روٹی، کپڑا، مکان اور عام انسان کی بے بسی،تحریر: پیر انتظار حسین مصور
نقطہ نظر
ہم ایک ایسی زمین پر کھڑے ہیں جہاں زندگی کا سب سے بڑا دکھ یہ نہیں کہ ہم نے ترقی کے کتنے جھنڈے گاڑے۔ اصل سچ یہ ہے کہ اس دیس کے کروڑوں لوگوں کی ساری عمر، ساری محنت، صبح سے شام تک صرف تین لفظوں میں قید ہو کر رہ گئی ہے۔ روٹی، کپڑا اور مکان۔
وہ نعرہ جو کبھی غریب کی آنکھ میں امید کی شمع جلانے کے لیے لگایا گیا تھا، آج اسی کی بے بسی پر سب سے بڑا طعنہ بن گیا ہے۔ دن بھر ماتھے کا پسینہ بہانے والا مزدور، تپتی دھوپ میں زمین کا سینہ چیرنے والا کسان، اور سڑک پر ریڑھی لگانے والا محنت کش جب شام کو تھکا ہارا گھر لوٹتا ہے تو اس کے خواب بڑے نہیں ہوتے۔ اسے نہ محلوں کی خواہش ہوتی ہے نہ بڑی گاڑیوں کی چمک۔ اس کی ایک ہی تڑپ ہوتی ہے کہ آج وہ اپنے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کر پایا ہے یا نہیں۔
مہنگائی کے اس بے رحم طوفان نے عام آدمی کی ہڈیاں تک نچوڑ کر رکھ دی ہیں۔ روٹی اتنی مہنگی ہو گئی ہے کہ آدمی کی خودداری اس کے سامنے گھٹنے ٹیک دیتی ہے۔ تن ڈھانپنا جو انسان کی بنیادی عزت تھی، اب وہ بھی ایک ادھورا خواب بنتا جا رہا ہے۔ اور مکان؟ اپنا مکان تو دور کی بات، اب تو کرائے کے دو کمروں کا مکان بھی غریب کی پوری عمر کی کمائی نگل جاتا ہے۔
مگر اس زوال کا سب سے بھیانک پہلو یہ نہیں کہ ہم سے روٹی اور مکان چھن گیا۔ سب سے بھیانک یہ ہے کہ اس نے ہمیں اندر سے بھی کھوکھلا کر دیا ہے۔ ہمارے اندر کا انسان مرتا جا رہا ہے۔
اس کی ایک دردناک مثال لاہور کے ایک کارخانے میں دیکھنے کو ملی۔ ایک غریب نوجوان بمشکل پانچ دن پہلے روزگار کی تلاش میں وہاں آیا تھا۔ اچانک اسے خبر ملی کہ اس کا کوئی عزیز اس دنیا سے رخصت ہو گیا ہے۔ اسے فوراً گھر جانا تھا، مگر جیب میں سفر کے لیے کرایہ تک نہیں تھا۔ وہ ہاتھ پھیلائے لوگوں کے سامنے مدد کی التجا کرتا رہا، مگر وہاں کھڑا پورا مجمع تماشائی بنا رہا۔ کسی میں اتنی ہمت نہ ہوئی کہ آگے بڑھ کر اس غم زدہ نوجوان کا ہاتھ تھام لیتا، اسے کرائے کے دو پیسے دے دیتا۔
یہ واقعہ بتاتا ہے کہ ہم کس قدر بے حس ہو چکے ہیں۔ آج ہم ایک دوسرے کی مدد تو دور، کسی کے دکھ پر دل میں درد محسوس کرنا بھی بھول چکے ہیں۔
لیکن ذرا گہرائی میں جا کر سوچیں تو سوال یہ اٹھتا ہے کہ انسان مدد کرے بھی کیسے؟ جب ہر آدمی کی جیب خالی ہو، جب ہر شخص خود پیٹ کی آگ اور حالات کے تھپیڑوں سے لڑ رہا ہو، جب وہ اپنے ہی بچوں کا پیٹ پالنے سے قاصر ہو، تو وہ دوسروں کا بوجھ کیسے اٹھائے؟ اس مسلسل بڑھتی مہنگائی نے عام آدمی کو ہمدرد رکھنے کے بجائے ایک ڈرا ہوا، خوف زدہ اور پتھر دل انسان بنا دیا ہے۔ اب وہ صرف اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ دوسروں کے دکھ کے لیے اس کے پاس نہ وقت بچا ہے نہ سکت۔
اس سارے المیے کے پیچھے حکومتی نااہلی، غلط پالیسیاں اور فرسودہ نظام کا پورا ہاتھ ہے۔ جب ریاست اپنے عوام کو بنیادی حقوق، روزگار، سستی روٹی اور باعزت زندگی دینے میں ناکام ہو جائے، جب حکمران عام آدمی کے منہ سے نوالہ چھین کر اپنی تجوریاں بھرتے رہیں، تو وہ معاشرہ آہستہ آہستہ جنگل کا قانون بن جاتا ہے۔ حکومت کی یہی بدانتظامی وہ زہر ہے جو روز غریب کی ہڈیاں پیستا ہے اور معاشرے میں اخلاقیات کے ستون گرا دیتا ہے۔
سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ بند کمروں میں بیٹھ کر اقتدار کے مزے لوٹنے والے ہمارے پالیسی ساز کبھی عام آدمی کی اس بے بسی کو سمجھ ہی نہیں سکتے۔ انہیں کیا معلوم کہ جب ایک باپ خالی ہاتھ گھر لوٹتا ہے، جب کوئی لاچار اپنے عزیز کے جنازے کے لیے کرائے کو ترستا ہے، تو اس کی عزت نفس پر کیا گزرتی ہے۔
وقت کا تقاضا ہے کہ اس بے حسی کی چادر کو اتارا جائے۔ روٹی، کپڑا اور مکان کسی کا احسان یا صدقہ نہیں، یہ انسان کا بنیادی حق ہے۔ جب تک اس دیس کا کسان، مزدور اور عام شہری بنیادی سہولتوں کے لیے ٹھوکریں کھاتا رہے گا، اور جب تک ریاست اپنی ذمہ داری سے بھاگتی رہے گی، تب تک نہ اس معاشرے میں اخلاقیات واپس آ سکتی ہیں نہ کوئی سچی ترقی ممکن ہے۔ اگر ہم نے آج اس عام انسان کی خاموش آہوں کو نہ سنا، تو یہ بے حسی پورے نظام کو اپنی لپیٹ میں لے کر راکھ کر دے گی۔
مزید پڑھیں




