ہفتہ، 14 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کالعدم کیوں کہا؟ مرکزی مسلم لیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو نوٹس بھجوا دیا

cm
مصنف:

وزیراعلیٰ پنجاب معافی مانگیں، پوسٹس ڈیلیٹ کریں،بصورت دیگر قانونی کاروائی کا حق رکھتے ہیں، نوٹس


لاہور( )مرکزی مسلم لیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم صفدر کو پارٹی کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا، قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مریم صفدر سات روز میں لگائے گئے الزامات پر معافی مانگیں، ایکس سمیت سوشل میڈیا سے بے بنیاد الزامات والی پوسٹیں ڈیلیٹ کریں،تحریری یقین دہانی کروائیں کہ آئندہ اس نوعیت کے ہتک آمیز الزامات نہ تو دہرائیں گی، نہ شائع کریں گی اور نہ ہی انہیں کسی دوسرے ذریعے سے پھیلائیں گی،اگر سات روز میں معافی نہ مانگی گئی تو مرکزی مسلم لیگ قانونی کاروائی کا حق رکھتی ہے


مرکزی مسلم لیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم صفدر کے نام جاتی امراء رائیونڈ اور دفتر سیون کلب شاہراہ قائداعظم لاہور بھجوایا ہے، قانونی نوٹس محمد عامر حبیب ایڈوکیٹ کی وساطت سے بھجوایا گیا ہے، قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے اور ملک کے جمہوری و انتخابی عمل میں حصہ لینے کا قانونی حق رکھتی ہے۔ میرے مؤکل نے میرے علم میں یہ بات لائی ہے کہ آپ نے اپنے ذاتی ٹوئٹر (ایکس) اکاؤنٹ سے ایک بیان جاری کیا اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی عوامی سطح پر تقریر کی، جسے اے آر وائی، جیو، بول اور دیگر قومی نیوز چینلز کے ذریعے بار بار نشر اور پرنٹ میڈیا میں بھی رپورٹ کیا گیا۔ان بیانات میں مرکزی مسلم لیگ کے خلاف انتہائی توہین آمیز، جھوٹے، بے بنیاد اور ہتک آمیز الزامات عائد کرتے ہوئے اسے ’’دہشت گرد جماعت‘‘ اور ’’غیر قانونی،کالعدم جماعت‘‘ قرار دیا گیا۔حالانکہ مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس رجسٹرڈ ہے ،مرکزی مسلم لیگ عوام میں ایک قابلِ احترام مقام رکھتی ہے اور ملک میں آنے والی مختلف قدرتی آفات اور دیگر مشکل حالات کے دوران قابلِ قدر اور مؤثر خدمات انجام دے چکی ہے۔ مرکزی مسلم لیگ نے 2024ء کے عام انتخابات میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے انتخابی نشان ’’کرسی‘‘ پر الیکشن میں حصہ لیا، مرکزی مسلم لیگ نے 8 نومبر 2026ء کو حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں دوسری بڑی جماعت کے طور پر اپنی حیثیت ثابت کی۔


قانونی نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ آپ کے مذکورہ بیانات غیر ذمہ دارانہ، گمراہ کن اور مرکزی مسلم لیگ کی ساکھ، عزت، وقار، اعتبار اور عوامی حیثیت کو نقصان پہنچانے والے ہیں۔ ان بیانات سے مرکزی مسلم لیگ کی قیادت، عہدیداران، ارکان، کارکنان، حامیوں اور اس سے وابستہ افراد کی شہرت بھی متاثر ہوئی ہے۔مرکزی مسلم لیگ متعلقہ مجاز ادارے کے پاس باقاعدہ رجسٹرڈ ہے اور پاکستان کے انتخابی عمل میں حصہ لے چکی ہے۔ کسی بھی فرد کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ بے بنیاد الزامات یا ہتک آمیز بیانات کے ذریعے من مانے انداز میں اس کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرے یا اسے غلط انداز میں پیش کرے۔ کسی قانونی طور پر رجسٹرڈ سیاسی جماعت کو کسی قانونی اور مستند بنیاد کے بغیر دہشت گرد تنظیم قرار دینا نہایت سنگین الزام ہے۔ اس نوعیت کے بیانات عوام میں غلط فہمیاں پیدا کر سکتے ہیں، آپ کا طرزِ عمل، بالخصوص اگر یہ دانستہ اور بدنیتی پر مبنی ہو، قابلِ دست اندازی ہتکِ عزت کے زمرے میں آ سکتا ہے اور پاکستان کے متعلقہ نافذ العمل قوانین کے تحت دیوانی اور فوجداری قانونی کارروائی کا باعث بن سکتا ہے، جو حقائق اور قابلِ اطلاق قانونی تقاضوں سے مشروط ہوگی۔لہذا آپ کو بذریعہ قانونی نوٹس متنبہ اور پابند کیا جاتا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ کے خلاف کسی بھی قسم کے جھوٹے، ہتک آمیز یا توہین آمیز بیانات دینے، شائع کرنے، پھیلانے یا دہرانے سے فوری طور پر باز رہیں۔ سوشل میڈیا یا کسی بھی دوسرے ذریعے سے شائع یا گردش کرنے والے تمام ہتک آمیز مواد، پوسٹس، ویڈیوز یا دیگر متعلقہ مواد کو فوری طور پر ہٹائیں اور حذف کریں۔مرکزی مسلم لیگ کو ’’دہشت گرد جماعت‘‘ اور ’’غیر قانونی جماعت‘‘ قرار دینے سے متعلق اپنے الزامات عوامی سطح پر واپس لیں، مرکزی مسلم لیگ کی قیادت، ارکان اور کارکنان سے غیر مشروط تحریری اور عوامی معذرت کریں۔ یہ معذرت اسی پلیٹ فارم یا ذریعے سے جاری کی جائے جس کے ذریعے ہتک آمیز بیانات پھیلائے گئے تھے۔ تحریری یقین دہانی کروائیں کہ آئندہ آپ اس نوعیت کے ہتک آمیز الزامات نہ تو دہرائیں گی، نہ شائع کریں گی اور نہ ہی انہیں کسی دوسرے ذریعے سے پھیلائیں گی۔ بذریعہ ہٰذا قانونی نوٹس پابند کیا جاتا ہے کہ اس نوٹس کی وصولی کے سات (07) دن کے اندر تمام مطالبات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔بصورتِ دیگر، مقررہ مدت کے اندر عمل درآمد نہ کرنے، انکار کرنے یا غفلت برتنے کی صورت میں قانونی کارروائی شروع کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کے تمام اخراجات اور نتائج کی ذمہ داری آپ پر عائد ہوگی۔ اس سلسلے میں مزید کسی اطلاع یا نوٹس کی ضرورت نہیں ہوگی۔