منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

طاقت،سیاست اور بدلتی عالمی بساط،تحریر:راؤ غلام مصطفٰی

نقطہ نظر

ڈونلڈ ٹرمپ عصرِ حاضر کی ایسی غیر معمولی سیاسی شخصیت ہیں جنہوں نے امریکی اقتدار کے ایوانوں سے اٹھنے والی پالیسیوں کے ذریعے عالمی نظام کے روایتی تصورات کو نئی آزمائش سے دوچار کیا۔ امریکہ فرسٹ کا نعرہ محض انتخابی سیاست کا جملہ نہیں تھا بلکہ اس کے پس منظر میں ایک ایسا سیاسی فلسفہ کارفرما تھا۔ جس نے عالمی تعلقات، معاشی شراکت داریوں اور دفاعی اتحادوں کی بنیادوں کو نئے سرے سے پرکھنے پر مجبور کر دیا۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ ٹرمپ کے بعد دنیا کس سمت سفر کرے گی اور کیا امریکہ اپنی روایتی عالمی قیادت کا وقار دوبارہ حاصل کر پائے گا؟دوسری جنگِ عظیم کے بعد امریکہ نے جس عالمی نظام کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا، وہ کئی دہائیوں تک بین الاقوامی سیاست کا مرکزی حوالہ رہا۔ اقوام متحدہ، عالمی مالیاتی ادارے، نیٹو اور آزاد تجارت کے تصورات اسی نظام کے اہم ستون تھے۔ ٹرمپ نے اس روایتی نظام کو چیلنج کرتے ہوئے امریکی مفادات کو عالمی ذمہ داریوں پر مقدم رکھا۔ ان کی پالیسیوں میں سفارت کاری سے زیادہ سودے بازی اور مفاہمت سے زیادہ دباؤ نمایاں رہا۔ کارنیگی انڈومنٹ کی جون 2026ء کی تحقیق بھی اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ عالمی اداروں سے مکمل علیحدگی کے بجائے انہیں امریکی مفادات کے مطابق ڈھالنے کی حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہے۔امریکی سیاست میں 5 نومبر 2026ء کے وسط مدتی انتخابات نے اس منظرنامے کو نیا موڑ دیا ہے۔ کانگریس کے دونوں ایوانوں میں ریپبلکن پارٹی کی شکست اور ڈیموکریٹس کی اکثریت نے ٹرمپ کی داخلی سیاسی پوزیشن کو چیلنج کر دیا ہے۔ آنے والے دو برس اس اعتبار سے اہم ہوں گے کہ ٹرمپ اپنی حکمت عملی میں لچک پیدا کرتے ہیں یا سیاسی محاذ آرائی کو مزید گہرا کرتے ہیں۔دوسری جانب چین عالمی سیاست کے افق پر ایک ایسی قوت بن کر ابھر رہا ہے جسے نظرانداز کرنا ممکن نہیں رہا۔ صنعتی ترقی، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، دفاع اور عالمی تجارت میں چین کی پیش رفت نے مغربی دنیا کے لیے نیا تزویراتی چیلنج پیدا کر دیا ہے۔روس اور یوکرین کی جنگ نے یورپ کے امن و سلامتی کے تصورات کو متزلزل کر دیا ہے۔ امریکی عسکری تحفظ پر انحصار کرنے والے یورپی ممالک اب اپنی دفاعی خودمختاری کے بارے میں نئے سرے سے سوچنے پر مجبور ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کے متغیر رویے نے یورپی قیادت کو احساس دلایا ہے کہ عالمی سیاست میں مستقل دوستوں سے زیادہ مستقل مفادات کی اہمیت ہوتی ہے۔ فرانس، جرمنی اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک دفاعی خودانحصاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔ دوسری جانب روس بھی یوکرین کے معاملے میں اپنے تزویراتی مفادات سے دستبردار ہونے کے لیے تیار دکھائی نہیں دیتا۔ ایسے حالات میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہوگا جب مذاکرات میں یوکرین کی خودمختاری اور یورپی سلامتی کو بنیادی اہمیت دی جائے۔مشرقِ وسطیٰ بھی عالمی طاقتوں کی کشمکش کا اہم مرکز بن چکاہے۔ ایران،امریکہ کے درمیان کشیدگی، اسرائیل اور فلسطین کا تنازع، غزہ کی تباہ کن صورت حال اور آبنائے ہرمز کی اہمیت عالمی معیشت پر براہِ راست اثرانداز ہو رہی ہے۔ خلیجی ریاستیں امریکہ کے ساتھ دفاعی تعلقات برقرار رکھتے ہوئے چین، بھارت اور دیگر طاقتوں سے معاشی و سفارتی روابط بڑھا رہی ہیں۔ یہ طرزِ عمل اس حقیقت کا اظہار ہے کہ دنیا اب کسی ایک عالمی طاقت پر مکمل انحصار کے بجائے متوازن تعلقات کو ترجیح دے رہی ہے۔ بدلتے منظرنامے میں برکس، یورپی یونین اور عالمی جنوب کے ممالک کی اہمیت میں اضافہ ہورہا ہے۔ جب کہ برازیل، بھارت، جنوبی افریقہ، ترکی اور سعودی عرب جیسی ریاستیں عالمی فیصلہ سازی میں زیادہ مؤثر کردار کی خواہاں ہیں۔اصل حقیقت یہ ہے کہ ٹرمپ کے بعد کی دنیا کسی ایک نئی سپر پاور کے تابع ہونے کی بجائے طاقتوروں کے درمیان مقابلے اور مفاہمت کے نئے مراحل سے گزر سکتی ہے۔اس تبدیلی کی رفتار اور سمت کا تعین ممکن نہیں۔امریکہ کے پاس اب بھی غیر معمولی عسکری،مالیاتی اور تکنیکی قوت موجود ہے۔چین معاشی و صنعتی میدان میں خود کو مستحکم کر رہا ہے۔جب کہ روس،یورپ اور علاقائی طاقتیں بھی اپنے مفادات کے لئے سرگرم ہیں۔پاکستان کے لیے یہ بدلتی عالمی بساط قومی سلامتی، معاشی بقا اور سفارتی مستقبل سے جڑا ایک اہم امتحان ہے۔ امریکہ کے ساتھ تعلقات، چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری، سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے معاشی روابط اور بھارت و افغانستان کے حوالے سے علاقائی سلامتی ہماری خارجہ پالیسی کے بنیادی ستون ہیں۔ پاکستان کو کسی ایک عالمی طاقت کے کیمپ میں محدود ہونے کے بجائے قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے متوازن اور دوراندیش سفارت کاری اختیار کرنا ہوگی۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری، علاقائی تجارت، توانائی کے منصوبوں اور وسطی ایشیا تک رسائی کے امکانات کو عملی کامیابیوں میں تبدیل کرنا بھی ناگزیر ہے۔ عالمی سیاست میں احترام کا مقام صرف جغرافیائی اہمیت سے نہیں بلکہ مضبوط معیشت، مستحکم اداروں اور مستقل پالیسیوں سے حاصل ہوتا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ ٹرمپ کے بعد کی دنیا کسی ایک نئی سپر پاور کی مکمل بالادستی کے بجائے متعدد عالمی قوتوں کے درمیان مقابلے اور مفادات کی کشمکش سے عبارت ہو سکتی ہے۔ امریکہ کی عسکری، مالیاتی اور تکنیکی قوت اپنی جگہ مسلم ہے، چین معاشی و صنعتی میدان میں آگے بڑھ رہا ہے۔تاریخ کا سبق یہی ہے کہ طاقت کا نشہ عارضی اور اقتدار کی مسند ناپائیدار ہوتی ہے۔ زمانہ بدلتا ہے، کردار تبدیل ہوتے ہیں اور طاقت کے مراکز بھی گردشِ ایام کے ساتھ اپنی جگہ بدلتے رہتے ہیں۔ ٹرمپ کا سیاسی عہد اپنے پیچھے جو سوالات اور تبدیلیاں چھوڑ جائے گا۔ان کے اثرات آنے والے برسوں تک محسوس کیے جاتے رہیں گے۔ مستقبل کی عالمی بساط پر کامیابی اسی ریاست کو حاصل ہوگی جو طاقت کے اظہار کے بجائے حکمت و تدبر، تصادم کے بجائے مکالمے اور وقتی مفادات کے بجائے دیرپا قومی و عالمی مفادات کو ترجیح دے گی۔