پی سی ہوٹلز کی مالک کمپنی کی تنظیم نو، ٹھٹہ سیمنٹ اور فوجی فاؤنڈیشن میں معاہدہ طے

ٹھٹہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے پرل کانٹینینٹل (پی سی) ہوٹلز کی چین کی مالک اور منتظم کمپنی پاکستان سروسز لمیٹڈ کی مجوزہ تنظیم نو کے سلسلے میں فوجی فاؤنڈیشن کے ساتھ ایک حتمی معاہدہ کرلیا ہے۔
سیمنٹ بنانے والی کمپنی نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائی گئی ایک دستاویز میں اس پیش رفت کا انکشاف کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹھٹہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے پاکستان سروسز لمیٹڈ کی مجوزہ تنظیم نو کے حوالے سے فوجی فاؤنڈیشن کے ساتھ حتمی معاہدہ کیا ہے، تاہم اس پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ کمپنیوں، ریگولیٹری اداروں اور دیگر ضروری منظوریوں کا حصول لازمی ہوگا۔
یہ پیش رفت فوجی فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان سروسز لمیٹڈ میں 19.70 فیصد حصص تقریباً 6.55 ارب روپے، یعنی 23.7 ملین ڈالر میں حاصل کرنے کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔
فوجی فاؤنڈیشن نے 2 نومبر 2026 کو پاکستان سروسز کے 6,406,797 ووٹنگ شیئرز فی حصص 1,022.42 روپے میں خریدے، جس کے بعد کمپنی میں اس کی مجموعی حصص داری ووٹنگ شیئرز کے 19.70 فیصد تک پہنچ گئی۔
پاکستان سروسز لمیٹڈ کا قیام 1958 میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر عمل میں آیا تھا۔ کمپنی کا بنیادی کاروبار پرل کانٹینینٹل ہوٹلز کی چین کی ملکیت اور انتظام ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی اپنے ٹریڈ مارک اور نام کے استعمال کے لیے فرنچائز بھی دیتی ہے اور لاہور میں نسبتاً کم بجٹ کا ایک ہوٹل بھی چلاتی ہے۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران کمپنی کی حصص داری میں نمایاں تبدیلیاں ہوئی ہیں۔
گزشتہ سال جولائی میں اے کے ڈی گروپ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے پاکستان سروسز لمیٹڈ میں 27.95 فیصد حصص 6.36 ارب روپے سے زائد میں حاصل کیے تھے۔ اسی روز داؤد جان محمد نے بھی کمپنی کے 28 فیصد ووٹنگ شیئرز فی حصص 700 روپے میں خریدے تھے۔
اس کے بعد ٹھٹہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے پاکستان سروسز لمیٹڈ میں 28 فیصد حصص 6.45 ارب روپے میں، یعنی فی حصص 710 روپے کے حساب سے حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ستمبر 2026 میں ٹھٹہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ التوا معاملے کو باہمی رضامندی سے حل کرنے کے لیے پاکستان سروسز لمیٹڈ کی مجوزہ تنظیم نو پر اصولی اتفاق کیا تھا۔
مزید پڑھیں


پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی


قصور،شہر و گردونواح میں سموگ کی خطرناک صورتحال

