بدھ، 11 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وہ جو کہہ نہ سکی ، میری طرف سے،تحریر:عظمیٰ شیخ

نقطہ نظر

میں یہ کالم کسی اور کی کہانی کے طور پر نہیں لکھ رہی۔ میں یہ کالم خود اپنی طرف سے ہرعورت کے دل کی بات لکھ رہی ہوں۔ کیونکہ وہ جو کہہ نہ سکی، وہ میں خود بھی ہوں۔ اور وہ سب جن کو اپنی زندگی میں بہت قریب سے اپ سب نے دیکھا ہے۔


میں نے بہت بار چاہا کہ میں اپنی بات کہہ دوں۔ اپنے دل کی بات کہہ دوں۔ اپنی تھکن بتا دوں۔ اپنی خواہش بتا دوں۔ مگر میں کہہ نہ سکی۔ کبھی حالات نے روکا۔ کبھی رشتوں کا خیال آڑے آ گیا۔ کبھی یہ سوچ کر چپ ہو گئی کہ کہیں میری بات سے کسی کا دل نہ دکھ جائے۔

میں ایک ماں ہوں میں نے اپنی ساری زندگی سب کے لیے گزاری ہے۔ میں نے سب کی پسند کا کھانا بنایا۔ سب کی تھکن اتاری۔ سب کے دکھ سنے۔ مگر میں کبھی یہ نہ کہہ سکی کہ میں تھک گئی ہوں۔ مجھے بھی آرام چاہیے۔ مجھے بھی محبت چاہیے۔ مجھے بھی کسی کے کندھے کی ضرورت ہے۔ میں نے اپنی پسند کو اپنے آنچل کی گرہ میں باندھ کر رکھ دیا۔ میں نے سوچا کہ ماں کو مانگنا نہیں چاہیے۔ ماں کو صرف دینا چاہیے۔


بحثیت بیوی میں نے شوہر کے گھر آ کر اپنا سب کچھ چھوڑ دیا۔ اپنا میکہ اپنی سہیلیاں اپنی آزادی میں نے چاہا کہ شوہر ایک بار میرے پاس بیٹھ کر میرا ہاتھ تھام کر پوچھیں تم تھک تو نہیں گئیں؟ مگر میں نہ کہہ سکی کہ مجھے تمہاری توجہ اور پیار چاہیے۔ مجھے بس تمہارے دو میٹھے بول چاہیے میں ڈر گئی کہ کہیں وہ یہ نہ سمجھے کہ مجھے ہر وقت شکوہ ہی رہتا ہے، اس لیے میں چپ ہو گئی میری چپ میں میری ساری محبت چھپی تھی۔


میں بیٹی بھی ہوں۔ میں نے اپنے ماں باپ کے لیے بہت کچھ سوچا بہت کچھ کرنا چاہا لیکن کبھی یہ نہ کہہ سکی کہ مجھے بھی سمجھیں مجھے بھی سنیں میں نے ان کی خوشی کے لیے اپنی خواہشاکو چپ چاپ قربان کر دیا۔


میں ایک بہن بھی ہوں، میں نے اپنے بھائی کے لیے دعائیں مانگیں، اس کی کامیابی کے لیے اپنی خواہشیں قربان کیں۔ لیکن کبھی میں اس سے یہ نہ کہہ سکی کہ بھائی مجھے بھی تمہاری ضرورت ہے, مجھے بھی تمہاری محبت چاہیے۔


میں یہ سب اس لیے لکھ رہی ہوں کہ میں جانتی ہوں کہ خاموشی کتنی بھاری ہوتی ہے جو بات کہی نہ جائے وہ دل میں گرہ بن جاتی ہے۔

وہ گرہ کبھی آنسو بن کر بہتی ہے کبھی غصہ بن کر بھڑکتی ہے۔ کبھی بیماری بن کر جسم کو کھا جاتی ہے۔ میں نے اس گرہ کو اپنے اندر محسوس کیا ہے۔


اپنی طرف سے آج میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ میں کمزور نہیں ہوں جو عورت کہہ نہ سکے وہ کمزور نہیں ہوتی وہ سب سے زیادہ مضبوط ہوتی ہے، کیونکہ وہ گھر کو بچانے کے لیے چپ رہتی ہے۔ وہ رشتوں کو بچانے کے لیے اپنی بات کو دل میں دفن کر لیتی ہے۔ اس کی خاموشی میں اس کی قربانی اس کی برداشت میں اس کی عظمت ہوتی ہے۔

اور میری طرف سے میں ان سب سے بھی کہنا چاہتی ہوں جو میرے آس پاس ہیں, میری خاموشی کو پڑھنا سیکھیں۔ میری آنکھوں میں جانکھیں ،میرے چہرے کی تھکن کو سمجھیں۔ مجھ سے ایک بار پوچھیں کہ بتاؤ، کیا بات ہے؟ میں سن رہا ہوں میں سن رہی ہوں یقین کریں آپ کا یہ ایک جملہ ساری عمر کی تھکن اتار دے گا۔


میں آج یہ کالم اپنی طرف سے اس لیے لکھ رہی ہوں کہ کل یہ پچھتاوا نہ رہے کہ کاش اس نے بتا دیا ہوتا کاش ہم نے پوچھ لیا ہوتا یہ کاش بہت بھاری لفظ ہے۔ اس سے بچنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ آج ہی ایک دوسرے کو سنیں۔

آخر میں میری طرف سے بس اتنا کہوں گی کہ وہ جو کہہ نہ سکی، اس کی خاموشی کو سن لیں۔ اس کے دل کو سمجھ لیں کیونکہ خاموشی بھی ایک زبان ہے۔ بس اسے سمجھنے والا دل چاہیے۔