پیر، 9 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وکیل خصوصی ،تحریر:صغیرجعفری

نقطہ نظر
saghir h jafry

دستور زمانہ ہے کہ جب ہم کسی مسئلے میں بری طرح پھنس جاتے ہیں تو اس مسئلہ سے نکلنے کے لئے کوئی بااثر۔معتبر اور طاقت ور مدد گار ڈھونڈتے ہیں۔اگر کسی دنیاوی مقدمے میں جکڑے جاتے ہیں تو پھر اس کے لئے انتہائی قابل اور چوٹی کے ذہین ترین وکیل کا انتخاب کرتے ہیں تو آئیں دینی و دنیاوی صورت حال میں

میں آپ کو ہر لحاظ سے کامل و اکمل حقیقی مدد گار و وکیل کامل کے بارے میں بتاتا ہوں

کیا آپ جانتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کا ایک ایسا نام بھی ہے جو انسان کی ہر طرح کی ذہنی بے چینی اور پریشانی کو پل بھر میں ختم کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے؟


ہم ان چیزوں کے بارے میں سوچ سوچ کر راتوں کی نیندیں حرام کر لیتے ہیں جو ابھی تک پیش ہی نہیں آئی ہوتیں ۔


”میرا مستقبل کیا ہوگا؟“


”میری شادی کس سے ہوگی اور میری شادی شدہ زندگی کیسی گزرے گی؟“


”میرے کتنے بچے ہوں گے اور ان کی تربیت کیسے ہوگی؟ میں کتنا کما پاؤں گا؟ میرا گھر کیسا ہوگا؟“


یہ اور اس جیسے سینکڑوں سوالات ہمارے ذہن پر حاوی رہتے ہیں، ذہنی دباؤ اور بے چینی انسان کو غیر یقینی صورتِ حال کے خوف میں مبتلا کر دیتی ہے۔ لیکن اس پریشانی کا علاج خود ہمارے رب کریم نے ہمیں سکھایا ہے۔


اللہ تعالیٰ کا یہ مبارک نام ہے: ”الْوَكِيلُ“ یعنی تمام کاموں کو سنبھالنے والے، بہترین کارساز اور ہر معاملے میں بھروسا کیے جانے کے لائق۔


جب آپ ”الْوَكِيلُ“ کی حقیقت کو سمجھ لیتے ہیں تو آپ کا بوجھ وہیں سے ہی ہلکا ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے رزق، ہماری اولاد، ہماری زندگی اور ہماری عمر کے تمام معاملات سے بخوبی واقف ہیں


اور سوچیں، جب کائنات کے سب سے بڑے مالک خود آپ کے معاملات کے نگہبان ہوں، تو پھر بھلا انسان کو کس بات کا ڈر؟ وہ انسان اپنی ذمہ داری کو نہ صرف پورا کرتا ہے بلکہ بہترین انداز میں نبھاتا بھی ہے۔


احادیث کی تعلیمات کی روشنی میں توکل کی حقیقت کو سمجھیں کہ جب کوئی بندہ سچے دل سے کہتا ہے:


”حَسْبُنَا اللّٰهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ“


ترجمہ: اللہ تعالٰی ہمارے لیے کافی ہیں اور وہی بہترین کارساز ہیں


تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ بندے نے اپنی زندگی کی باگ ڈور، اپنے تمام اختیارات اور تمام تفکرات اللہ تعالٰی کے سپرد کر دیئے ہیں۔ بندہ اللہ پاک پر بھروسا کرتا ہے، اسباب اختیار کرتا ہے اور اپنے معاملات اسی رب کے حوالے کر دیتا ہے۔ یہی توکل دل کو سکون اور حوصلہ عطا کرتا ہے۔


یہ صرف الفاظ نہیں ہیں، بلکہ توکل اور اللہ پر کامل بھروسا ظاہر کرنے والے عظیم کلمات ہیں۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بھی اس وقت اللہ پر بھروسا کیا جب انہیں آگ میں پھینکا جا رہا تھا۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت سے اس آگ کو ان کے لیے ٹھنڈا اور سلامتی والی بنا دیا * كوني بردا" و سلاما على ' ابراہیما * ۔ یہ واقعہ ہمیں سکھاتا ہے کہ جب تمام راستے بند ہو جائیں اور کچھ دکھائی نہ دے تب بھی اللہ کی رحمت سے مایوس نہیں ہونا چاہیے۔


جب بھی آپ کو سکون نہ ملے۔ پریشانی غالب آ جائے۔مستقبل کا کوئی ڈر کوئی خوف آپ کو ڈرانے لگے، اور جب بھی ذہن میں بے شمار سوالات بے چینی بن کر اٹکنے لگیں، تو فوراً رک جائیے۔ اپنے رب کو یاد کیجئے اور سچے دل سے اپنے رب کے سامنے اپنی پریشانی رکھ کر پکارئیے


حَسْبُنَا اللّٰهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ


اپنے معاملات اللہ تعالٰی کے سپرد کر کے سکون حاصل کیجئیے، کیونکہ جس کے کارساز و مدد گار اللہ تعالٰی ہوں اسے کسی بھی حال میں اپنے رب کی رحمت سے قطعی مایوس نہیں ہونا چاہیے۔


یا اللہ تعالٰی! ہمیں سچا توکل نصیب فرما دیجئے، اور ہمیں * توكلت على الله * پر قائم رہنے کی استقامت عطا فرما دیجئے

ہمارے تمام جائز معاملات میں آسانیاں پیدا فرما دیجئے اور ہمیں ہر حال میں اپنے فیصلوں پر راضی رہنے والا شاکر و صابر بنا دیجئے تاکہ اطاعت اور شکرگزاری ہماری عادت بن جائے ۔ آمین ثما آمین