سما ٹی وی اور پنجاب حکومت میں ٹھن گئی، آمنے سامنے، صوبائی وزرا بھی خاموش نہ رہ سکے

پنجاب حکومت اور سماء ٹی وی میں ٹھن گئی، سما ٹی وی کی جانب سے پنجاب میں حکومتی کارکردگی پر تنقید کی گئی تو پنجاب حکومت کے وزراء سامنے آ گئے اور سماء ٹی وی کے مالک وفاقی وزیر عبدالعلیم خان پر الزامات عائد کر دیئے
باخبر ذرائع کے مطابق سماء ٹی وی کی جانب سے پنجاب حکومت کے خلاف صفائی و دیگر معاملات کو لے کر ایک باقاعدہ مہم چلائی جا رہی تھی، سماء ٹی وی کے مالک وفاقی وزیر ،استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان ہیں جو وفاقی حکومت میں شامل اور ن لیگ کے اتحاد ہیں تا ہم پنجاب کے معاملات میں سماء ٹی وی کی جانب سے مسلسل پنجاب حکومت کی کارکردگی کو لے کر آئینہ دکھانے کا سلسلہ جاری تھا،جس کے بعد پنجاب کے صوبائی وزرا نے خاموشی توڑی ہے اور سوشل میڈیا پر سما ٹی وی کی پنجاب حکومت کے خلاف مہم کی " وجہ " بیان کی ہے
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ایکس پر لکھا کہ سما چینل کی ستھرا پنجاب پروگرام میں ٹھیکیداروں کے ذریعے فراڈ کرنے کی کوشش روکنے پر بلیک میلنگ شروع ہوئی جس کو خاطر میں نہیں لایا گیا اور اب بڑھتے بڑھتے حالت یہ ہوگئی ہے کہ پنجاب حکومت کے خلاف ایک منظم پراپیگنڈا چل رہا ہے،پنجاب حکومت اور وزیر اعلی کی کوریج کئی مہینوں سے روکی گئی ہے،ایک بات طے ہے کہ بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور ناہی کسی کے کاروبار کا تحفظ کریں گے
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی اس معاملے پر فیس بک پر پوسٹ کی ہے جس میں کہا ہے کہ سما کے اونر کے 2 پرائیویٹ سکول تھے لاہور میں ماہانہ 35 ہزار فیس والے،ایک تین مہینے پہلے بند، دوسرے کی تکلیف شروع،
رانا سکندر حیات نے ایکس پر بھی پوسٹ کی اور لکھا کہ ایک مخصوص ٹی وی چینل آج سے محکمہ تعلیم پنجاب کو ٹارگٹ کرے گا! چھوٹی سوچ پرافسوس رہے گا -
تعلیم کو سیاست سے پاک رہنے دیں -
ڈرنے والا بالکل نہیں ہوں-
ڈٹ کر سچ بولتا رہوں گا!
علاوہ ازیں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے قریبی ساتھی سیف اعوان نے بھی پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ علیم خان اور سما ٹی وی کا برا وقت شروع،جس نے سما ٹی وی چھوڑنا ،چھوڑ دے،
پنجاب کے وزراء کی ٹویٹس کے بعد ایکس پر صارفین کی جانب سے مسلسل ٹویٹس کی جا رہی ہیں بلکہ #FraudKaSamaa کے نام سے ٹرینڈ بھی چلایا جا رہا ہے جس میں صارفین سما ٹی وی پر تنقید کر رہے ہیں
سماء ٹی وی اور پنجاب حکومت کے مابین کیا ہو گا؟ فیصلہ آنے والے دنوں میں اور حقیقت سامنے آ جائے گی، ن لیگ پنجاب میں اتحادیوں کی جانب سے ہی مسلسل تنقید کا نشانہ بن رہی ہے، ق لیگ کے چوہدری سالک حسین جہاں کرپشن کے الزام عائد کر رہے ہیں تو وہیں سما ٹی وی نے پنجاب حکومت کو ہدف تنقید بنا رکھا ہے
مزید پڑھیں




