روس، یوکرین جنگ دنیا کیلئے تباہ کن، فوری خاتمہ ضروری ہے، ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے باعث روس اپنی ڈیزل آئل انڈسٹری پر کنٹرول کھو چکا ہے۔ ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ روس کی متعدد ڈیزل ریفائنریز تباہ ہو چکی ہیں اور کم از کم عارضی طور پر بند ہیں۔ ان کے مطابق روس، یوکرین جنگ کے باعث پوری دنیا متاثر ہو رہی ہے اور ہر ماہ تقریباً 25 ہزار افراد، جن میں اکثریت فوجیوں کی ہے، مارے جا رہے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان یہ بے مقصد اور نہ ختم ہونے والی جنگ ختم ہونی چاہیے۔ ٹرمپ اس سے قبل بھی یوکرین پر روسی ریفائنریز کو نشانہ نہ بنانے پر زور دے چکے ہیں، جبکہ ان کا کہنا ہے کہ ایسے حملوں سے عالمی ڈیزل سپلائی اور قیمتیں متاثر ہو رہی ہیں۔
ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا کی رسائی سے متعلق تنازع پر بھی مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ آزاد صحافت کے خلاف نہیں بلکہ جعلی خبروں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا میں جعلی خبریں کینسر کی طرح پھیل چکی ہیں اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن گئی ہیں، اس لیے جعلی خبروں کا سلسلہ فوری طور پر روکنا ہوگا۔





