجارہ داری کے لیے کوئی جگہ نہ ہو۔ بانی کارکنان جماعت کا اثاثہ ہیں اور نئے سیاسی رفقاء اس کے پھیلتے ہوئے دائرے کی قوت سو دونوں کو ایک دوسرے کا حریف بنانے کے بجائے ایک دوسرے کا معاون بنانا ہی تنظیمی بلوغت اور قیادت کا اصل امتحان ہے۔

سیاسی جماعتوں کی ترقی کا ایک بنیادی اصول یہ بھی ہے کہ اختلافِ رائے کو نافرمانی اور تنقید کو مخالفت نہ سمجھا جائے۔ تنظیم کے اندر مشاورت، شفاف تقرریوں، اہلیت کی بنیاد پر ذمہ داریوں کی تقسیم اور احتساب کا بہترین نظام موجود ہو

مقامی قیادت کو مرکز تک رسائی حاصل ہو اور مرکز مقامی سطح کی آواز بھی سنے،فیصلے چند محدود حلقوں میں نہیں بلکہ وسیع تر مشاورت کے ذریعے ہوں جو جماعت اپنے اندر جمہوری رویوں کو جگہ دیتی ہے وہی معاشرے میں جمہوری اقدار کی بات زیادہ بامعنی انداز میں کر سکتی ہے

میری دانست میں این اے 77 گجرانوالہ کا انتخاب پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے لیے صرف ایک انتخابی تجربہ نہیں بلکہ اپنے لب و لہجے پر غور اپنی تنظیمی ترجیحات پر نظرثانی، سیاسی شناخت کو وسیع کرنے اور مستقبل کی حکمتِ عملی مرتب کرنے کا ایک موقع بھی ہے اس موقع کو خوش فہمی میں ضائع کرنے کے بجائے خود احتسابی، مشاورت اور اصلاح کے لیے استعمال کیا جائے کہ انتخابی نتائج حوصلہ تو دے سکتے ہیں لیکن۔سیاسی مستقبل کا تعین مسلسل عوامی رابطہ، تنظیمی انصاف، وسیع النظری، مقامی قیادت کے احترام اور عملی خدمت سے ہی ہوگا۔

یاد رکھیں کہ سیاسی جماعتیں صرف اپنے ہی ہم خیال لوگوں کو جمع کرنے سے وسیع نہیں ہوتیں بلکہ وہ مختلف الخیال لوگوں کو ایک مشترکہ قومی مقصد پر متحد کرنے سے وسعت پاتی ہیں اپنی صفوں میں نئے چہروں کے لیے جگہ پیدا کیجیے، اپنے پرانے رفقاء کے احترام کو برقرار رکھیے، مقامی قیادت کو اختیار دیجیے، قومی زندگی کے مختلف شعبوں کو اپنے ساتھ جوڑیے اور اپنی سیاسی شناخت کو کسی محدود دائرے کے بجائے پورے معاشرے کی نمائندگی کے قابل بنائیے کہ یہی وسعتِ نظر، یہی تنظیمی انصاف اور یہی سیاسی بلوغت کسی بھی جماعت کو انتخابی موسم کی سرگرمی سے نکال کر ایک مستقل قومی سیاسی قوت کے سفر پر گامزن کرتی ہے