تسلی کے چند بول، تحریر: ردا فاطمہ اعوان
نقطہ نظرپہلے ایسا ہوتا تھا کہ لوگ ایک دوسرے سے بات کرتے تھے، ایک دوسرے کے حالات جاننے میں دلچسپی لیتے تھے۔ اگر کسی کے لیے کچھ کر نہیں سکتے تھے تو کم از کم چند بولِ تسلی ہی کہہ دیتے تھے۔ دل سے نکلے ہوئے الفاظ میں بڑی طاقت ہوتی ہے۔ کبھی کبھی یہی چند الفاظ کسی ٹوٹتے ہوئے انسان کو سنبھلنے کا حوصلہ دے دیتے ہیں، کسی مایوس دل میں امید کی شمع روشن کر دیتے ہیں اور کسی تھکے ہوئے وجود کو یہ احساس دلا دیتے ہیں کہ وہ اس دنیا میں بالکل تنہا نہیں ہے۔
مگر اب ہم نے اپنے گرد و نواح میں موجود لوگوں سے ملنا، ان سے بات کرنا، ان کے حالات جاننا اور ان کی زندگی میں دلچسپی لینا چھوڑ دیا ہے۔ ہم ایک دوسرے کے درمیان رہتے ضرور ہیں مگر ایک دوسرے سے بہت دور ہو چکے ہیں۔ ہمارے پاس دنیا بھر کی خبروں کے لیے وقت ہے، سوشل میڈیا پر گھنٹوں گزارنے کی فرصت ہے، دوسروں کی زندگیوں پر تبصرے کرنے کا وقت ہے، مگر کسی اپنے کے پاس بیٹھ کر اس کا حال پوچھنے کے لیے چند منٹ نہیں ہیں۔
ہم دیکھ رہے ہوتے ہیں کہ کوئی شخص جو کبھی بہت ہنستا تھا، اب اداس رہنے لگا ہے۔ اس کی گفتگو بدل گئی ہے، اس کے چہرے کی رونق کہیں کھو گئی ہے، مگر ہم اپنے مصروف شیڈول سے دو منٹ نکال کر اس کی پریشانی سننے کی زحمت نہیں کرتے۔ اسے ایک دلاسہ نہیں دے سکتے۔ الٹا یہ کہہ کر خود کو مطمئن کر لیتے ہیں کہ یہ اس کی زندگی ہے، ہمیں اس سے کیا؟ یا پھر اس کی اداسی کو اس کی عادت قرار دے کر نظر انداز کر دیتے ہیں۔
کوئی حد سے زیادہ ہنسنے لگے تو ہم اسے خوش سمجھنے لگتے ہیں۔ حالاں کہ ہم جانتے ہوتے ہیں کہ یہ اس کی فطرت نہیں تھی، اس کے مزاج میں یہ تبدیلی اچانک نہیں آئی، مگر ہم اس ہنسی کے پیچھے چھپی کیفیت جاننے کی کوشش نہیں کرتے۔ بعض اوقات انسان اپنے اندر کے شور کو دبانے کے لیے باہر بہت شور مچاتا ہے۔
کوئی خاموش ہو جائے تو ہم اسے اس کے حال پر چھوڑ دیتے ہیں۔ اس کی خاموشی کو اس کی مرضی سمجھ کر آہستہ آہستہ اس سے رابطہ ختم کر دیتے ہیں، یہاں تک کہ ایک وقت ایسا آتا ہے جب ہمیں اس کی غیر موجودگی بھی محسوس نہیں ہوتی۔
اور اگر کوئی زندگی سے مایوسی کی بات کرے تو ہم اسے سننے کے بجائے جج کرنے لگتے ہیں۔ اس کی کیفیت کو سمجھے بغیر نصیحتوں کے انبار لگا دیتے ہیں، فتوے لگانے لگتے ہیں اور اسے کمزور قرار دے کر سارے زمانے کے برے حالات والے لوگوں کے قصے کہانیاں سنا کر کہتے ہیں کہ تم اکیلے نہیں ساری دنیا مشکل زندگی گزار رہی ہے۔ ہم بھول جاتے ہیں کہ ہر انسان کی برداشت، حالات اور اندرونی جنگ الگ ہوتی ہے۔ کوئی بھی ایک پل میں ناامید نہیں ہوتا۔ اس مقام تک پہنچنے سے پہلے اس نے ایک طویل سفر طے کیا ہوتا ہے، کئی آزمائشوں سے گزرا ہوتا ہے اور نہ جانے کتنی ایسی جنگیں لڑی ہوتی ہیں جن کا کسی کو علم تک نہیں ہوتا۔
جب کوئی ہمارے درمیان نہیں رہتا تو ہمیں اس کی خاموشی یاد آنے لگتی ہے۔ اس کے رویوں میں تبدیلی کے قصے یاد آتے ہیں۔ ہم افسوس کرتے ہیں کہ کاش وہ کچھ کہہ دیتا، کاش ہم اس کی بات سن لیتے، کاش ہم اس کا حال پوچھ لیتے۔ مگر حقیقت میں وہ سب کچھ ہوا ہمارے سامنے ہی ہوتا ہے تب ہمیں کوئی فرق پڑتا ہی نہیں۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ بہت سی چیزوں کا ہمارے پاس حل نہیں ہوتا، کسی کی تکلیف کا علاج ہمارے پاس نہیں ہوتا، کسی کے مسئلے کو حل نہیں کر سکتے، مگر کسی کو توجہ سے سننا، اس کے احساسات کا احترام کرنا اور اسے تنہا نہ چھوڑنا ہمارے اختیار میں ضرور ہے۔ کسی کے بدلتے ہوئے رویے کو محض ضد، عادت یا ڈراما سمجھنے کے بجائے اس کے پیچھے چھپی وجہ جاننے کی کوشش تو کر سکتے ہیں۔
انسان کو ہمیشہ مالی مدد یا بڑے احسانات کی ضرورت نہیں ہوتی، کبھی کبھی اسے صرف ایک ایسا شخص چاہیے ہوتا ہے جو بغیر فیصلہ سنائے اس کی بات سن سکے۔
اس لیے لوگوں کے جانے کے بعد ان کی کمی محسوس کرنے کے بجائے، ان کے ہوتے ہوئے ان کی موجودگی کی قدر کیجیے۔ کیونکہ بعض اوقات ایک بروقت پوچھا گیا سوال، ایک مخلصانہ جملہ اور چند لمحوں کی توجہ کسی کی زندگی میں وہ معنی رکھتی ہے جس کا اندازہ ہمیں کبھی نہیں ہو سکتا۔
مزید پڑھیں





