پیر، 2 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ننکانہ صاحب، پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مسافروں کی تذلیل معمول بن گئی

مصنف:

ننکانہ صاحب: لاہور جانے والے مسافروں کو پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے بدانتظامی، دھکم پیل اور شدید رش جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ بالخصوص پیر اور منگل کے روز لاہور جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد کی وجہ سے بس اسٹینڈ پر بدنظمی عروج پر پہنچ جاتی ہے، جس سے خواتین، طالبات، چھوٹے بچوں اور دیگر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔


مسافروں کا کہنا ہے کہ بس اسٹینڈ پر باقاعدہ ٹکٹوں کے اجرا اور نشستوں کی بکنگ کا مؤثر نظام نہ ہونے کے باعث مسافروں کو پریشانی اٹھانا پڑتی ہے۔ ہر مسافر کو باقاعدہ ٹکٹ فراہم کیا جائے اور نشست کے مطابق ٹکٹ جاری کیے جائیں تاکہ نظم و ضبط برقرار رہے اور کسی بھی مسافر کو غیر ضروری پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


شہریوں کے مطابق رش اور دھکم پیل کے دوران خواتین کی عزت و تحفظ، طالبات کی آمدورفت اور چھوٹے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے بھی خدشات پیدا ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ بس اسٹینڈ کے اندر رش کے دوران چوری چکاری اور موبائل فون چھیننے جیسے واقعات کی شکایات بھی سامنے آتی ہیں، جن کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔


شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ٹرانسپورٹ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز کو فوری طور پر باقاعدہ ٹکٹنگ اور نشستوں کی بکنگ کا نظام نافذ کرنے کی ہدایت کی جائے، بس اسٹینڈ پر نظم و ضبط یقینی بنایا جائے اور خواتین، طالبات، بچوں سمیت تمام مسافروں کے تحفظ کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔


عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لے اور مسافروں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ لاہور جانے والے شہری باعزت، محفوظ اور منظم انداز میں سفر کر سکیں۔