سموگ کے خاتمہ کے لیے نمازِ استسقا ادا , شجرکاری کی جائے،سبیل اکرام

معروف سیاسی سماجی رہنما ڈاکٹر سبیل اکرام نے آج یہاں سموگ کے خلاف آگاہی پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے دارالحکومت لاہور میں بڑھتی ہوئی سموگ انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے،سموگ کے خاتمہ کے لیے نمازِ استسقا ادا کرنے کے ساتھ بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے۔ جبکہ انسدادِ سموگ کے لیے حکومتی ادارے موثر اقدامات کریں، شہری بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، صاف فضا ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ انھوں نے کہا کہ باغوں کا شہر لاہور شدید سموگ اور فضائی آلودگی کے باعث ایک سنگین ماحولیاتی بحران سے دوچار ہے۔ آلودگی کی بڑھتی ہوئی شدت نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، سانس لینا دشوار ہو چکا ہے آنکھوں، گلے اور پھیپھڑوں کی بیماریوں سمیت مختلف طبی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سموگ محض موسمی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی صحت اور آنے والی نسلوں کے مستقبل سے جڑا ہوا ایک سنگین معاملہ ہے، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بارانِ رحمت کی دعا کے لیے اجتماعی طور پر نمازِ استسقا کا اہتمام کیا جائے، عاجزی و انکساری کے ساتھ اپنے رب کے حضور رجوع کیا جائے۔ بارش اللہ تعالی کی رحمت ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ ہمیں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔ لاہور سمیت ملک بھر میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم شروع کی جائے، درختوں کی کٹائی روکی جائے اور موجودہ جنگلات کو محفوظ بنانے کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ انھوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ حکومت، متعلقہ محکموں اور ماحولیاتی تحفظ کے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسدادِ سموگ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، صنعتی یونٹس، بھٹوں اور فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف عملی اقدامات کئے جائیں ۔ ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کی جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گھروں سے باہر نکلتے وقت معیاری ماسک استعمال کریں، بچوں اور بزرگوں کو خصوصی احتیاط میں رکھیں اور گھروں میں کھڑکیاں بند رکھنے سمیت طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کریں۔
مزید پڑھیں




