منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

استاد،آپ سبق پڑھاتے ہیں یا خوف پیدا کرتے ہیں؟ تحریر: مبراء عبدالقیوم

نقطہ نظر
mubarra qayoum

بچے کا روتا ہوا چہرہ ماں کے لیے دنیا کا سب سے مشکل منظر ہوتا ہے، خصوصاً جب اس کی آنکھوں میں آنسوؤں کی وجہ وہ شخص ہو جسے والدین نے اس کی تربیت اور تعلیم کی ذمہ داری سونپی ہو۔ آج ایک بار پھر ایک بچہ روتا ہوا گھر آیا۔ وجہ وہی تھی: سبق یاد نہیں تھا۔ یا شاید یاد تھا مگر وقت پر ذہن میں نہ آ سکا۔ استاد نے مارا، ڈانٹا اور بچہ اپنے ساتھ ایک نیا خوف لے کر گھر آیا۔

وہ ماں سے کہنے لگا: "مما! مجھے آتا تھا، لیکن میں بھول گیا۔ باقی بچوں کو بھی نہیں آتا تھا مگر مجھے ہی مار پڑی۔"

یہ چند جملے بظاہر معمولی ہیں مگر ان کے پیچھے چھپا احساس بہت گہرا ہے۔

ہم اکثر بچوں کی تعلیمی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہیں، لیکن کیا کبھی ان کی ذہنی کیفیت کا جائزہ بھی لیتے ہیں؟ کیا ہم نے سوچا ہے کہ ایک بچے کو بار بار یہ احساس دلانا کہ اسے کچھ نہیں آتا، وہ کچھ یاد نہیں رکھ سکتا، اس کا ذہن کمزور ہے، اس کی خود اعتمادی کو کس حد تک متاثر کر سکتا ہے؟

بچہ جب بار بار ایک ہی بات سنتا ہے تو بعض اوقات اسے سچ ماننے لگتا ہے۔ پھر وہ سبق یاد کرنے سے پہلے ہی خوف زدہ ہو جاتا ہے۔ اسے کتاب کھولتے ہوئے بھی یہی خیال ستاتا ہے کہ اگر بھول گیا تو کیا ہوگا؟ اگر جواب نہ دے سکا تو پھر مار پڑے گی؟

یہاں ایک سوال پیدا ہوتا ہے: کیا تعلیم کا مقصد بچے کے ذہن میں خوف بٹھانا ہے یا اس کے اندر سیکھنے کی خواہش پیدا کرنا؟

استاد کا مقام بہت بلند ہے۔ والدین اپنے بچوں کو اس اعتماد کے ساتھ اسکول بھیجتے ہیں کہ وہاں انہیں علم کے ساتھ اچھے اخلاق، برداشت اور زندگی گزارنے کا سلیقہ بھی سکھایا جائے گا۔ لیکن اگر استاد ہی بچے کے لیے خوف کی علامت بن جائے تو پھر اس اعتماد کا کیا ہوگا؟ ہم یہ تسلیم کرتے ہیں کہ استاد کے لیے تیس، چالیس بچوں کو ایک ساتھ پڑھانا آسان نہیں ہے۔ ہر بچے کی ذہنی استعداد مختلف ہوتی ہے۔ کوئی جلدی سیکھتا ہے، کسی کو بار بار سمجھانا پڑتا ہے، کوئی فوراً جواب دے دیتا ہے اور کوئی جانتے ہوئے بھی سب کے سامنے بول نہیں پاتا ہے۔ یہی تو استاد کی تربیت اور قابلیت کا امتحان ہے کہ وہ ہر بچے کو اس کی ضرورت کے مطابق سمجھ سکے۔ سبق یاد نہ ہونا تعلیمی کمی ہو سکتی ہے، لیکن مارنا اس کمی کا علاج بالکل نہیں ہے۔

اور والدین سے بھی ایک گزارش ہے کہ اپنے بچوں کی بات سنیں۔ ان کے خوف کو معمولی نہ سمجھیں۔ اگر کوئی استاد مسلسل بچے کی تذلیل کرتا ہے یا جسمانی سزا دیتا ہے تو خاموش رہنے کے بجائے اسکول انتظامیہ سے بات کریں۔ بچے کی تعلیم اہم ہے مگر اس کی عزتِ نفس اور ذہنی آسودگی بھی اتنی ہی اہم ہے۔

استاد محترم! آپ کے سامنے بیٹھا بچہ کوئی مشین نہیں کہ ہر سبق ہر روز ایک ہی رفتار سے یاد کر لے۔ وہ ایک انسان ہے، اس کے احساسات ہیں، اس کی اپنی صلاحیتیں ہیں، اس کے سیکھنے کی اپنی رفتار ہے۔

آپ کے ایک اچھے جملے سے اس کا حوصلہ بلند ہو سکتا ہے اور آپ کے ایک تلخ جملے سے وہ اپنے آپ کو ناکارہ سمجھنے لگ سکتا ہے۔

یاد رکھیے! بچے کو سبق بھولنے پر دوبارہ پڑھایا جا سکتا ہے مگر اس کے اندر سے پیدا ہونے والا خوف ختم کرنے میں بہت وقت لگ سکتا ہے۔ ہمیں ایسے استاد چاہییں جو بچوں کو صرف کتابیں پڑھنا نہ سکھائیں بلکہ انہیں اپنی صلاحیتوں پر یقین کرنا بھی سکھائیں۔

کیونکہ اسکول سے واپس آنے والا بچہ صرف سبق لے کر نہیں آتا، وہ اپنے استاد کے رویے کا اثر بھی اپنے ساتھ گھر لاتا ہے۔ اور کبھی کبھی ایک ماں اپنے بچے کے بستے سے زیادہ اس کے دل کا بوجھ ہلکا کرنے میں مصروف ہوتی ہے۔ تعلیم دیجیے، خوف نہیں۔ اصلاح کیجیے، تذلیل نہیں۔ بچے کا مستقبل بنائیے، اس کا اعتماد مت توڑیے۔