شیر کے حملے میں جاں بحق نوجوان کے ورثاء نے گرفتار ملزمان کو معاف کر دیا

لاہور: کاہنہ میں شیر کے حملے سے جاں بحق ہونے والے نوجوان طلحہٰ کے ورثاء نے واقعے میں گرفتار دونوں ملزمان کو معاف کر دیا، جس کے بعد ماڈل ٹاؤن کچہری نے ملزمان فیاض احمد اور نعمان حسن کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ قیصر ریاض نے مقدمے کی سماعت کی۔ اس موقع پر پولیس نے دونوں گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا اور تفتیش کے لیے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔عدالتی حکم نامے کے مطابق جاں بحق نوجوان کے قانونی ورثاء نے عدالت میں پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرایا اور کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر دونوں ملزمان کو معاف کرتے ہیں۔ ورثاء نے اپنا بیانِ حلفی بھی عدالت میں جمع کرایا۔سرکاری وکیل نے راضی نامے کی مخالفت کرتے ہوئے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو جوڈیشل کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے دونوں ملزمان کی 50، 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔
مزید پڑھیں




